سماج

اقلیت بن کر دیکھیے، اقلیتوں کے دکھ محسوس ہوں گے

جب تک میں پاکستان میں تھا، تو ذہن میں یہی تھا کہ ہم سب سے اچھی قوم ہیں، ہم سے اچھا اخلاق کسی کا نہیں، ہم سے زیادہ محنتی کوئی نہیں، اسلام کے پاسبان ہیں، اور دنیا ہمارے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔

اقلیت بن کر دیکھیے، اقلیتوں کے دکھ محسوس ہوں گے
اقلیت بن کر دیکھیے، اقلیتوں کے دکھ محسوس ہوں گے 

یہ سب خیالات میں پیدا ہوتے ہی ساتھ نہیں لے کر آیا تھا، یہ میرے ذہن میں بٹھائے گئے تھے، یہ خیالات میں نے اسکول سے سیکھے، مسجد سے سیکھے اور اپنے اردگرد کے ماحول سے سیکھے۔

Published: undefined

جب تک پاکستان میں تھے، ہمیشہ مسیحیوں کو اچھوت ہی سمجھا، اگر کسی نے ان کو گالی بھی دی تو ہمارے کان پر جوں تک نہ رینگی۔ کئی مرتبہ دیکھا کہ اگر کسی نے دوسرے کو گالی دینا ہوتی تو وہ اسے پنجابی میں عیسائی کہہ کر پکارتا۔ میں بارہویں جماعت تک پاکستان میں رہا اور زندگی بھر کبھی یہ نہیں سنا کہ آپ نے اقلیتوں کے ساتھ حسن سلوک کیسے کرنا ہے، ان کے حقوق کیا ہیں، انہیں کن ناموں سے نہیں پکارنا، ان کو بار بار مسلمان کرنے کی کوشش کریں تو وہ کیسا محسوس کرتے ہیں؟

Published: undefined

گلی میں چاچا بشیر مسیحی صفائی کا کام کرتے تھے، ان کے ساتھ سلام دعا تھی، لیکن یہ نجی نوعیت کی تھی۔ امی جی انہیں کھانا اور چائے پیش کیا کرتی تھیں لیکن اماں جی نے ان کے برتن الگ ہی رکھے ہوئے تھے۔ جرمنی آیا تو میں خود اچانک ایک اقلیت میں تبدیل ہو چکا تھا۔ یہاں میری عید تھی لیکن باقی سبھی کی نہیں تھی، یہاں میں ایک ''اچھوت‘‘ تھا، باقی سب غیر مسلم تھے۔ لیکن مجھے حیرت اس وقت ہوئی، جب میں یہاں بالکل تنہا تھا اور مجھے سب سے پہلا سہارا یہاں جرمن زبان پڑھانے والے اس استاد نے دیا، جو پروٹسٹنٹ پادری بھی تھا۔

Published: undefined

اس استاد نے مجھے ایک ہوسٹل میں رہائش بھی لے کر دی، میرے لیے جرمن زبان کا بندوبست بھی کیا، مجھے امی ابو سے ملنے پاکستان جانا تھا اور ٹکٹ کا بندوبست بھی کروایا۔ لیکن اس انسان نے کبھی مجھے یہ نہیں کہا یا محسوس کروایا کہ تم مسلمان ہو اور ہم سے الگ ہو یا تم مسیحت اختیار کر لو۔ بلکہ اس نے خود مجھے شہر کی مساجد کے ایڈریس فراہم کیے کہ تم نے مسلمانوں سے ملنا ہو تو یہاں جایا کرو۔

Published: undefined

اسی طرح ایک دن عید تھی۔ تب یہاں عید والے دن کی چھٹی نہیں ہوتی تھی، جرمنی میں یہ قانون ابھی چند برس پہلے ہی منظور ہوا ہے کہ مسلمان بچے اور دیگر ملازمین عید والے دن چھٹی لے سکتے ہیں۔ میں کلاس میں تھا کہ سوشیالوجی کے پروفیسر سے میں نے کہا کہ آج ہماری عید ہے اور میں عید کی نماز پڑھنے جانا چاہتا ہوں۔ اس نے فورا کہا کہ جاؤ، میں تمہیں ای میل سے لیکچر بھیج دوں گا، تم مجھے بھلا کل بتا دیتے؟

Published: undefined

اسی طرح زمانہ طالب علمی میں مجھے ایک کیفے میں نوکری ملی۔ میں جمعرات اور جمعے کو اس کافی شاپ میں ملازمت کرتا تھا۔ ابھی دوسرا یا تیسرا ہی جمعہ تھا کہ ایک دن میرے چہرے پر پریشانی دیکھ کر جرمن مالکن نے کہا کہ امتیاز سب خیریت ہے؟

Published: undefined

میں نے بتایا کہ میں مسلمان ہوں، یہ تیسرا جمعہ ہے، میں جمعہ پڑھنے نہیں جا سکا تو دل میں ایک عجیب سی کش مکش ہے۔ وہ فورا بولی کہ پریشان مت ہو، یہ گھنٹہ میں تمہاری جگہ کام سنبھالا کروں گی، تم اپنا جمعہ پڑھ کے آیا کرو۔ پھر جب تک میں وہاں کام کرتا رہا، اس خاتون نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا۔

Published: undefined

ابھی چار برس پہلے کی بات ہے۔ مجھے ترک مسجد کے باہر جرمن میاں بیوی ملے۔ ان کے ساتھ ایک پاکستانی مہاجر لڑکا بھی تھا۔ یہ لڑکا غیرقانونی طریقے سے جرمنی آیا تھا لیکن عمر ابھی اٹھارہ برس سے کم تھی۔ جرمن قانون یہ ہے کہ اٹھارہ برس سے کم عمر مہاجرین بچوں کو خواہش مند جرمن خاندانوں کے حوالے کیا جاتا ہے کیوں کہ مہاجر کیمپوں میں ایسے چھوٹے بچوں کے استحصال کا خطرہ ہوتا ہے۔

Published: undefined

وہ جرمن اس پاکستانی لڑکے کو باقاعدہ مسجد لائے کیوں کہ وہ مسلمان ہے اور وہ اپنے ہم مذہبوں سے مل سکے۔ میری گپ شپ ہوئی تو پتہ چلا کہ جرمن میاں بیوں نے ایک مصلہ اور قرآن بھی خرید کر دیا ہے تاکہ وہ اپنے مذہب کے مطابق زندگی گزار سکے۔

Published: undefined

ایسا نہیں ہے کہ جرمنی میں مسلمانوں کو کبھی نفرت انگیز جملوں کا حملوں کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ یہاں بھی انتہائی دائیں بازو کے شدت پسند موجود ہیں، جو مساجد کے دیواروں پر غلط کلمات لکھ جاتے ہیں، جو مسلم خواتین پر فقرے کستے ہیں، جو دیگر مذاہب یا رنگ و نسل کے لوگوں کو امتیازی سلوک کا نشانہ بناتے ہیں۔ لیکن اس چھوٹے سے طبقے کے خلاف باقی ملکی نظام، مذہب، حکومت اور لوگ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

Published: undefined

یہاں سرکاری اداروں میں سب برابر ہے، کبھی یہ نہیں کہا جائے گا کہ تم مسلمان ہو تو تمہیں یہ حق حاصل نہیں ہے، یا تم لوگ ایک الگ لائن بنا لو، یا تمہیں کبھی کوئی طنز کا نشانہ بنائے۔ یہاں تمام شہریوں کے حقوق برابر ہیں اور اتنے یکساں ہیں کہ آپ کو ایسے حقوق اسلام کے قلعے سعودی عرب، یو اے ای، ایران یا کسی دوسرے مسلم ملک میں بھی نہیں ملتے۔ پولیس یا عدالت کی مجال تک نہیں کہ وہ آپ کے ساتھ کوئی زیادتی کرے یا آپ کو کسی مقامی جرمن پر سبقت دے، قانون سب کے لیے برابر ہے اور ایسا نظر بھی آتا ہے۔

Published: undefined

میں جب پہلی مرتبہ جرمنی سے واپس گیا تھا تو یقین جانیے محلے میں صفائی کرنے والے لڑکوں کے بارے میں میرا نظریہ ہی بدل چکا تھا۔ مجھے پہلی مرتبہ احساس ہوا کہ اسی طرح اگر جرمنی میں صفائی کا کام صرف ہم جیسے مسلمانوں یا غیر ملکیوں کے لیے رکھ دیا جائے تو میں کیسا محسوس کروں گا؟ اگر مجھے بار بار مسلمان ہونے کا طعنہ دیا جائے تو میری عزت نفس کو کتنی ٹھیس پہنچے گی؟ اگر مجھے ہر وقت یہ خوف ہو کہ میرے گھر کو کبھی بھی کوئی جھتہ آگ لگا دے گا تو میں خود کو کتنا محفوظ محسوس کرتا؟ اگر یہ شرط رکھ دی جاتی کہ تم مسیحی ہو جاؤ تو پھر تمہاری مدد کی جائے گی تو یہ کتنا بڑا ظلم ہوتا؟

Published: undefined

اگر مجھے ملنے والے یہ کہہ دیتے کہ تم ہم جیسی عزت نہیں رکھتے، ہم تمہارے برتن الگ رکھ رہے ہیں تو میں دل ہی دل میں کتنا بے بس اور لاچار محسوس کرتا؟ جرمنی میں صرف چھ ماہ گزارنے کے بعد میرے دل میں اقلیتی لوگوں کے لیے ایک الگ ہی عزت و احترام تھا۔ اگر انسانیت نہیں ہے، آپ واقعی پتھر دل ہیں تو پھر آپ بھی کسی دن اقلیت بن کر دیکھیے، آپ کو اپنے اردگرد موجود اقلیتی افراد کے جذبات، ان پر کسے جانے والے فقروں، ان کے گھر مسمار کرنے، عبادت گاہوں کو جلانے اور ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا دکھ محسوس ہونا شروع ہو جائے گا۔

Published: undefined

نوٹ: ڈی ڈبلیو اردو کے کسی بھی بلاگ، تبصرے یا کالم میں ظاہر کی گئی رائے مصنف یا مصنفہ کی ذاتی رائے ہوتی ہے، جس سے متفق ہونا ڈی ڈبلیو کے لیے قطعاﹰ ضروری نہیں ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined