سماجی

12 ربیع الاول: امت مسلمہ کے لیے عہدو پیمان کا دن

آج 12 ربیع الاول جیسے مبارک موقع پرمسلم دنیا کو آپس میں متحد ہو کر چلنے کا عہد کرنا چاہئے۔ اگر یہ ایک ہوگئے تو دنیا میں نیا انقلاب برپا ہوجائے گا۔

عید میلاد النبیؐ کا جلوس
عید میلاد النبیؐ کا جلوس تصویر نواب علی اختر

ماہ ربیع الاول کو یہ شرف حاصل ہے کہ اس بابرکت مہینے میں سرکارِ خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفیؐ کی ولادت باسعادت بھی ہوئی اور آپ اسی مہینے اپنی دنیاوی زندگی مکمل کر کے مقامِ محمود پر فائز ہونے کے لیے اس دنیا سے پردہ کر گئے۔ ہم خاطی انسان اس نبیؐ برحق کی عظمت اور فضیلت کا صرف تصور ہی کرسکتے ہیں، کیونکہ بیان کرنا ممکن نہیں ہے، یایوں کہا جائے کہ اگر تمام درخت قلم بن جائیں، تمام سمندر سیاہی بن جائیں اور جنات حساب میں لگ جائیں اور تمام انسان لکھنے لگ جائیں تب بھی شان مصطفیٰؐ کو بیان نہیں کیا جاسکتا۔ قرآن میں خالق کائنات فرماتا ہے کہ میں اپنے اس نبی پر صلوة و سلام کرتا ہوں۔

Published: undefined

ایسے اہم اور خاص دن پر اس روئے زمین پر بسنے والے ہر انسان بالخصوص فدائین رسولؐ کو چاہئے کہ آج کے دن اپنا محاسبہ کریں۔ موجودہ وقت میں اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ پچھلے 12 ربیع الاول سے آج تک اپنے اعمال کا جائزہ لیا جائے اور آئندہ اس مدت کے لیے منصوبہ سازی کی جائے، مگرعادتاً مسلمانوں سے اس طرح کی امید کرنا خام خیالی ہوگا کیونکہ اس قوم کے لیے مشہور ہے کہ کھانا کھانے کے بعد مسلمان اس قدر نشے میں ہو جاتا ہے کہ اسے بستر کے علاوہ کچھ نظرہی نہیں آتا اور لیٹنے کے بعد اپنی تمام فکریں، غم، درد سے ایسے پیچھا چھڑا لیتا ہے جیسے یہ اس کی آخری رات ہے۔

Published: undefined

مسلمانوں کی یہ خصوصیت ہے کہ سب کو یہ تو معلوم ہے کہ ’دوسروں‘ کو کیا کرنا چاہیے لیکن خود کام میں اتنے مصروف ہوتے ہیں کہ ان کو ذرا بھی پتہ نہیں کہ انھیں کیا کرنا چاہیے، چنانچہ دن رات دوسروں کو سیدھی راہ پر لانے میں مصروف ہوتے ہیں، صبح اٹھتے ہی اس کوشش میں لگ جاتے ہیں کہ دوسروں کو سیدھے راستے پر لائیں۔ اس قوم کے اندر دوسروں کو راہ راست پر لانے، جنت الفردوس پہنچانے، مسلمان بنانے کا جذبہ اتنا شدید ہے کہ بیچارے خود اپنی طرف توجہ نہیں دے پاتے یعنی دوسروں کے کھیت کی سینچائی کرتے ہوئے اپنے ”کھیت“ کو بھول جاتے ہیں جو بنجر رہ جاتی ہے۔

Published: undefined

یہ ویسا ہی ہے جیسے ایک پرجوش مسلمان نے ایک کافر کو پکڑ کر، اس کی چھاتی پر بیٹھ کر گلا دباتے ہوئے کہا، کلمہ پڑھ، نیچے پڑے ہوئے کافر نے کہا، آپ بتائیں، میں پڑھتا ہوں، دوسروں کو مسلمان بنانے میں اسے اتنی فرصت کہاں تھی کہ ”کلمہ“ یاد رکھتا۔ چنانچہ اس نے دوچار تھپڑ اس کافر کو رسید کرتے ہوئے کہا۔ کیسے کافر ہو تم، کلمہ پڑھنا بھی نہیں آتا۔ مسلمانوں کی اور بھی بہت ساری صفات مشہور ہیں مگر دراصل ہمارا آج امت مسلمہ کو تبلیغ کرنا مقصود نہیں بلکہ گفتار کے غازی، کردار سے خالی لوگوں کو ان کے بزرگوں کی قربانیوں اور جدوجہد کی یاد دلانا ہے جو ایک تاریخ ہے۔

Published: undefined

اپنے دورِ زریں میں مسلمانوں نے دنیا میں نہ صرف انقلاب برپا کیا بلکہ لوگوں کے لیے سوچ کا ایک نیا زاویہ بھی دیا۔ سائنس مسلمانوں کی دین ہے، اس کے علاوہ مسلمانوں نے جو اہم ایجادات کیں ان میں گھڑی، علم فلکیات و ارضیات، کیمرہ، پیرا شوٹ، دوربین اور دوسری اشیاء شامل ہیں۔ یہ سب ایجادات اگرچہ مسلمانوں کی ہیں اور ہمیں اس پر فخر بھی کرنا چاہیے لیکن آخر کب تک؟ سوال یہ ہے کہ اس وقت مسلمان، دنیا میں تقریباً دو ارب ہیں، ان کا بنی نوع انسانوں کے لیے کیا کردار ہے؟ انھوں نے عصر حاضر میں کیا کوئی ایسی چیز ایجاد کی جو انسانیت کے لیے نفع بخش ہو؟ جو اب نفی میں ہوگا۔

Published: undefined

دوسری طرف مغرب، جس نے ماضی کی اپنی غلطیوں سے سبق سیکھا اور آج علم کی دنیا میں مستقل آگے جا رہا ہے۔ وہاں سے ہر روز نت نئی ایجادات سامنے آرہی ہیں۔ ایک طرف مغرب تحقیق کے کاموں میں مصروف ہے تو دوسری طرف ہم ابھی تک ماضی کی مثالیں دے دے کر تھکنے کے بجائے خوش ہو رہے ہیں۔ ہم یہ کہنے پر حق بجانب ہیں کہ علم کی دنیا میں ہم اہل مغرب سے کم از کم 100 سال پیچھے ہیں۔ آخر کیا وجہ ہے کہ ہم مسلسل پستی کی جانب گامزن ہیں؟ اگر دیکھا جائے تو اس کی کئی وجوہات ہیں جن پر قابو پانے کی صورت میں مسلمان ایک بار پھر اپنا اصل مقام حاصل کرسکتے ہیں۔

Published: undefined

ہمیں سب سے پہلے سیاسی اختلافات پر قابو پانا ہوگا، وہیں اس امت کا ایک اہم مسئلہ یہ بھی ہے کہ ہم مخالف مسلک کو مسلمان ہی نہیں مانتے۔ جس کی وجہ سے اختلافات مستقل بڑھتے چلے جا رہے ہیں اور ہم کمزور ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ تعلیمی اختلافات بھی اہم وجوہات میں سے ایک ہے۔ ابھی تک مسلم دنیا کوئی ایک ایسا تعلیمی نظام متعارف نہیں کرا سکی جہاں دینی و دنیاوی تعلیم ایک ساتھ ہوسکے۔ جبکہ ماضی میں کسی مسلم شخصیت کے بارے میں پڑھنے سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ دین کا عالم ہونے کے ساتھ ساتھ عصری علوم میں بھی مہارت رکھتا تھا۔ تحقیق ہر روز علم کے نت نئے دروازے کھولتی ہے۔

Published: undefined

ہمارے یہاں تحقیق ماضی میں کیے گئے کاموں (ہم نے یہ کیا، ہم نے وہ کیا) پر ہو رہی ہے۔ کوئی نیا کام نظر نہیں آ رہا، جس پر یہ کہا جاسکے کہ واقعی یہ معیاری کام اور معیاری تحقیق ہے۔ موجودہ حالات سے سبق لینے کی ضرورت ہے باوجود اس کے امت مسلمہ اپنے ماضی سے باہر نکلنے کے لیے تیار ہی نہیں ہے۔ سیاسی اختلافات ضرور کیجیے، لیکن یہ اختلافات مثبت تنقید کی صورت میں ہوں تو زیادہ بہتر ہے۔ اس سے مسلم دنیا نہ صرف قریب آئے گی بلکہ آگے بھی بڑھے گی۔ مذہبی اختلافات کی اصطلاح کو اگر ’مذہبی مودت‘ کر لیا جائے تو جو اتحاد ملت قائم ہوگا وہ شاید دنیا کے لیے کسی کامیابی سے کم نہ ہوگا۔

Published: undefined

مسلم دنیا کو چاہیے کہ ایک ایسا تعلیمی نظام متعارف کرائے جہاں دینی تعلیم کے ساتھ عصری علوم کی باقاعدہ تعلیم دی جائے جس میں سائنسی علوم پر تحقیق کی جائے، موجودہ دنیا سائنسی دنیا ہے۔ یہ وہ دنیا ہے جس میں ایک چھوٹا سا بچہ سائنس کی نہ صرف بنیادی معلومات رکھتا ہے بلکہ عملی تجربات بھی کرتا رہتا ہے۔ اس موقع پر اس کے سوالات (خاص کر مذہبی) کی حوصلہ افزائی کی جائے اور اسے ایسے دلائل جو اس کی عمر کی مناسبت سے ہوں، سے جوابات دیئے جائیں۔ اسی طرح وہ لوگ جو تنقیدی نگاہ رکھتے ہیں ان کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ علم کے دریچے مزید کھلتے چلے جائیں۔ آج 12 ربیع الاول جیسے مبارک موقع پرمسلم دنیا کو آپس میں متحد ہو کر چلنے کا عہد کرنا چاہئے۔ اگر یہ ایک ہوگئے تو دنیا میں نیا انقلاب برپا ہوجائے گا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined