پریس کانفرنس کا منظر
تصویر: پریس ریلیز
پٹنہ: 29 جون کو گاندھی میدان (پٹنہ) میں منعقد ہونے والی ’وقف بچاؤ، دستور بچاؤ کانفرنس‘ کی تیاریاں بڑی تیزی سے اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہے۔ امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ، جھارکھنڈ و مغربی بنگال کے زیر اہتمام ہونے والی اس تاریخی کانفرنس کی مجلس استقبالیہ کی جانب سے پٹنہ میں امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی سجادہ نشیں خانقاہ رحمانی مونگیر کی صدارت میں 17 جون 2025 کو ایک اہم پریس کانفرنس منعقد کی گئی۔ اس میں ملی تنظیموں کے ذمہ داران، خانقاہوں کے سجادگان، ائمہ کرام، استقبالیہ کمیٹی کے اہم ذمہ داران اور متعدد مسالک و مکاتب فکر کے قائدین نے شرکت کی اور متفقہ طور پر ’وقف بچاؤ، دستور بچاؤ‘ کانفرنس کو ہر طرح سے کامیاب بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Published: undefined
اس اجلاس کی کامیابی کے لیے پٹنہ سمیت مختلف شہروں اور قصبوں میں ذیلی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں ائمہ کمیٹی، خواص کمیٹی، مجلس استقبالیہ کمیٹی، میڈیا کمیٹی، نشر و اشاعت کمیٹی وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ ان تمام کمیٹیوں نے یک زبان ہو کر یہ پیغام دیا ہے کہ ’پٹنہ کی سرزمین وقف بچاؤ تحریک کی امین بنے گی‘۔ ماضی میں ’دین بچاؤ، دیش بچاؤ تحریک‘ کے دوران جس طرح پٹنہ نے خدمت، ضیافت اور نظم و ضبط کی مثال پیش کی تھی، اس بار بھی وہی نقش دہرانے کا اعلان کیا گیا۔
Published: undefined
اس موقع پر شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ وقف ترمیمی قانون نہ صرف آئینی خلاف ورزی ہے بلکہ وقف املاک پر منظم قبضے اور لوٹ کھسوٹ کی راہ ہموار کرتا ہے۔ اس قانون کے نفاذ کے بعد وقف کا بنیادی اسلامی تصور اور اس کی اصل اسلامی تعریفات ختم کر دی جائیں گی۔ وقف بورڈ کو ایک حکومتی ایجنسی میں تبدیل کرنے، لوگوں کے وقف کرنے کے اختیارات کو محدود تر کر دیا جائے گا۔ ہمارے خیر کی 1400 سالہ تاریخ کو مٹا دیا جائے گا اور ہمارے مدارس، مساجد، مقابر و قبرستان سب کو برباد کر دیا جائے گا۔ یہ تمام تبدیلیاں دراصل ایک منصوبہ بند سازش ہیں جس کے ذریعے مسلمانوں کے مذہبی، تعلیمی، سماجی و تاریخی ورثے کو مٹانے کی راہ بنائی جا رہی ہے۔ کانفرنس کا مقصد ان تمام سازشوں کو ناکام بنانا اور ایک متحد آواز میں حکومت ہند کو یہ پیغام دینا ہے کہ ’ہم دستور کے ساتھ ہیں، اور اپنے وقفی اداروں پر کسی قسم کی سیاسی یا قانونی شب خون کو برداشت نہیں کریں گے۔‘
Published: undefined
پریس کانفرنس کے اختتام پر تمام جماعتوں کے قائدین اور امارت شرعیہ کے نمائندگان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 29 جون کو اپنے گھروں سے نکلیں اور گاندھی میدان کو تاریخ کے سب سے بڑے پرامن، باوقار اور دستور پرست اجتماع میں بدل دیں۔
Published: undefined
واضح رہے کہ جب سے وقف ترمیمی بل کا مسئلہ اٹھا ہے اسی وقت سے امارت شرعیہ دیگر تمام ملی جماعتیں اور خانقاہیں اس بل کو یکسر مسترد کرنے کی جدو جہد میں ہمہ تن مصروف ہیں۔ سب سے پہلے جب جے پی سی نے وقف ترمیمی بل پر عوامی رائے طلب کی تو امارت شرعیہ نے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے لیے جے پی سی کو بذریعہ ای میل رائے بھیجنے کا مکمل نظام تیار کر کے دیا جس کے ذریعہ 3 کروڑ 65 لاکھ 7 ہزار 963 رائے جے پی سی کو بھیجی گئیں۔ اس کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈران سے ملاقات اور انہیں مفصل و مدلل میمورینڈم پیش کرنے کا سلسلہ شروع ہوا جس کا حکومت پر نمایاں اثر ظاہر ہوا۔ پھر پٹنہ کے باپو سبھاگار آڈیٹوریم میں ایک عظیم الشان ’تحفظ اوقاف کانفرنس‘ منعقد کی گئی جس میں بہار، اڈیشہ، جھارکھنڈ و مغربی بنگال کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں سے بھی خواص نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے وقف ترمیمی بل کے خلاف اپنی للکار کے ذریعہ مضبوط احتجاج درج کرایا۔
Published: undefined
اسی طرح اس مہم کو ضلع مجسٹریٹ سے وزیر اعلیٰ و رکن پارلیمنٹ تک رائے پہنچانےاور بل کے خلاف احتجاج درج کرانے کے لیے حضرت امیر شریعت بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ نے تمام قضاۃ کو ہدایت دی کہ وہ اپنے علاقہ کے ضلع مجسٹریٹ سے ملاقات کریں، انہیں آئینی نقطہ نظر کے ساتھ بل کے نقصانات سے آگاہ کریں اور میمورنڈم پیش کریں۔ اسی طرح امیر شریعت نے خود مختلف ملی جماعتوں کے ذمہ داران کے ساتھ اڈیشہ کے وفد کی معیت میں جے پی سی کے چیئرمین و ممبران سے ملاقات کر کے بل کی خرابیوں و خامیوں کی دو ٹوک انداز میں نشاندہی کی۔ اسی طرح بیداری مہم کو پنچایتوں تک پہنچانے کیلئے ورکشاپ کا سلسلہ شروع ہوا جس میں امیر شریعت نے کئی شہروں جیسے بنگلورو، حیدر آباد، کولکاتا، رانچی وغیرہ کے اسفار کیے اور بڑی تعداد میں مختلف طبقات سے وابستہ افراد کو جمع کر کے وقف ترمیمی بل پر اپنا تحقیقی پریزینٹیشن پیش کیا اور انہیں بل کے منفی نکات و مضمرات سے آگاہ کیا، ساتھ ہی انہیں ذمہ داری دی کہ وہ اپنے علاقے کی مساجد میں ورکشاپ منعقد کر کے ہر فرد کو اس سے باخبر کریں۔ یہ سلسلہ خاص طور پر اس طرح بھی جاری رہا کہ امارت شرعیہ اور خانقاہ رحمانی میں مختلف نشستوں میں علماء، ائمہ، قضاۃ، مختلف خانقاہوں کے سجادگان، مختلف مکاتب فکر کے ذمہ داران اور لیڈران وغیرہ کو جمع کر کے عظیم الشان ورکشاپ اور میٹنگ منعقد کی گئی اور انہیں ٹریننگ دے کر قیادت و سیادت کی ذمہ داری دی گئی اور لائحہ عمل تیار کیا گیا۔ اسی سلسلہ کو مزید تیز کرنے اور جاری رکھنے کے لیے یہ آن لائن سلسلہ شروع کیا گیا جو کامیابی کے ساتھ مختلف مراحل میں اختتام پذیر ہوا۔
Published: undefined
اس کے بعد جے پی سی کی میٹنگ میں اسٹیک ہولڈرس کی جانب سے یکسر وقف ترمیمی قانون کے مسترد کرنے کے باوجود وقف ترمیمی بل کو قانون بنا دیا گیا۔ اس کے خلاف بہار کے مختلف اضلاع میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور کسی ایک مرکزی مقام پر عظیم الشان احتجاجی جلسہ کا انعقاد ہوا۔ احتجاجی اجلاس جس میں لاکھوں لوگوں نے شرکت کی، اس میں ارریہ، بیگوسرائے، مدھوبنی، بیتیا، ڈھاکہ، سیتا مڑھی، سہرسہ، مونگیر، موتیہاری، دربھنگہ، کشن گنج وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ اب اس کے بعد 29 جون کو گاندھی میدان میں لاکھوں لوگ جمع ہو کر وقف ترمیمی قانون کے یکسر مسترد کرنے کا مطالبہ کریں گے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined