’عوام کو لمبی لائنوں میں لگانا بی جے پی حکومت کی عادت رہی ہے‘، ایل پی جی بحران پر کانگریس کا حملہ

کانگریس کے مطابق کچھ دن قبل تک مودی حکومت یہ ایجنڈا چلوا رہی تھی کہ ملک میں ایل پی جی (رسوئی گیس) کی کوئی کمی نہیں ہے۔ لیکن تصویریں جھوٹ نہیں بولتیں، ملک پر توانائی بحران منڈلا رہا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کا اثر اب پوری دنیا پر نظر آنے لگا ہے۔ ہندوستان بھی اس جنگ سے متاثر ہے، کیونکہ مہنگائی بڑھنی شروع ہو گئی ہے۔ خاص طور سے ایل پی جی کی بڑھی قیمتوں کے بعد اب ایل پی جی سلنڈرس کی کمی نے لوگوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ دہلی، ممبئی اور بنگلورو جیسے شہروں میں کئی ریستوران اس بحران کے سبب بند ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ اس معاملہ میں کانگریس نے مودی حکومت پر حملہ تیز کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کچھ ویڈیوز شیئر کر کانگریس نے فکر مندی ظاہر کی ہے اور مودی حکومت کی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔ کچھ مقامات پر کانگریس کارکنان کے ذریعہ مودی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کی گئی ایک پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’کچھ دن قبل تک مودی حکومت یہ ایجنڈا چلوا رہی تھی کہ ملک میں ایل پی جی گیس کی کوئی کمی نہیں ہے۔ لیکن تصویریں جھوٹ نہیں بولتیں...۔‘‘ کانگریس نے آگے لکھا ہے کہ ’’ملک پر توانائی بحران منڈلا رہا ہے، لیکن مودی حکومت کے وزیر اپنے لاپروا بیانات اور دلیلوں سے اسے جھٹلانے پر لگے ہیں۔‘‘


کانگریس نے اس پوسٹ کے ساتھ ایک پرائیویٹ ٹی وی چینل کی ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح لوگ ایل پی جی سلنڈر فلنگ کے لیے قطار میں لگے ہوئے ہیں۔ ویڈیو رپورٹ اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ کی ہے اور اینکر کہتا نظر آ رہا ہے کہ ’’نوٹ بندی کے وقت نقد حاصل کرنے کے لیے لوگوں کو اے ٹی ایم کے باہر قطار بند ہونا پڑا تھا۔ تب لوگوں نے سوچا بھی نہیں ہوگا کہ ایک دن ایل پی جی سلنڈر کے لیے بھی اسی طرح قطار بند ہونا پڑے گا۔‘‘ اس ویڈیو پر اپنا سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’ایل پی جی قلت کی خبروں سے عوام گھبرائی ہوئی ہے۔ لوگ اپنا کام دھندا چھوڑ کر دفتر سے چھٹی لے کر سلنڈر بھروانے پہنچے ہوئے ہیں۔‘‘

تلخ تیور اختیار کرتے ہوئے کانگریس نے اس پوسٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’عوام کو لمبی لائنوں میں لگنے پر مجبور کرنا بی جے پی حکومت کی عادت رہی ہے۔ نوٹ بندی کے دوران اے ٹی ایم کے باہر لائن، کووڈ-19 میں راشن دکانوں کے باہر لائن، اب رسوئی گیس کے لیے ایجنسی کے باہر لائن۔‘‘ ساتھ ہی کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’ایک کمزور، کمپرومائزڈ اور بلیک میل ہو رہے وزیر اعظم نے ملک کو پھر سے لائن میں کھڑا کر دیا ہے۔ شرم آنی چاہیے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔