مولانا محمود مدنی / ویڈیو گریب
نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اس بیان کی سخت مذمت کی ہے جس میں انھوں نے غزہ پر امریکی قبضے اور فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی کی تجویز دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ اعلان نہ صرف مضحکہ خیز ہے بلکہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔ مولانا مدنی نے کہا کہ غزہ کوئی زمین کا ٹکڑا نہیں بلکہ لاکھوں مظلوم فلسطینیوں کا آبائی وطن ہے جو کئی دہائیوں سے ظلم و ستم، قبضے اور جارحیت کا سامنا کر رہے ہیں۔
Published: undefined
مولانا مدنی نے کہا کہ فلسطینی عوام کو زبردستی ان کے گھروں سے بے دخل کرنے کی کوئی بھی کوشش انسانی حقوق پر براہ راست حملہ ہوگا۔ حالیہ اسرائیلی جارحیت اور دہشت گردی میں پچاس ہزار کے قریب معصوم جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ ایسے میں مزید غیر منصفانہ منصوبے فلسطینیوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہیں۔ یہ انتہائی شرم کی بات ہے کہ امریکی صدر ایک ظالم اور سفاک اسرائیلی حکمراں کے ساتھ وہائٹ ہاؤس میں اسٹیج شیئر کر رہے ہیں اور اس کے رنگ میں رنگ کر ایسا ظالمانہ منصوبہ پیش کر رہے ہیں جس پر اگر وہ خود بھی انسانیت کی ضمیر سے غور کریں گے تو شرمندہ ہو جائیں گے۔
Published: undefined
اس موقع پر جمعیۃ علماء ہند عالمی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ اور بااثر عالمی طاقتوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اس منصوبے کی کھل کر مخالفت کریں اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی بحالی کے لیے عملی اقدامات تیز کریں۔ ہندوستان نے ہمیشہ فلسطین کے حق میں اصولی مؤقف اختیار کیا ہے۔ ایسے میں ضروری ہے کہ وہ اپنے دیرینہ اصولی موقف پر قائم رہے اور انصاف و امن کے حق میں آواز بلند کرے۔ جمعیۃ علماء ہند فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ غزہ کی بازآبادکاری کی جائے اور فلسطینیوں کے حقوق بحال کیے جائیں اور مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل نکالا جائے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined