دہلی سے حجاج کرام کے آخری قافلہ کو روانہ کرتی ہوئیں کوثر جہاں
تصویر: پریس ریلیز
نئی دہلی: ہر سال اسلامی کیلنڈر کے آخری مہینے ذوالحجہ میں سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں ادا کیے جانے والے حج کے لیے ہندوستان سے حجاج کرام کے قافلے مختلف شہروں سے روانہ ہوتے ہیں، جن میں دہلی حج روانگی کا دوسرا بڑا اور شمالی ہندوستان کا سب سے بڑا ایمبارکیشن پوائنٹ ہے۔ اس سال حج 2025 کے لیے دہلی سے حج پر روانہ ہونے والے 397 حجاج کرام کا آخری قافلہ سعودی ایئرلائن کی پرواز نمبر 3081 SV-کے ذریعے جدہ کے لیے روانہ ہوا۔ حجاج کرام کے اس آخری قافلے کو رخصت کرنے کے لیے دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل 3 پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں، ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹیو آفیسر محسن علی اور حج کمیٹی کے دیگر اسٹاف موجود تھے، جنہوں نے پورے جوش و خروش کے ساتھ آخری قافلے کو رخصت کیا۔
Published: undefined
اس موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے آخری قافلے کے حجاج کرام سے ملاقات کی، انہیں مبارکباد دی اور دعا کی کہ وہ مکمل صحت و سلامتی کے ساتھ اپنے وطن واپس لوٹیں۔ انہوں نے حجاج کرام سے اپیل کی کہ وہ حج کے دوران ملک میں امن و خوشحالی کے لیے دعا کریں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے حج کے سفر کو کامیابی سے مکمل کرنے میں تعاون فراہم کرنے پر حکومت ہند، دہلی حکومت، ایم سی ڈی اور دیگر تمام متعلقہ محکموں کا شکریہ ادا کیا۔
Published: undefined
حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے بتایا کہ اس سال دہلی ایمبارکیشن پوائنٹ سے مجموعی طور پر 15069 حجاج کرام روانہ ہوئے، جن میں دہلی، مغربی اتر پردیش، پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ، اتراکھنڈ کے علاوہ دیگر 18 ریاستوں کے مرد و خواتین شامل ہیں۔ ان میں خواتین کی تعداد 7032 اور مرد حضرات کی تعداد 8037 ہے۔ اس بار گزشتہ سالوں کے برعکس پورے ایک مہینے تک حج پروازوں کا سلسلہ دیکھنے کو ملا، جو کہ 30 اپریل سے شروع ہو کر 29 مئی تک جاری رہا۔ اس دوران 30 اپریل سے 15 مئی تک 16 پروازوں کے ذریعے 6536 حجاج کرام مدینہ منورہ گئے، جبکہ 16 مئی سے 29 مئی تک 21 پروازوں کے ذریعے 8533 حجاج کرام جدہ کے راستے مکہ مکرمہ کے لیے روانہ ہوئے۔
Published: undefined
پہلے مرحلے میں مدینہ جانے والے حجاج کرام مدینہ میں 8 دن گزارنے کے بعد مکہ مکرمہ روانہ ہوئے اور حج کی ادائیگی کے بعد جدہ سے دہلی واپس آئیں گے۔ جبکہ دوسرے مرحلے میں جدہ کے راستے مکہ مکرمہ جانے والے حجاج حج کی ادائیگی کے بعد مدینہ جائیں گے اور وہاں آخری 8 دن گزارنے کے بعد مدینہ سے دہلی واپس لوٹیں گے۔ واضح رہے کہ اس سال 5 جون کو مکہ مکرمہ میں یومِ حج ادا کیا جائے گا اور 12 جون سے حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہو جائے گا جو کہ 9 جولائی 2025 تک جاری رہے گا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined