سیاسی

ندائے حق: کیا یہی ہماری منزلِ مقصود تھی؟...اسد مرزا

اقلیتوں نے ہمیشہ اسی زمین پر جدوجہد کی ہے جس زمین پر ملک کے اکثریت طبقے نے کی ہے اور ان کی قوم پرستی پر متعدد طعنوں کے باوجود انھوں نے اپنی مشقت جاری رکھی

یوم جمہوریہ کی تیاریاں / تصویر قومی آواز / وپن
یوم جمہوریہ کی تیاریاں / تصویر قومی آواز / وپن 

آج آزادی کے 75 برس بعد اور بھارت کے ایک عوامی جمہوریہ بننے کے 72برس بعد جوش کے احساس کو محسوس کرنے اور اپنے کارناموں کو مجتمع کرنے کے بجائے ہمیں اس سوال پر غور کرنے پر مجبور کردیا گیا ہے کہ آیا یہ وہی ہندوستان ہے جس کا خواب ہمارے مجاہدین آزادی، قائدین اور معمارانِ دستور نے دیکھا تھا؟ آج ہم ایک ایسے دوراہے پر کھڑے ہیں جہاں ہندوستانی شہریوں کی ایک بڑی تعداد اپنے قانونی موقف اور مستقبل کے تعلق سے الجھن میں مبتلا ہے اور ساتھ ہی ہندوستانی سماج کے سیکولر اور شمولیاتی کردار کے تعلق سے بھی تشویش مند ہے۔ لاکھوں ناخواندہ افراد، بے زمین لوگ، پسماندہ طبقات اور درج فہرست قبائل و طبقات سمیت ملک کی ایک بڑی اکثریت کو اس سوال پر غور کرنے پر مجبور کردیا گیا ہے کہ آیا ملک میں ان کی قانونی شناخت کیا ہے؟ حالانکہ وہ دستور کے اس دیباچہ کو پڑھتے ہیں: ’’ہم ہندوستان کے عوام... سیکولر عوامی جمہوریہ ہیں اور اپنے تمام شہریوں کا تحفظ کرتے ہیں۔‘‘

Published: undefined

حکومت وقت نے سارے ملک کو ایک ایسے شورہ ہنگامے میں ڈھکیل دیا ہے جہاں سے باہر آنا بہت مشکل ہوگا۔ اب ہر ایک کو ایک ہندوستانی شہری کی حیثیت سے اپنے وجود سے متعلق سوالات کا جواب دینا ہے۔ یہ ایک ایسا کٹھن اور جاں گسل کام ہے کہ اس کے لیے کئی برس درکار ہوں گے اور آبادی کا ایک بڑا فیصد مکمل طور پر ایک لاحاصل اور غیرمطلوب کام میں مصروف ہوجائے گا۔ حکومت نے پارلیمنٹ میں اپنی بھرپور اکثریت سے فائدہ اٹھا کر عوام کو ایک ایسے کام میں لگا دیا ہے کہ جس کے بارے میں خود اسے یقین نہیں ہے کہ کس طرح یہ پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔

Published: undefined

ملک کے سب سے بڑے اقلیتی طبقہ کو گزشتہ 18مہینوں میں اتنے چیلنجوں میں گھیر دیا گیا ہے کہ وہ الجھن اور تذبذب کا شکار ہے کہ وہ کیا کرے۔ مزید براں وہ اس ہندوستان کا حصہ ہونے کی حقیقت سے ہم آہنگ ہونے کے لیے مشکل محسوس کررہے ہیں جہاں ان طاقتوں کی حکومت ہے جو ہمیشہ اس کے خلاف رہی ہیں۔ لیکن اہم اور خاموش سوال یہ ہے کہ یہ کیسے ممکن ہوگیا اور کس نے اس کی اجازت دی؟ ہمارے سامنے اس سے بھی زیادہ حساس اور خلجان میں ڈالنے والا سوال یہ ہے کہ آیا ہندوستان ابھی بھی حقیقی معنوں میں ایک سیکولر عوامی جمہوریہ ہے؟

Published: undefined

ہندوستانی شہریوں کے درمیان موجود باہمی سماجی تعلقات سے کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا۔ وہ ضرورت اور مشکل کے وقت ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہیں اور اپنی تکلیف آپس میں بانٹ لیتے ہیں۔ صدیوں سے پرامن بقائے باہمی کے ساتھ رہتے آئے ہیں۔ یہ باہمی میل جول استعماری طاقتوں کی جانب سے دو نمایاں مذاہب کے درمیان تفریق ڈالنے سے پہلے تک قائم و دائم رہا تھا۔ اگرچہ یہ باور کیا گیا تھا کہ آزاد ہندوستان بلالحاظ ذات و برادری کے اپنے تمام شہریوں کو پھلنے پھولنے کا یکساں مواقع فراہم کرے گا لیکن حقیقت بڑی حد تک مختلف ہے۔ ینگ انڈیا کے لیے لکھتے ہوئے گاندھی نے سوراج کے حق میں آواز اٹھائی تھی۔ ینگ انڈیا مورخہ16.04.1931 میں انھوں نے سوراج کی تشریح تمام عوام کی حکومت اور انصاف کی حکمرانی کے طور پر کی تھی۔

Published: undefined

اقلیتوں نے ہمیشہ اسی زمین پر جدوجہد کی ہے جس زمین پر ملک کے اکثریت طبقے نے کی ہے اور ان کی قوم پرستی پر متعدد طعنوں کے باوجود انھوں نے اپنی مشقت جاری رکھی اور کئی ممتاز فرزندان اور دختران پیدا کیے جنھوں نے راکٹس سائنس سے لے کر تعلیم، صحت، سماجی خدمات اور تجارت تک ہر شعبے میں خود کو منوایا ہے۔ تاہم سیکولر ہونے کا سوالیہ نشان ہمیشہ ہر اقلیتی شہری کی گردن پر لٹکتا رہا ہے۔ درحقیقت اقلیتی طبقہ سے ہمیشہ ان کے اعتبار کو ثابت کرنے کا سوال کیا جاتا رہا ہے اور بعضوں کو پاکستان چلے جانے کے لیے کہا گیا ہے۔

Published: undefined

آج ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے اس پر کسی کو زیادہ حیرت زدہ نہیں ہونا چاہیے کیونکہ یہ اپنی ان داخلی پیچیدگیوں کے سبب ہو رہا ہے، جب سیکولر پارٹیاں اقتدار میں تھیں تو انھوں نے کبھی بھی سخت ہندوتوا عناصر پر لگام کسنے کی کوشش نہیں کی، بلکہ حقیقت یہ ہے کہ انھوں نے نرمی برتی اور ہر مذہب کے لیے مساوی حقوق کی بات کرتے ہوئے شدت پسند عناصر کو پروان چڑھایا، ساتھ ہی ان کے دلوں کے اندر یہ خواہش بھی پنپتی رہی کہ وہ ایک دن ہندوستان کو ہندو راشٹر بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ ہندوستانی مسلمان آزادی کے بعد سے اب تک ایک طویل جاں گسل راستے پر چلتے رہے۔ تقسیم کے بعد پہلے 20 برسوں کی نسل اس آگ میں جھلستے ہوئے اپنے نقصانات کی پابجائی میں مصروف رہی اور بحیثیت ایک قوم کو درپیش مختلف چیلنجوں کا حل تلاش کرتے ہوئے ایک نئی جمہوریت میں اپنی بقاء کا سامان کرتے رہے۔ اس سفر کے دوران مسلم ملت کو اپنے کئی عظیم سپوتوں کو گنوانا پڑا جنھوں نے جدوجہد آزادی کے دوران ان کی رہنمائی اور نمائندگی کی تھی۔ اس کے بعد بدقسمتی سے قوم کی قیادت ان درمیانی سطح کے قائدین کے ہاتھ لگی جو صرف اپنی فلاح و بہبود کے لیے گامزن تھے۔

Published: undefined

اس دور میں مسلم برادری کو تعلیمی پسماندگی کے ساتھ ساتھ معاشی انحطاط کا بھی سامنا کرنا پڑا تاہم 70کے دہے میں مشرقِ وسطیٰ میں روزگار کے باعث ان کے معاشی حالات میں کسی قدر سدھار آیا لیکن دوسری جانب وقتاً فوقتاً ملک کے مختلف شہروں میں بار بار فسادات کروا کر ان کی معاشی کمر توڑنے کی کوششیں بھی بدستور جاری رہیں، غور کرنے کی بات یہ ہے کہ زیادہ تر فسادات اس وقت ہوئے جب سیکولر پارٹیاں ریاست اور مرکز دونوں جگہ پر برسراقتدار تھیں۔ 70 کے دہے کے بعد سے ملت نے اپنے معاشی فائدوں کو مجتمع کرکے تعلیم و سماجی خوشحالی کے راستے پر اپنے سفر کو آگے بڑھایا۔ 90 کے دہے میں ملک کی معیشت میں آنے والی مثبت تبدیلیاں بھی ملت کی ترقی میں مزید معاون ثابت ہوئی اور ملت کے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے ٹیکنالوجی بالخصوص آئی ٹی کے مختلف شعبوں میں ملٹی نیشنل کمپنیوں (ایم این سیز) میں ملازمتیں حاصل کرکے اپنا اور اپنی قوم کا نام آگے بڑھایا اور اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے کامیابی کے نئے راستے ہموار کیے۔

Published: undefined

اس معاشی آزادی نے اور پیشہ وارانہ کامیابیوں نے ہماری موجودہ نسل کو اپنا مذہبی، سیاسی اور سماجی تشخص برقرار رکھنے میں ایک بڑا کردار ادا کیا ہے۔ یہ وہ نسل ہے جو تقسیم کے بوجھ کے زیر اثر نہیں ہے اور جو مساوی طور پر اپنے دشمنوں سے ٹکر لینے کے لیے سماجی اور علمی طور پر بااختیار ہے۔ یہی وہ چیز ہے جس نے ہندوتوا فورسس کو مایوس کیا ہے اور وہ اس نسل سے ڈرے ہوئے ہیں جسے اپنے تشخص یا اپنے مذہب کو درپیش چیلنج کا سامنا کرنے میں کوئی جھجھک نہیں ہے۔ ساتھ ہی موجودہ نسل وہ نسل ہے جو اپنی ترقی اور مذہبی تشخص کے درمیان ایک توازن قائم رکھنے کے قابل بھی ہے۔

Published: undefined

موجودہ تناظر میں ہمارے سیکولر اور جمہوری رہنماؤں کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ملک میں نافذ کی جانے والی نئی نئی پالیسیوں کے تعلق سے پارلیمنٹ اور دیگر فورمس میں سوال اٹھائیں ساتھ ہی ساتھ ایک ایسی سیاست کو آگے بڑھانے کی جدوجہد کریں جس کے ذریعے ہم اپنے ملک کو اس کے معمارِ وطن کی خواہشات کے مطابق ایک بہتر ملک بنانے میں کامیاب ہوں، جہاں سبھی قومیں مل جل کر ساتھ رہ سکیں اور ملک کی ترقی و بہبود میں یکساں کردار ادا کرسکیں، ساتھ ہی موجودہ دور میں قوم کے مذہبی رہنماؤں اور اکابرین کی بھی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ قوم کو صحیح سمت میں لے جانے کی کاوشیں اور تحریکات عملی طور پر شروع کریں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined