سیاسی

گہلوت حکومت کا یہ قدم اچھا تو ہے لیکن... سہیل انجم

مذکورہ فیصلہ یقیناً انصاف کے حق میں نہیں ہے اور نہ ہی پہلو خان کے اہل خانہ کے لیے باعث اطمینان ہے۔ ان کو اور دوسرے انصاف پسند طبقات کو بھی اس وقت اطمینان نصیب ہوگا جب پہلو خان کے قاتلوں کو سزا ہوگی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

پہلو خان قتل کیس میں تمام چھ ملزموں کا بری کیا جانا یقیناً راجستھان کی گہلوت حکومت کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔ ایک ایسے معاملے میں جو آئینے کی مانند بالکل شفاف تھا ثبوتوں کے فقدان میں ملزموں کو شبہے کا فائدہ دے دینا اور انھیں بری کر دینا بادی النظر میں قرین انصاف نہیں ہے۔ لیکن عدالت بھی کیا کرے۔ جب پولس صحیح ڈھنگ سے جانچ نہ کرے اور ثبوتوں کو ریکارڈ پر نہ لائے اور جان بوجھ کر اس میں خامیاں چھوڑ دے تو پھر ایسے ہی فیصلے سنائے جاتے ہیں۔

Published: 18 Aug 2019, 8:10 PM IST

سمجھوتہ ایکسپریس کیس میں سنایا جانے والا فیصلہ بھی ایک ایسا ہی فیصلہ تھا۔ اس کیس میں بھی پولس نے جان بوجھ کر حقائق کو پوشیدہ رکھا تھا جس کی وجہ سے فاضل جج کو کہنا پڑا کہ ایسی دہشت گردانہ کارروائی کرنے والے مجرمین بری کیے جا رہے ہیں اور ان کو کوئی سزا نہیں مل رہی ہے۔ یعنی جج کو معلوم تھا کہ جرم انھیں لوگوں نے کیا ہے لیکن چونکہ اس کے ثبوت عدالت میں پیش نہیں کیے گئے اس لیے عدالت کو ملزموں کو رہا کر دینا پڑا۔ اس سے پہلے بھی کچھ اسی قسم کے اور بھی فیصلے سنائے جا چکے ہیں۔

Published: 18 Aug 2019, 8:10 PM IST

ہمیں عدالتوں کی نیت پر شبہ نہیں کرنا چاہیے۔ ہاں پولس کی کارکردگی پر جتنا شبہ کیا جائے اتنا کم ہے۔ استغاثہ کیسا کیس بناتا ہے اور ثبوتوں کو کس طرح اکٹھا کرکے انھیں عدالت کے سامنے پیش کرتا ہے، فیصلے کا انحصار اسی پر ہوتا ہے۔ متعدد معاملات میں عدالتیں بھی خلاف توقع فیصلے سنانے پر مجبور ہو جاتی ہیں۔ لیکن بعض اوقات ایسا بھی محسوس ہوتا ہے کہ نچلی عدالتیں من پسند فیصلے بھی سناتی ہیں۔ اگر ایسا ہے تو یہ عدلیے کے لیے اچھی بات نہیں۔

Published: 18 Aug 2019, 8:10 PM IST

پہلو خان قتل کیس میں بھی فاضل جج نے ثبوتوں کو مناسب انداز میں اکٹھا نہ کیے جانے پر اشاروں میں اظہار افسوس کیا ہے۔ لیکن یہ کہنے میں کوئی جھجک نہیں ہونی چاہیے کہ اس فیصلے نے انصاف پسند طبقات کو مایوس کیا ہے۔ بہت سے لوگوں نے ریاستی حکومت کو بھی نشانۂ تنقید بنایا ہے اور کہا ہے کہ اسے اسی وقت چوکنّا ہو جانا چاہیے تھا جب پولس نے مرحوم پہلو خان اور ان کے بیٹوں پر گائے کی اسمگلنگ کا کیس قائم کیا تھا۔

Published: 18 Aug 2019, 8:10 PM IST

اس وقت وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا تھا کہ اگر ضرورت محسوس ہوئی تو اس کیس کی از سر نو جانچ کرائی جائے گی۔ ان کو اسی وقت نئے سرے سے جانچ کا حکم دے دینا چاہیے تھا۔ اگر انھوں نے ایسا کیا ہوتا تو ممکن ہے کہ پولس دوسری رپورٹ عدالت میں پیش کرتی اور عدالت کا فیصلہ کچھ اور آتا۔ لیکن بہر حال اب ان کی حکومت نے اس معاملے کی از سر نو جانچ کا حکم دے دیا ہے جس کی ستائش کی جانی چاہیے۔

Published: 18 Aug 2019, 8:10 PM IST

لیکن وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کو یہ بھی کرنا چاہیے کہ جن پولس افسران نے اس سے قبل کیس کی جانچ کی ان سے باز پرس کریں اور ان سے پوچھیں کہ جانچ میں اتنی خامیاں کیوں چھوڑ دی گئیں۔ عدالت نے جن جن خامیوں کا ذکر کیا ہے ان کی ایک فہرست بنائی جانی چاہیے اور اب جن لوگوں کو جانچ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ان کو وہ فہرست دی جانی چاہیے اور ان کو ان خامیوں کو دور کرنے کا حکم بھی دینا چاہیے۔

Published: 18 Aug 2019, 8:10 PM IST

اس کے علاوہ اس بات کی بھی ضرورت ہے کہ سابقہ جانچ میں جو پولس افسران شامل تھے ان کو اس کی سزا بھی دی جائے۔ کیونکہ عدالتی فیصلے کے متن سے ایسا لگتا ہے کہ پولس والوں نے جان بوجھ کر ڈھیلی ڈھالی جانچ کی اور اس لیے اس میں خامیاں چھوڑ دی گئیں تاکہ عدالت ملزموں کو رہا کرنے پر مجبور ہو جائے۔ اگر ایک بار ایسے پولس والوں کو سزا ہو جائے اور ان کی گوشمالی کر دی جائے تو آگے کے لیے پولس والے ہوشیار ہو جائیں گے اور ممکن ہے کہ وہ جان بوجھ کر خامیاں نہ چھوڑیں۔

Published: 18 Aug 2019, 8:10 PM IST

حالانکہ پولس حکومت کے تحت آتی ہے اور اب کانگریس کی حکومت ہے تو پولس کو بھی یہ بات سمجھنی چاہیے کہ اب ریاست میں بی جے پی کی حکومت نہیں ہے کہ وہ جس طرح چاہے جانچ کرے اور ملزموں کو بچانے کی کوشش کرے۔ اس کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ یہ کانگریس کی حکومت ہے اور اس حکومت میں وہ سب کچھ نہیں ہوگا جو بی جے پی حکومت میں ہوتا رہا ہے۔

Published: 18 Aug 2019, 8:10 PM IST

مذکورہ فیصلہ یقیناً انصاف کے حق میں نہیں ہے اور نہ ہی پہلو خان کے اہل خانہ کے لیے باعث اطمینان ہے۔ ان کو اور دوسرے انصاف پسند طبقات کو بھی اس وقت اطمینان نصیب ہوگا جب پہلو خان کے قاتلوں کو سزا ہوگی۔

Published: 18 Aug 2019, 8:10 PM IST

البتہ ایک بات سمجھ میں نہیں آئی کہ عدالت نے اس ویڈیو کو ثبوت ماننے سے کیوں انکار کر دیا جس کو پوری دنیا نے دیکھا اور یہ دیکھا کہ کس طرح لوگ دوڑا دوڑا کر پہلو خان کی پٹائی کر رہے تھے۔ اس نے وہ فوٹیج بھی ثبوت ماننے سے انکار کر دیا جو ایک نیوز چینل کی جانب سے عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ وہ ایک اسٹنگ آپریشن تھا جس میں ملزموں نے اپنا جرم فخریہ انداز میں قبول کیا ہے۔

Published: 18 Aug 2019, 8:10 PM IST

بہر حال اشوک گہلوت حکومت نے اس معاملے کی دوبارہ جانچ کا حکم دیا ہے۔ یہ ایک اچھی بات ہے۔ اس سے انصاف کی کچھ امید پیدا ہوئی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ جانچ کرنے والے افسران پر یہ باور کر دیا جائے کہ جانچ صحیح ڈھنگ سے ہونی چاہیے اور حقیقی مجرموں کو ان کے کیے کی سزا ہر حال میں ملنی چاہیے۔

Published: 18 Aug 2019, 8:10 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 18 Aug 2019, 8:10 PM IST