پاکستان

پاکستان: مریم نواز کے جاپان-تھائی لینڈ دورے پر پی ٹی آئی نے اٹھایا سوال، کہا ’حکومتی پیسے کا غلط استعمال ہوا‘

پی ٹی آئی کے پریس سکریٹری نے کہا کہ ’’اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق پنجاب حکومت نے مالی سال 26-2025 (یکم جولائی سے 8 اگست) کے پہلے 38 دنوں میں ہی 405 ارب روپے کا بھاری بھرکم قرض لیا ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

پاکستان تحریکِ انصاف پارٹی (پی ٹی آئی) نے پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز کے جاپان اور تھائی لینڈ دورے پر سوال اٹھائے ہیں۔ اپوزیشن پی ٹی آئی نے مریم نواز پر حکومتی پیسے کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا ہے۔ دراصل مریم نواز چارٹرڈ طیارہ سے 5 روزہ دورے پر جاپان گئی تھیں، ان کے ساتھ گئے وفد میں اہل خانہ کے افراد بھی شامل تھے۔ مریم نواز جس چارٹرڈ طیارہ سے گئی تھیں، اس کا استعمال وزیر اعظم شہباز شریف کرتے ہیں۔ حالانکہ پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ چارٹرڈ طیارہ کرایے پر لیا گیا ہے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ جاپان اور تھائی لینڈ کے دورے کے لیے مریم نواز نے بینک سے قرض لے کر خرچ کیا ہے۔

Published: undefined

ایک مقامی ٹی وی چینل نے دعویٰ کیا تھا کہ پنجاب حکومت نے مریم نواز کے جاپان دورے کے لیے 160 ملین (16 کروڑ پاکستانی روپے) مختص کیے تھے۔ اس میں جاپان اور بینکاک کے لگژری ہوٹل میں ٹھہرنے اور لگژری کاروں میں گھومنے کا خرچ شامل ہے۔ پی ٹی آئی کے پریس سکریٹری شیخ وقاس اکرم نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق پنجاب حکومت نے مالی سال 26-2025 (یکم جولائی سے 8 اگست) کے پہلے 38 دنوں میں ہی 405 ارب روپے کا بھاری بھرکم قرض لیا ہے۔ غیر ملکی دورے کے لیے ان پیسوں کا ہی استعمال کیا جا رہا ہے۔

Published: undefined

پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے اپوزیشن کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔ بخاری جاپان گئے وزیر اعلیٰ کے وفد میں بھی شامل تھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جاپان سفارتی تعاون کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں، لیکن کچھ ملک مخالف لوگ اس رشتے کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ کسی خاتون وزیر اعلیٰ نے جاپان کا دورہ کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جن لوگوں کا ذکر ہے وہ سرکاری وفد کا حصہ نہیں تھے۔ انہوں نے نجی طور پر اپنا خرچ اٹھایا۔ دوسری جانب پی ٹی آئی نے سوال پوچھا کہ ’’مریم نواز کے جاپان دورے سے پاکستان کو کیا حاصل ہوا؟‘‘ قابل ذکر ہے کہ مریم نواز پاکستان کے سابق وزیر اعلیٰ نواز شریف کی بیٹی ہیں۔ انہوں نے 26 فروری 2024 کو پنجاب کی 20ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined