دیگر ممالک

’شیخ حسینہ کے سامنے پھانسی کی سزا کے علاوہ کوئی متبادل نہیں‘، بنگلہ دیش کے چیف پرازیکیوٹر کا بڑا بیان

رواں سال کے اوائل میں شیخ حسینہ نے کہا تھا کہ وہ دسمبر میں بنگلہ دیش واپسی کا منصوبہ بنا رہی ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ گرفتاری یا قتل کا خدشہ بھی انھیں بنگلہ دیش واپس آنے سے نہیں روک سکتا۔

<div class="paragraphs"><p>شیخ حسینہ / آئی اے این ایس</p></div>

شیخ حسینہ / آئی اے این ایس

 

بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم اور عوامی لیگ کی سربراہ شیخ حسینہ کی وطن واپسی کے منصوبے پر ملک کے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل (آئی سی ٹی) کے چیف پرازیکیوٹر محمد امین الاسلام نے منگل (10 نومبر 2026) کو انتہائی اہم بیان دیا۔ انھوں نے کہا کہ شیخ حسینہ کے سامنے اب پھانسی کی سزا کے فیصلہ کا سامنا کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ اگر وہ بنگلہ دیش واپس آتی ہیں تو انھیں اس فیصلہ کا سامنا کرنا پڑے گا۔

قابل ذکر ہے کہ رواں سال کے اوائل میں شیخ حسینہ نے کہا تھا کہ وہ دسمبر میں بنگلہ دیش واپس آنے کا منصوبہ بنا رہی ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ گرفتاری یا قتل کیے جانے کا خدشہ بھی انھیں بنگلہ دیش واپس آنے سے نہیں روک سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’مجھے جیل بھیجا جا سکتا ہے یا میرا قتل بھی کیا جا سکتا ہے، لیکن خوف یہ طے نہیں کر سکتا کہ عوام کے تئیں میری ذمہ داری کیا ہے۔‘‘

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل کے چیف پرازیکیوٹر امین الاسلام نے شیخ حسینہ کی وطن واپسی کے منصوبے پر سوال اٹھائے ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’اگر شیخ حسینہ واقعی بنگلہ دیش واپس آنا چاہتی تھیں تو انھیں مقدمے کی سماعت کے دوران ہی واپس آ جانا چاہیے تھا۔ انھیں مقدمے کا سامنا کرنا چاہیے تھا اور عدالت میں اپنا موقف پیش کرنا چاہیے تھا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’فیصلہ شائع ہونے کے 30 دن کے اندر اپیل دائر کرنے کے لیے بھی انھیں واپس آنا چاہیے تھا۔‘‘

عوامی لیگ کی سربراہ شیخ حسینہ کی جانب سے لندن میں مقیم اپنے وکلا کے ذریعے نئی دہلی میں واقع بنگلہ دیشی ہائی کمیشن سے نیا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ جاری کرنے کی درخواست کیے جانے پر امین الاسلام نے کہا کہ ’’جس شخص کو سزائے موت سنائی جا چکی ہو، اسے سفر سے متعلق دستاویزات جاری کرنے کی کوئی قانونی بنیاد موجود نہیں ہے۔‘‘ انھوں نے بنگلہ دیش پاسپورٹ آرڈر 1973 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’اس قانون کی دفعات 6 اور 7 کے تحت سزا یافتہ افراد کو پاسپورٹ جاری کرنے پر پابندی ہے۔ خاص طور پر ایسے معاملات میں، جن میں اخلاقی پستی سے متعلق جرائم کے لیے کم از کم 2 سال کی سزا سنائی گئی ہو۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔