انڈر 19 ایشیا کپ: سیمی فائنل کی چاروں ٹیمیں طے، ہندوستان کا مقابلہ افغانستان اور پاکستان کا مقابلہ بنگلہ دیش سے
ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 8 ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ دونوں گروپوں میں 4-4 ٹیمیں شامل تھیں۔ ہر ٹیم کو اپنے گروپ کی دیگر 3 ٹیموں کے خلاف مقابلے کھیلنے تھے۔

’انڈر 19 ایشیا کپ 2026‘ کے گروپ مقابلے ختم ہونے کے ساتھ ہی سیمی فائنل میں پہنچنے والی چاروں ٹیموں کا فیصلہ ہو گیا ہے۔ ’گروپ اے‘ سے پاکستان اور ہندوستان نے اگلے مرحلے میں جگہ بنائی ہے، جبکہ ’گروپ بی‘ سے افغانستان اور بنگلہ دیش نے کوالیفائی کیا ہے۔ منگل کو کھیلے گئے آخری گروپ مقابلوں میں ہندوستان نے یو اے ای کو 70 رنوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کا ٹکٹ حاصل کیا، جبکہ پاکستان نے نیپال کو 101 رنوں سے ہرا کر گروپ میں پہلا مقام حاصل کیا۔ اب 12 نومبر کو پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں ہندوستان اور افغانستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 14 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 8 ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ دونوں گروپوں میں 4-4 ٹیمیں شامل تھیں۔ ہر ٹیم کو اپنے گروپ کی دیگر 3 ٹیموں کے خلاف مقابلے کھیلنے تھے۔ گروپ مرحلے کے بعد پوائنٹس ٹیبل میں پہلی 2 پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ پاکستان نے ’گروپ اے‘ میں اپنے تینوں مقابلے جیت کر سرفہرست مقام حاصل کیا۔ ہندوستان 2 جیت اور 1 ہار کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ یو اے ای ایک جیت کے ساتھ تیسرے اور نیپال بغیر کسی کامیابی کے چوتھے مقام پر رہا۔ ’گروپ بی‘ میں افغانستان نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے تینوں میچ جیتے اور 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ بنگلہ دیش نے 3 میں سے 2 مقابلے جیت کر 4 پوائنٹس حاصل کیے اور دوسرے مقام پر رہتے ہوئے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔ سری لنکا اور ملیشیا کی ٹیمیں ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں۔
گروپ مرحلے کے نتائج کے بعد سیمی فائنل کا پورا شیڈول بھی واضح ہو گیا ہے۔ پہلا سیمی فائنل پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں افغانستان اور ہندوستان کی ٹیمیں مقابلہ کریں گی۔ دونوں میچ 12 نومبر کو عمان کے المنارات کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد 14 نومبر کو ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ ہوگا۔ ہندوستان کے لیے سیمی فائنل کا مقابلہ آسان نہیں ہوگا، کیونکہ افغانستان نے گروپ مرحلے میں اپنے تینوں میچ جیتے ہیں اور اس وقت ٹیم بہترین فارم میں ہے۔ افغانستان نے بنگلہ دیش، ملیشیا اور سری لنکا کو شکست دے کر اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے۔ دوسری جانب ہندوستان نے اپنے ابتدائی مقابلے میں نیپال کو 10 وکٹ سے ہرایا تھا، لیکن پاکستان کے خلاف اسے 3 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے بعد یو اے ای کے خلاف کامیابی حاصل کر کے ہندوستانی ٹیم نے شاندار واپسی کی۔
ہندوستان کے لیے آریہ ویر سہواگ کی بہترین فارم ایک بڑی مثبت بات ہے۔ یو اے ای کے خلاف ان کی 160 رن کی اننگز نے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ وہیں گیند بازوں نے بھی ہدف کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اب ہندوستانی ٹیم کی نظریں افغانستان کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنانے پر مرکوز ہوں گی۔ دوسری طرف پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان بھی سخت مقابلہ ہونے کی امید ہے۔ ایسے میں انڈر 19 ایشیا کپ کا خطابی مقابلہ کن 2 ٹیموں کے درمیان ہوگا، اس کا فیصلہ 12 نومبر کو سیمی فائنل میچوں کے بعد ہی ہو پائے گا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
