میں جانتی تھی کہ وزیر اعظم کے طور پر منموہن سنگھ کے ہاتھوں میں ملک محفوظ رہے گا: سونیا گاندھی

سونیا گاندھی کو اس بات پر بھروسہ تھا کہ منموہن سنگھ کے آنے سے یو پی اے کی صلاحیت کو لے کر لوگوں کے دل میں موجود شبہات دور ہو جائیں گے اور سالوں پہلے شروع کی گئی پالیسیوں کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی

<div class="paragraphs"><p>سونیا گاندھی اپنی کتاب دکھاتی ہوئی، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/INCIndia">@INCIndia</a></p></div>
i

کانگریس کی سینئر لیڈر سونیا گاندھی نے 2004 میں (جب وہ پارٹی صدر تھیں) منموہن سنگھ کو ملک کی قیادت کی ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ان کا ماننا تھا کہ منموہن سنگھ کی دیانت داری پر کوئی سوال نہیں اٹھا سکتا اور انہیں حکمرانی اور انتظامی امور کی گہری سمجھ ہے۔ سونیا گاندھی کو یقین تھا کہ منموہن سنگھ کے وزیر اعظم بننے سے متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) کی حکومت کی صلاحیت اور کارکردگی کے تعلق سے لوگوں کے ذہنوں میں موجود شکوک و شبہات دور ہوں گے اور کئی برس پہلے شروع کی گئی پالیسیوں کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

سونیا گاندھی نے اپنی طویل انتظار کے بعد منظر عام پر آنے والی یادداشتوں پر مشتمل کتاب ’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ میں اس فیصلے کی وجوہات بیان کی ہیں۔ ہارپر کولنس انڈیا کے ذریعہ شائع یہ کتاب منگل کو بازار میں آ گئی ہے۔ سونیا گاندھی نے اس میں لکھا ہے کہ جب انھوں نے وزیر اعظم کا عہدہ قبول نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا تو یہ طے کرنا ضروری تھا کہ آخر کون اس عہدے کی ذمہ داری سنبھالے گا اور وزیر اعظم کے طور پر حلف لے گا۔


سونیا گاندھی نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ ’’کئی سینئر ساتھی ایسے تھے جو تجربہ کار بھی تھے اور اس عہدے کے لیے اہل بھی۔ وہ خوشی خوشی اس ذمہ داری کو قبول کر لیتے۔ لیکن ان سب میں ایک شخص ایسا تھا جس پر میری نظر کافی عرصے سے تھی۔ وہ ایسا شخص تھا جس پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا تھا اور جسے حکمرانی اور انتظامی امور کی پیچیدگیوں اور باریکیوں کی بہتر سمجھ تھی۔ وہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر منموہن سنگھ تھے۔‘‘ انھوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ ایک تجربہ کار ماہر اقتصادیات کی حیثیت سے منموہن سنگھ نے 1990 کی دہائی کے اوائل میں وزیر خزانہ رہتے ہوئے اس وقت کے وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی قیادت میں ہندوستان میں اقتصادی اصلاحات نافذ کی تھیں۔

ملک کی قیادت کے لیے منموہن سنگھ کو منتخب کرنے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ ’’پارٹی کے اندر وہ کسی مخصوص گروپ سے وابستہ نہیں تھے۔ اس وقت تک کانگریس کی شبیہ بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والی پارٹی کے طور پر بن چکی تھی اور ہماری حکومت کو کمیونسٹ پارٹیوں کی حمایت بھی حاصل ہونے والی تھی۔ مجھے محسوس ہوا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ ان لوگوں کے خدشات دور کر سکیں گے جنہیں ہماری حکومت کی صلاحیت اور برسوں پہلے شروع کی گئی پالیسیوں کو آگے بڑھانے کے حوالے سے شبہات تھے۔‘‘


سونیا گاندھی نے بتایا ہے کہ منموہن سنگھ کی پیدائش پنجاب کے ایک گاؤں میں سکھ خاندان میں ہوئی تھی، جو اب پاکستان کا حصہ ہے۔ کم عمری میں ہی اپنی والدہ کو کھو دینے کی وجہ سے وہ زندگی کی مشکلات اور جدوجہد کو بہت اچھی طرح سمجھتے تھے۔ انھوں نے لکھا کہ ’’ان کی غیر معمولی ذہانت اور سخت محنت نے انھیں ایک دور دراز گاؤں کے اسکول سے آکسفورڈ اور کیمبرج یونیورسٹیوں تک پہنچایا اور وہاں سے بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام دلایا۔ ایک عالم اور تکنیکی ماہر کی حیثیت سے ان کی بے شمار کامیابیوں کے علاوہ ڈاکٹر سنگھ کے بارے میں جس بات کو میں سب سے بہتر جانتی تھی، وہ یہ تھی کہ وہ انتہائی نرم دل اور حساس انسان تھے اور ان کی دیانت داری پر کوئی سوال ہی نہیں اٹھایا جا سکتا تھا۔‘‘

سونیا گاندھی نے مزید کہا کہ ’’مجھے معلوم تھا کہ ہمارا پیارا ملک ان کے ہاتھوں میں محفوظ رہے گا۔ میں نے اپنے سینئر ساتھیوں سے اس معاملے پر بات چیت کی اور اب وہ میرے فیصلے سے کافی حد تک متفق نظر آ رہے تھے۔ جب میں نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کا نام تجویز کیا تو کسی نے اس کی مخالفت نہیں کی۔‘‘ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کے وسیع تجربے یا ایک ایسے دیانت دار شخص کی حیثیت سے ان کی ساکھ پر کوئی سوال نہیں اٹھا سکتا تھا، جو صرف ہندوستان کے مفاد میں کام کرے گا۔ سونیا گاندھی نے یاد کیا کہ منموہن سنگھ سے ذاتی طور پر پوچھا گیا تھا کہ کیا وہ وزیر اعظم کا عہدہ قبول کرنے کے لیے تیار ہیں؟ انھوں نے ابتدا میں اس پیش کش کو مسترد کر دیا تھا، لیکن بعد میں ان کی جھجک دور کی گئی اور انھیں اس ذمہ داری کو قبول کرنے کے لیے راضی کر لیا گیا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔