ایک طرف صاف ہوا کے لیے ترس رہی دہلی، دوسری طرف پارلیمانی کمیٹی نے ایجنڈے سے فضائی آلودگی پر سماعت ہٹائی
اجے ماکن نے کمیٹی کے چیئرمین رادھا موہن داس کو خط لکھ کر فیصلے پر سخت اعتراض ظاہر کیا اور کہا کہ فضائی آلودگی کا بحران ایک ہنگامی صورت حال ہے، اس لیے 17 نومبر کی سماعت بحال کی جائے۔

ایک طرف دہلی زہریلی ہوا میں سانس لینے پر مجبور ہے اور فضائی آلودگی کا بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے، وہیں دوسری طرف پارلیمانی کمیٹی نے قومی راجدھانی خطہ (این سی آر) میں فضائی آلودگی کے اہم مسئلے کو 17 نومبر کو ہونے والی اپنی میٹنگ کے ایجنڈے سے خارج کر دیا ہے۔ کمیٹی کے اس فیصلہ پر کانگریس رکن پارلیمنٹ اجئے ماکن نے سخت اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کمیٹی کے چیئرمین کو خط لکھ دیا ہے۔
دراصل پارلیمانی کمیٹی برائے امور داخلہ نے پہلے فیصلہ کیا تھا کہ فضائی آلودگی معاملہ پر وزارت داخلہ اور متعلقہ ایجنسیوں کے خیالات سنے جائیں گے اور اس موضوع پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ کمیٹی نے 5 نومبر کو اپنے اراکین کے درمیان میٹنگ کا ایجنڈا تقسیم کیا تھا، جس میں فضائی آلودگی کا مسئلہ بھی شامل تھا، لیکن بعد میں جاری کیے گئے ترمیم شدہ ایجنڈے سے اس موضوع کو ہٹا دیا گیا۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ اجئے ماکن کو جب یہ خبر ملی تو انھوں نے سخت اعتراض ظاہر کیا اور کمیٹی کے چیئرمین رادھا موہن داس اگروال کو خط لکھ کر اس فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔
اس بارے میں انگریزی روزنامہ ’دی اکونومک ٹائمز‘ میں ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ جب اس بارے میں اگروال سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ انھیں اجئے ماکن کے خط کے بارے میں کوئی جانکاری نہیں ہے۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ذریعہ خط کے بارے میں پوچھے جانے پر انھوں نے کہا کہ ’’مجھے اس خط کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے۔‘‘ ترمیم شدہ ایجنڈے میں فضائی آلودگی کے مسئلے کو خارج کیے جانے کی وجہ پوچھنے پر اگروال نے کہا کہ وہ کمیٹی کی میٹنگوں سے متعلق عوامی سطح پر بات نہیں کرتے۔
قابل ذکر ہے کہ پارلیمانی کمیٹی کی میٹنگ کے پہلے ایجنڈے میں کہا گیا تھا کہ ’دہلی-این سی آر میں فضائی آلودگی: ضابطہ جاتی اقدامات کا نفاذ، گریپ (جی آر اے پی) کے اقدامات پر مؤثر عمل درآمد، کمزور طبقات کا تحفظ اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں اور سرکاری اداروں کے درمیان تال میل‘ کے موضوع پر وزارت داخلہ اور متعلقہ ایجنسیوں کے خیالات سنے جائیں گے۔ تاہم ترمیم شدہ ایجنڈے میں فضائی آلودگی کے موضوع کو مکمل طور پر خارج کر دیا گیا ہے۔ اب کمیٹی صرف وزارت بندرگاہ، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں اور وزارت سماجی انصاف و تفویض اختیارات کے خیالات سنے گی۔ یہ سماعت ’منشیات کی اسمگلنگ اور منشیات پر کنٹرول: ابھرتے ہوئے خطرات اور ادارہ جاتی ردعمل‘ کے موضوع پر ہوگی۔
بہرحال، اجئے ماکن نے اگروال کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ ’’میں 17 نومبر 2026 کے نظرثانی شدہ ایجنڈے سے فضائی آلودگی پر سماعت کو خارج کیے جانے پر اپنا اعتراض درج کرانا چاہتا ہوں۔ صحت کو لاحق خطرات کی سنگینی کے پیش نظر میری درخواست ہے کہ اس تبدیلی پر دوبارہ غور کیا جائے اور سماعت کو اسی تاریخ کے ایجنڈے میں بحال کیا جائے۔‘‘ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے مزید کہا کہ ’’اگر اسے بحال کرنا ممکن نہیں ہے تو براہ کرم اس کے لیے جلد از جلد کوئی متبادل تاریخ طے کر کے اس کی اطلاع دی جائے اور تبدیلی کی وجہ بھی بتائی جائے۔ میں مقررہ میٹنگ سے پہلے آپ کے جواب کا منتظر رہوں گا۔‘‘
واضح رہے کہ اجئے ماکن نے پہلے ہی فضائی آلودگی کے مسئلے پر جانچ کی درخواست کی تھی۔ کانگریس لیڈر نے بتایا کہ انھوں نے 2 نومبر کو لکھے گئے اپنے خط میں فضائی آلودگی کے مسئلے کی جانچ اور اس پر غور کرنے کی درخواست کی تھی۔ انھوں نے کمیٹی کے چیئرمین کا شکریہ بھی ادا کیا کہ انھوں نے 27-2026 کے سالانہ پروگرام میں اس موضوع کو شامل کیا تھا۔ یہ پروگرام 6 نومبر کو بلیٹن پارٹ 2، نمبر 66837 کے تحت شائع کیا گیا تھا، جس میں فضائی آلودگی کا موضوع 13ویں نمبر پر درج تھا۔
اجئے ماکن نے کہا کہ دہلی میں فضائی آلودگی کے بحران کو صحت عامہ کی ہنگامی صورت حال کے طور پر لیا جانا چاہیے۔ انھوں نے آلودگی کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) میں 500 کا عدد آلودگی کی اصل سطح نہیں بلکہ اس کی زیادہ سے زیادہ حد ہے، کیونکہ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کا انڈیکس 500 پر محدود کر دیا گیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’سی پی سی بی کے اپنے کیلکولیٹر میں شدید آلودگی کے زمرے کے لیے ایسے فارمولے موجود ہیں جن کے تحت انڈیکس کی قدر 500 سے بھی اوپر جا سکتی ہے، لیکن اسکرین پر دکھائی جانے والی زیادہ سے زیادہ حد مقرر ہونے کی وجہ سے 500 سے اوپر کے تمام نتائج کو 500 ہی دکھایا جاتا ہے۔‘‘ ماکن کے مطابق جب 24 گھنٹوں کے دوران پی ایم 2.5 کی سطح 380 مائیکرو گرام فی مکعب میٹر سے تجاوز کر جاتی ہے یا پی ایم 10 کی سطح 510 تک پہنچ جاتی ہے تو متعلقہ مانیٹرنگ اسٹیشن پر اے کیو آئی 500 دکھایا جاتا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’اگر پی ایم 2.5 کی سطح 600 ہو تو سی پی سی بی کے فارمولے کے مطابق اے کیو آئی تقریباً 669.2 بنتا ہے، لیکن اسکرین پر اسے 500 ہی دکھایا جاتا ہے۔‘‘
اجے ماکن نے کہا کہ کمزور طبقات کے تحفظ، آلودگی پر مؤثر کنٹرول اور مختلف ایجنسیوں کے درمیان تال میل جیسے معاملات پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ یہ تمام موضوعات پہلے ہی پارلیمانی کمیٹی کے منتخب کردہ امور میں شامل ہیں۔ ان کے مطابق اگر کمیٹی اس معاملے پر فوری سماعت کرتی ہے تو اسے یہ جانچ کرنے کا موقع ملے گا کہ ذمہ دار ایجنسیاں کیا اقدامات کر رہی ہیں، ان اقدامات پر عمل درآمد میں کہاں کمی ہو رہی ہے اور صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے فوری طور پر کون سے اصلاحی اقدامات ضروری ہیں۔
اجئے ماکن نے رادھا موہن داس اگروال کو لکھے گئے خط میں کہا کہ ’’فضائی آلودگی کا موضوع کمیٹی کے شائع شدہ سالانہ پروگرام میں اب بھی شامل ہے۔ میری تشویش خاص طور پر 17 نومبر کو مقررہ سماعت کو ایسے وقت میں ایجنڈے سے ہٹائے جانے پر ہے جب صحت کو لاحق خطرات کے پیش نظر اس معاملے کی بروقت جانچ انتہائی ضروری ہے۔ اس موضوع کو ایجنڈے سے خارج کیے جانے کی وجہ بتائی جانی چاہیے اور اس پر غور کے لیے ایک حتمی تاریخ مقرر کی جانی چاہیے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
