فلپائن میں خطاب جیت کر 22 سالہ انوج شریواتری ہندوستان کے 100ویں شطرنج گرینڈ ماسٹر بنے، وزیر اعظم مودی نے دی مبارکباد

پی ایم مودی نے کہا کہ ’ہندوستان کا 100 گرینڈ ماسٹرز تک پہنچنا ایک اہم سنگ میل ہے، جو ہمارے کھلاڑیوں کی بے پناہ صلاحیت اور لگن کے ساتھ ساتھ نوجوانوں میں شطرنج کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو بھی ظاہر کرتا ہے‘

<div class="paragraphs"><p>انوج شریواتری، تصویر سوشل میڈیا&nbsp;@NitinNabin</p></div>
i

ہندوستان نے شطرنج کی دنیا میں ایک اور بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ مدھیہ پردیش کے 22 سالہ انوج شریواتری ملک کے 100ویں شطرنج گرینڈ ماسٹر بن گئے ہیں۔ انوج شریواتری نے 8 نومبر کو فلپائن مین منعقدہ 7ویں آسیان پلس انڈیویجول اوپن شطرنج چمپئن شپ جیت کر یہ کامیابی حاصل کی۔ انوج شریواتری کی اس کامیابی پر وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی انہیں مبارکباد دی۔ وزیر اعظم مودی نے ہندوستان کے 100ویں گرینڈ ماسٹر بننے کو شطرنج کی بڑھتی ہوئی مقبولیت، کھلاڑیوں کی صلاحیت اور محنت کی ایک بڑی مثال قرار دیا۔ ساتھ ہی امید ظاہر کی کہ یہ کامیابی ملک کے نوجوانوں کو شطرنج اپنانے اور اس کھیل میں آگے بڑھنے کی ترغیب دے گی۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے ’ایکس‘ ہینڈل پر لکھا کہ ’’ہندوستان نے شطرنج میں سنچری مکمل کر لی ہے! ہے نا یہ غیر معمولی کامیابی؟ اب ہندوستان میں شطرنج کے 100 گرینڈ ماسٹر ہو گئے ہیں! ہندوستان کے 100ویں شطرنج گرینڈ ماسٹر بننے پر انوج شریواتری کو بہت بہت مبارکباد! یہ واقعی ایک شاندار کامیابی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’ہندوستان کا 100 گرینڈ ماسٹرز تک پہنچنا ایک اہم سنگ میل ہے، جو ہمارے کھلاڑیوں کی بے پناہ صلاحیت، لگن اور سخت محنت کے ساتھ ساتھ نوجوانوں میں شطرنج کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ یہ دیکھ کر خاص خوشی ہوتی ہے کہ ملک کے مختلف حصوں سے نوجوان شطرنج کے کھلاڑی سامنے آ رہے ہیں اور عالمی سطح پر اپنی شناخت بنا رہے ہیں۔ امید ہے کہ یہ کامیابی مزید نوجوانوں کو شطرنج اپنانے اور اس کھیل میں بہترین کارکردگی دکھانے کی ترغیب دے گی۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ مدھیہ پردیش کے 22 سالہ انوج شریواتری نے 8 نومبر کو فلپائن میں منعقدہ 7ویں آسیان پلس انڈیویجول اوپن شطرنج چمپئن شپ جیت کر گرینڈ ماسٹر کا خطاب حاصل کیا۔ اس کے ساتھ ہی وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے مدھیہ پردیش کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ اوزامس سٹی میں منعقدہ اس ٹورنامنٹ میں انوج شریواتری نے 9 راؤنڈ میں 7 پوائنٹس حاصل کیے۔ وہ ویتنام کے گوین ڈک ہوآ سے نصف پوائنٹ آگے رہے۔ انوج شریواتری ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا مقابلہ ہار گئے تھے۔ اس کے بعد انوج شریواتری نے شاندار واپسی کی۔ انہوں نے اگلے 8 میں سے 6 مقابلوں میں کامیابی حاصل کی، جب کہ 2 مقابلے ڈرا رہے۔ آخری راؤنڈ میں آسٹریلیا کے جیمز مورس کو شکست دے کر انہوں نے ٹورنامنٹ کا خطاب جیتا اور گرینڈ ماسٹر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔