دیگر ممالک

چین میں پھر آیا زلزلہ، ریکٹر اسکیل پر شدت 5.6 درج

’چین زلزلہ نیٹورک سینٹر‘ (سی ای این سی) کے مطابق زلزلے کی شدت 5.6 تھی۔ اس کا مرکز چنگھائی کے ہائیکسی پریفیکچر میں زمین سے قریب 10 کلو میٹر نیچے تھا۔

<div class="paragraphs"><p>زلزلہ / علامتی تصویر / آئی اے این ایس</p></div>

زلزلہ / علامتی تصویر / آئی اے این ایس

 

شمال مغربی چین کے چنگھائی صوبہ میں مقامی وقت کے مطابق صبح 5.36 پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ چین زلزلہ نیٹ ورک سینٹر (سی ای این سی) کے مطابق زلزلے کی شدت 5.6 تھی۔ اس کا مرکز چنگھائی کے ہائیکسی پریفیکچر میں زمین کے قریب 10 کلو میٹر نیچے تھا۔ سی ای این سی کے مطابق زلزلے کا مرکز 37.81 ڈگری شمالی عرض البلد اور 95.63 ڈگری مشرقی طول بلد پر واقع تھا۔ زلزلے کی گہرائی کم ہونے کی وجہ سے آس پاس کے علاقوں میں جھٹکے محسوس کیے گئے۔ فی الحال زلزلے کے سبب کسی جانی یا مالی نقصانات کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ مقامی انتظامیہ کے ذریعہ حالات پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

چین دنیا کے ان ممالک میں شمار کیا جاتا ہے، جہاں زلزلے کا خطرہ بہت زیادہ ہے، جس کی اہم وجہ یہ ہے کہ ملک کے مغربی اور جنوب مغربی حصوں میں انڈین پلیٹ اور یوریشین پلیٹ کے تصادم اور کئی ایکٹو فالٹ کا موجود ہونا ہے۔ خصوصاً تبت، سیچوان، یوننان، شنجیانگ اور آس پاس کے علاقے زلزلے کی سرگرمیوں کے لحاظ سے حساس ہیں۔ چین کے سیچوان میں 12 مئی 2008 کو 7.9 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس کے نتیجے میں تقریباً 87000 افراد کی موت ہوئی یا لاپتہ ہوگئے اور بڑی تعداد میں عمارتیں اور سڑکیں تباہ ہوئی تھیں۔ یہ چین کی حالیہ تاریخ کی سب سے بڑی قدرتی آفات میں سے ایک تھی۔

14 اپریل 2010 کو چنگھائی کے یوشو علاقہ میں تقریباً7.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا، اس زلزلے میں تقریباً 2600 افراد کی موت ہوئی اور ہزاروں لوگ زخمی ہوئے تھے۔ دسمبر 2023 میں گانسو اور چنگھائی کے سرحدی علاقے میں 6.2 شدت کا زلزلہ آیا، اس میں 140 سے زیادہ لوگوں کی موت ہوئی اور بڑی تعداد میں عمارتیں تباہ ہو گئی تھیں۔ چین کا مغربی حصہ کافی زیادہ متاثر ہوا تھا۔ ہندوستانی پلیٹ شمال کی جانب بڑھتے ہوئے یوریشین پلیٹ سے ٹکرا جاتی ہے۔ اس ٹکراؤ سے ہمالیہ اور تبتی پٹھار (سطح مرتفع) کی تعمیر ہوئی اور آس پاس کی چٹانوں میں مسلسل تناؤ محسوس ہوتا رہا۔ یہ تناؤ ایکٹو فالٹ پر اچانک جاری ہو جاتا ہے، تو زلزلے کا سبب بنتا ہے۔ اس کے علاوہ چین میں سیچوان- یونان علاقہ، تبت اور شنجیانگ جیسے علاقوں میں کئی ایکٹو فالٹ ہیں۔ اس لیے یہاں چھوٹے اور درمیانے درجے کے زلزلے باقاعدگی سے محسوس کیے جاتے ہیں، جب کہ بعض اوقات انتہائی طاقتور زلزلے بھی آتے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔