خبریں

یو پی: پلوامہ کے شہید جوانوں کو مدرسوں نے کیا سلام، دہشت گردی کے خلاف بلند کی آواز

پلوامہ دہشت گردانہ حملہ کے خلاف مغربی اتر پردیش کے مدرسوں سے لگاتار آواز اٹھ رہی ہے۔ پلوامہ میں ہوئے بزدلانہ حملے کے اگلے ہی دن سے علاقے میں مدرسوں کے مظاہرے شروع ہو گئے تھے جو ہنوز جاری ہیں۔

تصویر آس محمد کیف
تصویر آس محمد کیف 

پلوامہ میں دہشت گردانہ حملے کے بعد ملک بھر میں اس کے خلاف غم و غصہ ہے۔ واقعہ کے خلاف ملک بھر میں جگہ جگہ مظاہرے ہو رہے ہیں۔ مغربی اتر پردیش کے مدرسوں سے بھی لگاتار اس واقعہ کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ دہشت گردانہ حملے کے اگلے ہی دن سے علاقے کے مدرسوں کے مظاہرے شروع ہو گئے تھے جو اب تک جاری ہیں۔

اتوار کو مظفر نگر کے چرتھاول کے نگر رائی کے جامعہ الہدایہ جامعہ نگر کے طلبا نے مل کر فوج کی حمایت میں اور دہشت گردی کے خلاف جلوس نکال کر اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے ملک کی سیکورٹی اور آپسی اتحاد سے کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف منھ توڑ جواب دینے کا عزم ظاہر کیا۔ میرا پور میں مدرسہ کے طلبا اپنے استادوں کے ساتھ کالی پٹی باندھ کر قصبے کے اہم شاہراہوں سے گزرے اور ’دہشت گردی تباہ ہو، پاکستان برباد ہو‘ جیسے نعرے لگائے۔

Published: 18 Feb 2019, 8:09 PM IST

تصویر آس محمد کیف

جمعیۃ علماء مظفر نگر کی طرف سے آج علی الصبح نگلا رائی چرتھاول میں جامعہ الہدایہ جامعہ نگر میں علاقے کے معزز لوگ، سماجی و سیاسی لوگ جمع ہوئے جہاں پلوامہ دہشت گردانہ حملے میں مارے گئے 44 فوجیوں کے اہل خانہ کے تئیں اظہارِ غم کرتے ہوئے سبھی نے اس حملے کی ایک آواز میں مذمت کی اور پاکستان کو اسی کی زبان میں جواب دینے کا مطالبہ کیا۔

جمعیۃ علماء مغربی یو پی کے نائب صدر حافظ فرقان اسعدی نے اس حملے کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کی سیکورٹی اور روح پر حملہ ہے جو کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ بے قصور لوگوں کو مارنا پوری انسانیت کا قتل کرنا ہے اور اس عمل کو دنیا کا کوئی بھی مذہب صحیح نہیں ٹھہراتا۔ انھوں نے کہا کہ غم کے اس وقت میں ہندوستان کا ہر شہری شہید ہونے والے فوجیوں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہے۔

Published: 18 Feb 2019, 8:09 PM IST

تصویر آس محمد کیف

اس کے علاوہ مظفر نگر-بجنور سڑک پر واقع مدرسہ جامعہ ملیہ اسلامیہ نے بھی اس شرمناک دہشت گردانہ حملہ کے خلاف جلوس نکالا۔ اسکولی بچوں نے شہید ہونے والے فوجیوں کے تئیں اظہار غم کرتے ہوئے ہندوستانی فوج کی حمایت میں ایک مارچ بھی نکالا جس میں دہشت گردی مخالف نعروں کے ساتھ ’فوج زندہ باد‘ کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔

Published: 18 Feb 2019, 8:09 PM IST

اس موقع پر جمعیت کے ضلع سکریٹری اور جامعہ الہدایہ کے مہتمم مولانا موسیٰ قاسمی نے کہا کہ پلوامہ حملے سے پورا ملک صدمے میں ہے۔ یہ غلط اور ناپاک حرکتیں کسی بھی قیمت پر برداشت کے قابل نہیں ہیں۔ پلوامہ حملے میں شہید ہونے والے سی آر پی ایف کے 49 جوان ہمارے لیے بیش قیمتی سرمایہ تھے، جن کی شہادت ہمارے لیے تکلیف دہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند ہمیشہ سے ہی دہشت گردی اور مذہبی تشدد کے خلاف رہی ہے اور دہشت گردی کے خلاف میدان میں ڈٹ کر ہمیشہ جدوجہد کرتی رہی ہے۔ انھوں نے ملک میں کسی مذہب کے ساتھ دہشت گردی کو جوڑنے والی طاقتوں کی سخت الفاظ میں تنقید کی۔

Published: 18 Feb 2019, 8:09 PM IST

تصویر آس محمد کیف

جامعہ اسلامیہ میرا پور کے مہتمم مولانا ارشد قاسمی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہم سبھی کو مشترکہ لڑائی لڑنی ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ ’’پلوامہ حملہ ہمارے لیے دل کو دہلا دینے والا حملہ ہے۔ ہم اس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ہم حکومت ہند کے ساتھ ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ان دہشت گردانہ حملوں کا منھ توڑ جواب دیا جائے۔ ہندوستان کا ہر شہری اپنی فوج اور حکومت کے ساتھ ہے۔‘‘

مظاہرے میں شامل بچوں کے ہاتھوں میں چھوٹی چھوٹی تختیاں تھیں، جس میں اسکولوں کے چھوٹے بچوں نے دہشت گردی کے خلاف نعرہ لکھ رکھا تھا۔ مغربی اتر پردیش کے تمام بڑے علماء نے اس حملے کی تنقید کی ہے۔

Published: 18 Feb 2019, 8:09 PM IST

تصویر آس محمد کیف

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 18 Feb 2019, 8:09 PM IST