خبریں

اہم خبریں : یو پی میں ٹوٹا ریکارڈ، 24 گھنٹے میں 27 ہزار سے زائد نئے کورونا کیسز درج

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

یو پی کورونا سے بے حال، 24 گھنٹے میں 27 ہزار سے زیادہ نئے کیسز، 103 اموات

اتر پردیش میں کورونا نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ یوگی حکومت میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 27 ہزار 426 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ اس دوران 103 لوگوں کی موت بھی واقع ہوئی ہے۔ اتر پردیش میں اس سے قبل کبھی ایک دن میں اتنے زیادہ نئے کیسز سامنے نہیں آئے تھے۔

Published: 16 Apr 2021, 1:52 PM IST

سائمہ اختر کو جائز سوالات پوچھنے پر گرفتار کیا گیا: محبوبہ مفتی

سری نگر: پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ کولگام کی رہنے والی سائمہ اختر کے خلاف اس وجہ سے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے کیونکہ انہوں نے اپنے مکان کی بلاوجہ تلاشی لینے پر سیکورٹی فورسز سے جائز سوالات پوچھے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ نئے کشمیر میں ظلم کی انتہا یہ ہے کہ خواتین کو بھی بخشا نہیں جاتا ہے۔

Published: 16 Apr 2021, 1:52 PM IST

مغربی چمپارن: ہندوستان پٹرولیم گیس ایجنسی کے گودام میں لگی آگ

بیتیا: بہار میں مغربی چمپارن ضلع کے بیریا تھانہ علاقہ کے سنت گھاٹ واقع ہندوستان پٹرولیم گیس ایجنسی کے ایک گودام میں بھیانک آگ لگ گئی۔ ضلع مجسٹریٹ کندن کمار نے جمعہ کویہاں بتایاکہ جمعہ کی دیر شام اطلاع ملی کہ بیتیا سنت گھاٹ کے نزدیک ہندوستان پٹرولیم کے گودام میں آگ لگ گئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی فوراً آفات مینجمنٹ کی ٹیم، فائربریگیڈ کی ٹیم، ضلع انتظامیہ، اور پولیس انتظامیہ کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر سخت مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔ ذرائع نے بتایاکہ آگ لگنے کی وجوہات کا فی الحال پتہ نہیں چل سکا ہے معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے۔

Published: 16 Apr 2021, 1:52 PM IST

آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے کورونا سے جنگ جیتی، اسپتال سے ملی چھٹی

ممبئی: کورونا مثبت پائے جانے کے بعد ناگپور کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت نے آج یہاں کورونا کو شکست دی اور انہیں اسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔ ناگپور کے اسپتال میں گزشتہ ہفتہ سے زیر علاج موہن بھاگوت کو سانس لینے میں تکلیف اور تیز بخار کے بعد علاج کیلئے داخل کیا گیا تھا۔ اسپتال کے ڈائریکٹر سربجیت داس گپتا نے بتلایا کہ موہن بھاگوت مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں اور ان کی آکسیجن سطح و دیگر اعضا معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔

Published: 16 Apr 2021, 1:52 PM IST

دہلی میں اختتام ہفتہ پر کرفیو کے دوران میٹرو ہر 15 منٹ کے وقفہ پر دستیاب ہوگی

دہلی میٹرو ریل کارپوریشن نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے آئندہ اختتام ہفتہ پر کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے نافذ کئے جا رہے کرفیو کے دوران یعنی کہ 17 اور 18 اپریل کو دہلی میٹرو کے تمام اسٹیشنوں پر میٹرو ہر 15 منٹ کے بعد دستیاب ہوگی۔

Published: 16 Apr 2021, 1:52 PM IST

راجستھان میں تمام مذہبی مقامات کے ساتھ درگاہ اجمیر شریف بھی عام لوگوں کے لئے بند

کورونا وبا کے پیش نظر راجستھان میں تمام مذہبی مقامات کو بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ جس کے بعد خواجہ معین الدین چشتیؒ کی درگاہ اجمیر شریف کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ اجمیر کے ڈی سی پرکاش راج پروہت نے کہا، ’’ریاست کی نئی کورونا سے متعلق رہنما ہدایات کی روشنی میں درگاہ اجمیر شریف کو عام لوگوں کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ دیگر مذہبی مقامات بھی عقیدتمندگان کے لئے 30 اپریل تک بند رہیں گے۔‘‘

Published: 16 Apr 2021, 1:52 PM IST

امریکہ: انڈیانا میں مسلح شخص کی فائرنگ سے 8 افراد ہلاک، متعدد زخمی

امریکی ریاست انڈیانا میں مسلح شخص کی فائرنگ سے 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی ریاست انڈیانا میں ایک مسلح شخص نے فیڈیکس کے دفتر کے باہر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ حملہ آور نے خود کو بھی گولی مارکر خودکشی کرلی۔

انڈیانا پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں شہر کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

Published: 16 Apr 2021, 1:52 PM IST

نیٹو کا یکم مئی سے افغانستان سے فوجی انخلا کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ

نیٹو (نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن) نے افغانستان سے اپنے فوجی نکالنے کے لیے باقاعدہ تیاری شروع کر دی ہے۔ نیٹو اتحاد میں شریک ممالک کے وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع نے یکم مئی سے مربوط، ترتیب وار اور طے شدہ انداز میں فوجی انخلا شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ سلسلہ چند ماہ میں مکمل ہو جائے گا۔

امریکی صدر جو بائیڈن بھی افغانستان سے فوجی انخلا کا اعلان کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ اب امریکہ کی طویل ترین جنگ ختم کرنے کا وقت آن پہنچا ہے۔ خیال رہے کہ اس وقت افغانستان میں نیٹو اتحاد کے قریب 10 ہزار فوجی موجود ہیں۔

Published: 16 Apr 2021, 1:52 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 16 Apr 2021, 1:52 PM IST