
تصویر @Muslim_ITCell
سعودی عرب میں مدینہ کے قریب پیش آئے المناک سڑک حادثہ میں 45 عمرہ زائرین کی موت نے سعودی کے ساتھ ساتھ ہندوستان میں بھی غم و اندوہ کی لہر دوڑا دی ہے۔ مہلوکین میں بیشتر کا تعلق حیدر آباد سے تھا اور اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ 18 عمرہ زائرین کا تعلق ایک ہی کنبہ سے تھا۔ یعنی اس سڑک حادثہ نے اُس فیملی پر غموں کا ایسا پہاڑ توڑ دیا ہے، جو عرصۂ دراز تک بھولا نہیں جا سکے گا۔
Published: undefined
میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدر آباد میں رہائش پذیر ایک ہی فیملی کے 18 افراد نے عمرہ کے مقصد سے مکہ مدینہ کا سفر کیا تھا، اور اب واپسی قریب تھی لیکن حادثہ کا شکار ہو گئے۔ ان 18 لوگوں میں 9 بچے بھی شامل ہیں۔ سبھی لوگ آئندہ ہفتہ کی شام گھر لوٹنے والے تھے، لیکن ان کی آمد سے قبل گھر والوں کو دردناک خبر مل گئی۔ اس کنبہ کے ایک فرد آصف نے میڈیا کو بتایا کہ ’’میری بھابھی، دیور، ان کا بیٹا، 3 بیٹیاں اور ان کے بچے عمرہ کے لیے گئے تھے۔ وہ 8 دن قبل روانہ ہوئے تھے۔ عمرہ مکمل ہو چکا تھا اور وہ مدینہ لوٹ رہے تھے۔ رات تقریباً 1.30 بجے یہ حادثہ پیش آیا اور بس آگ میں تباہ ہو گئی۔ انھیں ہفتہ کے روز لوٹنا تھا۔‘‘
Published: undefined
آصف کا کہنا ہے کہ اس دردناک حادثہ سے قبل وہ اپنے رشتہ داروں سے مستقل رابطے میں تھے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’ایک ہی کنبہ کے 18 اراکین، جن میں 9 بالغ اور 9 بچے شامل تھے، سبھی ہلاک ہو گئے۔ یہ ہمارے لیے ایک خوفناک واقعہ ہے۔‘‘ آصف نے اپنے کچھ رشتہ داروں کی شناخت نصیر الدین (70 سال)، ان کی بیوی اختر بیگم (62 سال)، بیٹے صلاح الدین (42 سال)، بیٹیوں امینہ (44 سال)، رضوانہ (38 سال) اور شبانہ (40 سال) کی شکل میں کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نصیر الدین اور ان کے خاندان کے رام نگر واقع گھر پر کوئی پڑوسی سے چابیاں لے کر آیا اور جیسے ہی ان کی بہن اپنے بھائی کے گھر میں داخل ہوئی تو زور زور سے رونے کی آوازیں آنے لگیں۔ پھر پورے علاقے میں یہ خبر پھیلی اور سبھی غم میں ڈوب گئے۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ حادثہ بس کے تیل ٹینکر سے ٹکرانے کے سبب پیش آیا تھا۔ ٹکر کے بعد بس میں آگ لگ گئی، اور اس میں سوار 46 عمرہ زائرین میں سے صرف ایک کی جان بچ سکی۔ اس خوش قسمت شخص کا نام محمد عبدالشعیب بتایا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 24 سالہ عبدالشعیب بھی حیدر آباد کا باشندہ ہے۔ وہ اُس وقت بس ڈرائیور کے بغل میں بیٹھا تھا، جب تیل ٹینکر سے بس کی ٹکر ہوئی تھی۔ زخمی حالت میں اسے فوراً اسپتال میں داخل کرایا گیا، لیکن فی الحال اس کی صحت کے بارے میں زیادہ جانکاری سامنے نہیں آئی ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز