خبریں

اہم خبریں: 10 فروری سے 7 مارچ تک ’ایگزٹ پول‘ پر مکمل پابندی، الیکشن کمیشن کا حکم

الیکشن کمیشن، تصویر یو این آئی
الیکشن کمیشن، تصویر یو این آئی 

10 فروری سے 7 مارچ تک ’ایگزٹ پول‘ پر مکمل پابندی، الیکشن کمیشن کا حکم

الیکشن کمیشن نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پانچ ریاستو میں اسمبلی انتخاب ہونے تک ایگزٹ پول پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن نے آج حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ 10 فروری سے 7 مارچ تک سبھی طرح کے ایگزٹ پول پر روک رہے گی۔

Published: 29 Jan 2022, 9:26 AM IST

کانگریس کو پریاگ راج میں نوجوانوں کا منشور جاری کرنے سے روکا گیا، پرینکا ناراض

پریاگ راج میں آج کانگریس نوجوانوں کے لیے خصوصی منشور جاری کرنے والی تھی، لیکن انتظامیہ نے ایسا کرنے سے پارٹی کو روک دیا۔ اس سلسلے میں کانگریس جنرل سکریٹری اور یوپی انچارج پرینکا گاندھی نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے ’’بی جے پی لیڈر بھیڑ کے ساتھ تشہیر کریں، نفرت بھری باتیں کریں۔ انتظامیہ کا کوئی ایکشن نہیں۔ لیکن کانگریس پارٹی کو آج پریاگ راج میں نوجوانوں کا منشور جاری کرنے سے روکا گیا۔‘‘ انھوں نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے مزید لکھا ہے ’’حکومت کے دباؤ میں انتخابی کمیشن و انتظامیہ نوجوانوں کے ایجنڈے کو دبانے اور جمہوریت کو کچلنے میں مصروف ہے۔ غیر جانبداری؟‘‘

Published: 29 Jan 2022, 9:26 AM IST

ہمیں جھوٹ اور نفرت پھیلانے والوں سے مقابلہ کرنا ہے، جینت چودھری

غازی آباد میں آر ایل ڈی سربراہ جینت چودھری نے کہا ’’یوپی انتخابات کے دوران فیصلہ ووٹرز کو کرنا ہے۔ ایک طرف حکومت ہے جو کسانوں کو دبانا چاہتی ہے، جہاں کوئی سنوائی نہیں، جہاں کوئی وعدہ پورا نہیں ہوتا اور دوسری طرف آر ایل ڈی اور ایس پی کی کوشش ہے۔ ہمیں جھوٹ اور نفرت پھیلانے والے لوگوں سے مقابلہ کرنا ہے۔‘‘

Published: 29 Jan 2022, 9:26 AM IST

’دہلی جِم ایسوسی ایشن‘ کے ارکان کا مظاہرہ، دہلی میں جِم کھولے جانے کا مطالبہ

دہلی جِم ایسوسی ایشن کے ارکان نے آج دہلی حکومت کے سامنے جِم کھولے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ راجدھانی میں کورونا پروٹوکول کے تحت جمز کو بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ مظاہرہ کرنے والے ایک شخص نے کہا، ’’سب کچھ کھولا جا رہا صرف جم ہی بند ہیں۔ ہمارے خرچے بہت زیادہ ہیں لیکن کمانے کا کوئی ذریعہ نہیں ہے۔‘‘

Published: 29 Jan 2022, 9:26 AM IST

بی جے پی امیدوار سمیت 250 لوگوں کے خلاف کیس درج

پرتاپ گڑھ: اترپردیش میں پرتاپ گڑھ ضلع کے تھانہ کوتوالی لال گنج پولیس نے اسمبلی حلقہ رام پور خاص کے بی جے پی امیدوار سمیت 250 لوگوں کے خلاف جمعہ کی تاخیر شام ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا کیس درج کیا۔ ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ مغربی روہت مشرہ نے آج بتایا کہ اسمبلی حلقہ رام پور خاص سے بی جے پی کے ناگیش پرتاپ سنگھ عرف چھوٹے سرکار امیدوار ہیں، جہاں انہوں نے جمعہ کو بغیر اجازت اپنے سیکڑوں حامیوں کے ساتھ جلوس نکالا، کووڈ پروٹوکال پر عمل نہیں کیا ،اور مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے، پولیس نے اڑن دستہ انچارج کمار کیرتی ویر نیلوتپل کی شکایت پر امیدوار ناگیندر پرتاپ سنگھ عرف چھوٹے سرکار کے خلاف نامزد و 249 نامعلوم سمیت کل 250 لوگوں کے خلاف کیس درج کر تحقیقات شروع کر دی ہے۔

Published: 29 Jan 2022, 9:26 AM IST

مودی حکومت نے پیگاسس کے ذریعے جاسوسی کر کے ملک سے غداری کی، راہل گاندھی

کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی اس انکشاف کے بعد کہ حکومت نے 2017 میں دفاعی سودے کے تحت پیگاسس سپائی ویئر خریدا اور اس کا استعمال لوگوں کی جاسوسی کے لئے کیا، مودی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’مودی حکومت نے ہمارے جمہویت کے ابتدائی اداروں، سیاستدانوں اور عوام کی جاسوسی کے لئے پیگاسس خریدا تھا۔ فون ٹیپ کر کے حزب اقتدار، حزب اختلاف، فوج، عدلیہ سب کو نشانہ بنایا یہ ملک کے ساتھ غداری ہے۔‘‘

Published: 29 Jan 2022, 9:26 AM IST

تین مہینے سے زیادہ کی حاملہ کو عارضی طور پر نااہل قرار نہ دیا جائے، دہلی خاتون کمیشن کا ایس بی آئی کو نوٹس

دہلی خاتون کمیشن نے ایس بی آئی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے حاملہ خواتین سے متعلق نوٹیفکیشن کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تین مہینے سے زیادہ کی حاملہ کو عرضی طور پر کام کرنے کے لئے نااہل قرار دیا گیا ہے۔ دہلی خاتون کمیشن کی سربراہ سواتی مالیوال نے کہا کہ ایس بی آئی کا یہ فیصلہ امتیازی بھی ہے اور غیر قانونی بھی۔

Published: 29 Jan 2022, 9:26 AM IST

مہاراشٹر کے پونے میں اسکول یکم فروری سے کھلے جائیں گے، نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار

مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کہا ہے کہ ریاست کے پونے ضلع میں اسکول اور کالج یکم فروری سے دوبارہ کھلیں گے۔ پہلی جماعت سے سے 8 ویں جماعت کے لیے، اسکول کے اوقات معمول کے اوقات سے آدھے ہوں گے لیکن کلاس 9 سے 10 کے لیے کلاسز حسب معمول چلیں گی۔ کالج بھی اپنے وقت کے مطابق ہی کھولے جائیں گے۔

اجیت پوار نے مزید کہا کہ اسکول میں حاضر رہنے کے لیے والدین کی رضامندی درکار ہوگی۔ پہلی تا 8ویں جماعت کے بارے میں مزید فیصلہ اگلی میٹنگ میں لیا جائے گا۔

Published: 29 Jan 2022, 9:26 AM IST

ہندوستان میں کورونا کے 2 لاکھ 35 ہزار نئے کیسز، 871 اموات

مرکزی وزارت صحت کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 2 لاکھ 35 ہزار 532 نئے معاملے درج کئے گئے۔ اس دوران 871 افراد کی جان چلی گئی، جبکہ 3 لاکھ 35 ہزار 939 مریضوں نے شفایابی حاصل کر لی۔

فی الحال ملک بھر میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 20 لاکھ 04 ہزار 433 ہے جو کہ مجموعی کیسز کا 4.91 فیصد ہے۔ جبکہ یومیہ پازیٹوٹی کی شرح کچھ کم ہو کر 13.39 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ملک بھر میں کورونا ویکسین کی ایک ارب 65 کروڑ 04 لاکھ 87 ہزار سے زیادہ خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔

Published: 29 Jan 2022, 9:26 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 29 Jan 2022, 9:26 AM IST