راجستھان: بھیواڑی کی کیمیکل فیکٹری میں بھیانک آتشزدگی، 7 مزدوروں کی موت

آگ لگنے کی وجہ تاحال واضح نہیں ہے۔ ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ شارٹ سرکٹ یا آتش گیر مادے کی وجہ سے آگ لگی۔ اس دوران انتظامیہ نے معاملے کی مجسٹریل انکوائری کا عندیہ دیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل فوٹو</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

راجستھان کے بھیواڑی واقع خوش کھیڑا انڈسٹریل علاقے میں پیرکی صبح زورداردھماکے کے بعد بھیانک آگ لگ گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق نجی صنعتی یونٹ میں لگنے والی آگ میں تقریباً 7 مزدوروں کی المناک موت ہو گئی جبکہ متعدد افراد شدید جھلس گئے ہیں۔ حادثے کے بعد موقع پرافراتفری مچ گئی۔ اس واردات کے بعد پورے علاقے میں سوگ اوردہشت کا ماحول ہے۔

اطلاعات کے مطابق خوش کھیڑا انڈسٹریل ایریا کے پلاٹ جی1-118بی  میں پیر کی صبح اچانک زوردار دھماکہ ہوا اور پھرآگ کے شعلے اٹھنے لگے۔ اطلاعات کے مطابق آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے خوفناک شکل اختیار کرلی اور پوری فیکٹری کو اپنی زد میں لے لیا۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ اندر کام کررہے مزدوروں کو باہر نکلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ پولیس کنٹرول روم نے صبح 9:22 بجے ریکو فائر بریگیڈ کو واردات کی اطلاع دی۔


ابتدائی اطلاعات کے مطابق تقریباً 6 مزدور جھلسنے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ فائر بریگیڈ نے بڑی مشقت کے بعد تمام لاشوں کو باہر نکالا۔  کچھ لاشیں اس قدر جل چکی تھیں کہ ان کی شناخت کرنا مشکل ہورہا ہے۔  واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، انتظامی افسران ، فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں، ریسکیو ٹیمیں اور طبی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر آگ پر قابو پانے اور اندر پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے آپریشن شروع کردیا گیا۔ افسران کے مطابق دوافراد کے اندر پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پرقریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

آگ لگنے کی وجہ تاحال واضح نہیں ہے۔ ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ شارٹ سرکٹ یا آتش گیر مادے کی وجہ سے آگ لگی۔ اس دوران انتظامیہ نے معاملے کی مجسٹریل انکوائری کا عندیہ دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی فیکٹری کے حفاظتی انتظامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اس المناک حادثے کے بعد انڈسٹریل ایریا میں کام کاج میں خلل پڑا ہے۔ انتظامیہ نے جاں بحق افراد کے لواحقین کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔