خبریں

اہم خبریں: تشدد میں ہلاک کسان گروِندر اور دلجیت کے کنبہ سے پرینکا گاندھی کی ملاقات

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

لکھیم پور کھیری تشدد میں ہلاک کسان گروِندر اور دلجیت کے کنبہ سے پرینکا کی ملاقات

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آج بہرائچ جا کر لکھیم پور تشدد میں مارے گئے شہید کسان شہید گروِندر سنگھ اور دلجیت سنگھ کے گھر والوں سے مل کر انصاف کی لڑائی لڑنے کا بھروسہ دلایا۔ انھوں نے کہا کہ سبھی متاثرہ کنبے انصاف چاہتے ہیں اور انصاف کے لیے وزیر کی برخاستگی اور ان کے بیٹے و دیگر قتل کے ملزمین پر کارروائی ضروری ہے۔

Published: 07 Oct 2021, 8:29 AM IST

لکھیم پور کھیری تشدد معاملہ میں دو افراد زیر حراست

لکھیم پور کھیری تشدد معاملہ میں پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ گچھ کی ہے۔ پولیس نے تشدد کے مقام سے گولیوں کے خول بھی برآمد کئے ہیں۔

لکھنؤ کی آئی جی لکشمی سنگھ نے کہا، ’’دو لوگوں سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔ انہوں نے تین دیگر افراد کے کردار کی تصدیق کی ہے جو فوت ہو چکے ہیں، یہ بھی اس کے لئے ذمہ دار ہیں۔ یہ لوگ کافی معلومات فراہم کر رہے ہیں۔ ہم کلیدی ملزم آشیش مشرا کو پوچھ گچھ کے لئے سمن بھجوا رہے ہیں۔‘‘

Published: 07 Oct 2021, 8:29 AM IST

وزیر اعلیٰ بنگال ممتا بنرجی نے رکن اسمبلی کے طور پر حلف اٹھایا

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے رکن اسمبلی کے طور پر حلف اٹھا لیا ہے۔ ممتا بنرجی حال ہی میں بھوانی پور سیٹ پر ہونے والے ضمنی انتخابات پر شاندار جیت حاصل کر کے اسمبلی کے لئے منتخب ہوئی ہیں۔ ممتا بنرجی کے علاوہ حال ہی میں منتخب ہونے والے دیگر ارکان اسمبلی امیر الاسلام اور ذاکر حسین نے بھی حلف لیا۔ تمام ارکان اسمبلی نے بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکڑ کی موجودگی میں حلف لیا۔

Published: 07 Oct 2021, 8:29 AM IST

لکھیم پور تشدد پر سپریم کورٹ میں سماعت کل تک کے لئے ملتوی، یوپی حکومت سے رپورٹ طلب

سپریم کورٹ میں لکھیم پور سانحہ پر سماعت کل یعنی جمعہ تک کے لئے ملتوی کر دی گئی ہے۔ قبل ازیں سپریم کورٹ نے یوپی حکومت سے لکھیم پور کھیری تشدد معاملہ پر اسٹیٹس رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ یوپی حکومت کو یہ رپورٹ کل تک پیش کرنا ہوگی۔

Published: 07 Oct 2021, 8:29 AM IST

لکھیم پور کھیری تشدد معاملہ پر سپریم کورٹ میں سماعت شروع 

سپریم کورٹ میں لکھیم پور کھیری تشدد کے اس معاملہ پر سماعت شروع ہو گئی ہے، جس میں 8 افراد کی جان چلی گئی تھی۔ یہ واقعہ 3 اکتوبر کو پیش آیا تھا اور اس کے حوالہ سے یوگی حکومت حزب اختلاف کے نشانہ پر ہے۔

سماعت شروع ہونے کے ساتھ ہی سپریم کورٹ نے رجسٹری سے کہا کہ یہ معاملہ مفاد عامہ کی درضی کے طور پر درج کیا جائے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ’’ہم نے یہ معاملہ ایڈوکیٹ شیو کمار ترپاٹھی اور سی ایس پانڈا کے مکتوب پر درج کیا ہے۔ ہم نے اسے پی آئی ایل کے طور پر دائر کرنے کے لیے کہا تھا لیکن کچھ غلط فہمی کی وجہ سے یہ ازخود نوٹس کے طور پر درج ہو گیا۔‘‘ عدالت نے دونوں وکلاء کو پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔

Published: 07 Oct 2021, 8:29 AM IST

ہندوستان میں کورونا کے 22431 نئے معاملے، 318 افراد فوت

مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں کورونا کے 22431 نئے معاملے رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس دوران 24602 افراد نے شفایابی حاصل کر لی جبکہ 318 افراد کی جان چلی گئی۔ ملک میں اب کورونا کے 2 لاکھ 44 ہزار 198 معاملے فعال ہیں جبکہ 3 کروڑ 32 لاکھ سے زیادہ افراد شفایابی حاصل کر چکے ہیں۔ دریں اثنا، تقریباً ساڑھے چار لاکھ لوگوں نے کورونا کے سبب اپنی جان گنوا دی ہے جبکہ کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 3 کروڑ 38 لاکھ 94 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ وہیں 92 کروڑ 63 لاکھ سے زیادہ افراد کورونا ویکسین کی خوراک لگوا چکے ہیں۔

Published: 07 Oct 2021, 8:29 AM IST

پاکستان میں شدید زلزلہ، 20 افراد ہلاک، 200 زخمی

پاکستان صوبہ بلوچستان میں گزشتہ شب آنے والے شدید زلزلے کے دوران کم از کم 20 افراد ہلاک اور 150 سے زیادہ کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

بی بی سی کے مطابق، قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ہرنائی میں لیویز فورس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ہرنائی شہر اور دیگر علاقوں میں زلزلے سے متعدد گھر گر گئے ہیں جہاں سے لوگوں کو نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔

Published: 07 Oct 2021, 8:29 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 07 Oct 2021, 8:29 AM IST