
مشہور و معروف ہندوستانی صنعت کار رتن ٹاٹا کو مرکزی حکومت کی طرف سے ایک بڑی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انھیں پی ایم کیئرس فنڈ کا نیا ٹرسٹی مقرر کیا گیا ہے۔ رتن ٹاٹا کے ساتھ ہی سپریم کورٹ کے سابق جسٹس کے ٹی تھامس اور لوک سبھا کے سابق ڈپٹی اسپیکر کریا منڈا کو بھی پی ایم کیئرس فنڈ کا ٹرسٹی بنایا گیا ہے۔
راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو پرساد یادو نے پارٹی کے ریاستی کونسل کے اجلاس کے دوران کہا ’’ہم 2024 میں بی جے پی کو اقتدار سے باہر کر دیں گے۔ میں نتیش کمار کے ساتھ جلد ہی دہلی جاؤں گا اور سونیا گاندھی سے ملاقات کروں گا۔ راہل گاندھی کے بھارت جوڑوا یاترا سے واپس آنے کے بعد، ان سے بھی ملاقات کی جائے گی۔‘‘
دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان کے معاون کوثر امام صدیقی عرف لڈن کو تلنگانہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ گزشتہ ہفتے اے سی بی نے کوثر امام کے گھر پر چھاپہ مارا تھا اور وہاں سے غیر قانونی اسلحہ، 12 لاکھ روپے نقد اور دو ڈائریاں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
اہل خانہ نے تصدیق کی ہے کہ راجو سریواستو کی آخری رسومات دہلی کے نگم بودھ گھاٹ پر کل یعنی 22 ستمبر کو ادا کی جائیں گی۔ خیال رہے کہ طویل وقت تک بیمار رہنے کے بعد راجو سریواستو کا آج دہلی کے ایمس میں انتقال ہو گیا۔ انہیں جم میں ورزش کرتے وقت دل کا دورہ پڑنے کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
کرناٹک کانگریس نے وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی پر بدعنوانی کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کے خلاف محاذ کھولا ہوا ہے۔ پارٹی کی جانب سے آج ریاست کی دیواروں کر پے ٹی ایم سے ملتے جلتے ’پے سی ایم‘ نام سے پوسٹر نصب کئے گئے ہیں۔ اس میں لکھا گیا ہے کہ ہم یہاں 40 فیصد (کمیشن) قبول کرتے ہیں۔ کیو آر کوڈ کو اسکین کرنے پر موبائل میں 40 فیصد کمیشن نامی ویب سائٹ کھل جاتی ہے۔ خیال رہے کہ کانگریس پارٹی کا الزام ہے کہ وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی ہر کام میں 40 فیصد کمیشن وصول کرتے ہیں۔
جموں و کشمیر کے 1989 کے اغوا کیس کے سلسلہ میں آج پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی کی بہن روبیہ سعید جموں کی ٹاڈا عدالت میں پیش ہوئیں۔ جہاں باقی ملزمان کے ساتھ ان کی جرح کی گئی۔ سی بی آئی کی وکیل مونیکا کوہلی نے بتایا کہ اب صرف یاسین ملک (ممنوعہ جے اینڈ کے لبریشن فرنٹ کے سربراہ) کی جرح باقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کو 20 اکتوبر کو دوبارہ جرح کے لیے بلایا جائے گا۔ عدالت نے یاسین ملک کے پروڈکشن وارنٹ تہاڑ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ وہ اپنے مطالبات کے مطابق سماعت کے لیے جسمانی طور پر حاضر ہوں گے۔
تعلیمی اداروں میں حجاب پہننے پر پابندی کے کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف دائر کی گئی عرضی سماعت شروع ہو گئی ہے۔ اس معاملہ پر سپریم کورٹ کئی دنوں سے لگاتار سماعت کر رہا ہے اور فریقین کی جانب سے کافی دلائل پیش کئے جا چکے ہیں۔
مدارس کے بعد وقف سے وابستہ جائیدادوں کا سروے شروع کرائے جانے کو یوپی کے وزیر برائے حج و اوقاف دھرم پال سنگھ نے جائز قرار دیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ’’وقف جائیداد کافی اہمیت کی حامل ہیں۔ وقف خدا کی ملکیت ہے اور کسی کو بھی اس پر قبضہ کرنے کا حق نہیں ہے۔ حکومت نے نیتی کے ساتھ ان کا سروے شروع کرایا ہے۔ حکم دیا گیا ہے کہ وقف جائیدادوں کی شناخت کی جائے، اس کے بعد آگے کی کارروائی انجام دی جائے۔‘‘
آندھرا پردیش کے چتور کے پیپر پلیٹس مینوفیکچرنگ یونٹ میں بدھ کی علی الصبح آگ لگنے سے تین افراد زندہ جل گئے۔ پولیس نے یہاں بتایا کہ یہ واقعہ رنگاچاری اسٹریٹ پر پیش آیا۔ مرنے والوں میں ایک باپ بھاسکر (65)، اس کا بیٹا دلی بابو (35) اور مینوفیکچرنگ یونٹ کا مالک شامل ہے۔ فائر ٹینڈرز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ آگ لگنے کے واقعے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
بہار کے روہتاس ضلع میں گیا دین دیال اپادھیائے جنکشن ریلوے سیکشن میں بدھ کی صبح ایک مال گاڑی کے 20 ویگن کے پٹری سے اتر جانے کی وجہ سے دہلی-ہاوڑہ روٹ بند ہو گیا۔ وزارت ریلوے کے ترجمان کے مطابق مشرقی وسطی ریلوے کے پنڈت دین دیال اپادھیائے-گیا ریلوے سیکشن کے کمہاؤ اسٹیشن پرآج صبح 06.30 بجے مال گاڑی کے 20 ویگنوں کے پٹری سے اترنے کی وجہ سے تینوں لائنوں (اپ، ڈاؤن اور ریورسل) میں خلل پڑا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ریلوے ٹریک کی مرمت کا کام زوروشور سے شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثے کی وجہ سے تقریباً 14 ٹرینیں متاثر ہوئی ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 21 Sep 2022, 11:00 AM IST