
کورونا بحران کی وجہ سے غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی آئی پی ایل-2020 کے لیے اب راستہ ہموار ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ میڈیا ذرائع میں آ رہی خبروں کے مطابق اس سال آئی پی ایل ہندوستان سے باہر یو اے ای (متحدہ عرب امارات) میں منعقد کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ ٹورنامنٹ 26 ستمبر کو شروع ہوگا اور فائنل میچ 6 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
وکاس دوبے انکاؤنٹر معاملہ میں آج اتر پردیش پولس نے سپریم کورٹ میں تفصیلی جواب داخل کر دیا۔ پولس نے وکاس دوبے کے ساتھ ساتھ اس کے ساتھیوں کے انکاؤنٹر کے تعلق سے بھی تفصیلی جانکاری دی اور اپنے جواب میں پولس نے کہا کہ انکاؤنٹر درست تھا، اسے فرضی نہیں کہا جا سکتا۔
اتر پردیش کی طرح ہی اب اتراکھنڈ میں بھی ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ لے لیا گیا ہے۔ اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ تریویندر سنگھ راوت نے میڈیا کو بتایا کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ریاست میں ہفتہ اور اتوار کو لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ اس کے لیے جلد ہی گائیڈ لائن جاری کیے جائیں گے۔
مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج لداخ کا دورہ کیا۔ اس دوران انھوں نے ہندوستانی فوجیوں اور آئی ٹی بی پی اہلکاروں کے ساتھ ملاقات کر کے ان کا حوصلہ بڑھایا۔ اس دوران انھوں نے جوانوں کو اپنے ہاتھوں سے مٹھائی بھی کھلائی اور انھیں تحائف بھی پیش کیے۔
راجستھان میں اشوک گہلوت حکومت گرانے کی سازش کے بارے میں آڈیو ٹیپ سامنے آنے کے بعد اسپیشل پروٹیکشن گروپ (ایس اوجی ) نے جانچ شروع کرتے ہوئے اس معاملہ میں بی جے پی لیڈر سنجے جین کو حراست میں لیا ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ سرکاری چیف وہپ مہیش جوشی کی طرف سے اس معاملہ میں شکایت کی گئی تھی جس کے بعد ایس او جی نے یہ کارروائی کی ہے۔
واضح رہے کہ اس آڈیو میں حکومت گرانے کی سازش سامنے آئی ہے۔ جس میں ایک مرکزی وزیر اور بی جے پی لیڈر سنجے جین، رکن اسمبلی بھنور لال شرما کے مابین بات چیت ریکارڈ ہے۔ حالانکہ بھنور لال شرما نے اس ویڈیو میں اپنی آواز ہونے سے انکار کیا ہے۔
(یو این آئی)
جموں و کشمیر کے کلگام میں پولس اور دہشت گردوں کے درمیان تصادم کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ جموں و کشمیر کے ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ سرچ آپریشن کے دوران ہوئے تصادم میں 3 دہشت گرد مارے گئے اور اسلحہ و بارود بھی جائے وقوع سے برآمد ہوا ہے۔ دلباغ سنگھ نے مزید بتایا کہ اس تصادم میں 3 جوان زخمی ہو گئے ہیں جن کا علاج فوجی اسپتال میں چل رہا ہے۔
ہندوستان میں کورونا انفیکشن تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تقریباً 35 ہزار نئے کیس سامنے آئے جس کی وجہ سے ملک میں مجموعی کورونا مریضوں کی تعداد 10 لاکھ کے پار چلی گئی۔ اس دوران 687 مزید اموات بھی ہوئیں جس نے کورونا انفیکشن سے مرنے والوں کی تعداد 25602 تک پہنچا دی۔
راجستھان میں حالانکہ سیاسی بحران ختم ہوتا ہوا محسوس ہو رہا ہے اور گہلوت حکومت پر خطرہ بھی ٹل گیا معلوم پڑ رہا ہے، لیکن اس درمیان سیاسی ہنگامہ کم نہیں ہو رہا ہے۔ بی جے پی اور کانگریس لیڈر کے درمیان آڈیو ٹیپ برسرعام ہونے کے بعد اب کانگریس نے بی جے پی پر زوردار حملہ کیا ہے۔ پارٹی ترجمان رندیپ سرجے والا نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ جمعہ کی صبح کی گئی پریس کانفرنس میں بی جے پی پر الزام عائد کیا ہے کہ 20 سے 35 کروڑ روپے میں اراکین اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی گئی۔ ساتھ ہی انھوں نے بتایا کہ بھنور لال شرما اور وشویندر سنگھ کو کانگریس پارٹی سے برخاست کر دیا گیا ہے۔
اڈیشہ میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے قہر کو دیکھتے ہوئے کئی اضلاع میں 14 دنوں کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔ ریاستی چیف سکریٹری اسیت ترپاٹھی کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق گنجم، کھورڈھا، کٹک، جج پور ضلع اور راؤرکیلا میونسپل کارپوریشن ایریا میں 17 جولائی کی رات 9 بجے سے 31 جولائی کی رات تک مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ہندوستان میں کورونا کے بڑھتے قہر کے درمیان کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ آئندہ 10 اگست تک مریضوں کی تعداد 20 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔ اس سلسلے میں انھوں نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ”10 لاکھ کا نمبر پار ہو گیا۔ اسی تیزی سے کووڈ-19 پھیلا تو 10 اگست تک ملک میں 20 لاکھ سے زیادہ لوگ انفیکشن کے شکار ہوں گے۔“ راہل گاندھی نے مزید لکھا ہے کہ ”حکومت کو وبا روکنے کے لیے سخت اور منصوبہ بندی کے ساتھ قدم اٹھانے چاہئیں۔“
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 17 Jul 2020, 8:40 AM IST