چین کے کنسرٹ میں روبوٹس کا ’اوپن فائر‘ پر رقص، دنگ رہ گئے شائقین
روبوٹس کی اس شاندار پرفارمنس کو دیکھ کر ایلون مسک بھی کافی حیران رہ گئے۔ انہوں نےاس وائرل ویڈیو کو اپنے’ایکس‘پر ری ٹویٹ کرکے ان روبوٹس کی بھرپور تعریف کی۔ انہوں نے لکھا،”متاثر کن“۔

چین کے چینگدو میں وانگ لیہوم کے ’بیسٹ پلیس ٹور‘ کنسرٹ میں، جی 1 ہیومنائیڈ روبوٹس نے اسٹیج پر انسانی رقاصاؤں کے ساتھ مستقبل کے رقص کا حیران کن مظاہرہ کرکے شائقین کو انگشت بدنداں کردیا۔ وہ عین مطابق اور تیزمکینیکل ٹائمنگ کے ساتھ لائیو میوزک اور لائٹنگ کے ساتھ رقص کررہے تھے۔ خاص طور پر ان کے فرنٹ فلپ اور ویبسٹر فلپ نے شائقین کوحیرت میں ڈال دیا۔
روبوٹس نے کامیابی کے ساتھ اپنے مخصوص انداز سے حاضرین کے دل موہ لیے۔ بیگی پینٹ اورسائننگ شرٹ میں ملبوس یہ روبوٹس شاندار لگ رہے تھے۔ فیوچرزم کی رپورٹ کے مطابق اس کنسرٹ کا مقصد یہ دکھانا تھا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور روبوٹکس انسانی فنکاروں کی جگہ لینے کی بجائے فنکارانہ اظہار کو کیسے فروغ دے سکتے ہیں۔
سنگر کی ویب سائٹ کے مطابق جیسے ہی ’اوپن فائر‘ گانا چلنا شروع ہوتا ہے، ویسے ہی روبوٹ اسٹیج پر آگئے اور ان کے ساتھ رقص کرنے لگے۔ روبوٹ وانگ لیہوم کی کوریو گرافی کے ساتھ بہترین تال میل میں حرکت کرنے لگے۔ کنسرٹ میں ہیومنائیڈ روبوٹس کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ تھی کہ ان کی حرکات بالکل بھی مشین جیسی نہیں لگ رہی تھیں۔ اس کے بجائے وہ موسیقی کی تھاپ کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ نظر آرہے تھے۔
پرفارمنس کے اختتام پر تمام روبوٹس نے ایک ساتھ مل کر شاندار فلپ کا مظاہرہ بھی کیا۔ آفیشل ویب سائٹ کے مطابق یہ تمام ہیومنائیڈ روبوٹس ہانگزو کی روبوٹکس کمپنی’ یونیٹری روبوٹکس‘ کے ہیں۔ روبوٹس کی اس شاندار پرفارمنس کو دیکھ کر ایلون مسک بھی کافی حیران رہ گئے۔ انہوں نےاس وائرل ویڈیو کو اپنے’ایکس‘پر ری ٹویٹ کرکے ان روبوٹس کی بھرپور تعریف کی۔ انہوں نے لکھا،”متاثر کن“۔
چین کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی روبوٹس کی اس پرفارمنس کے حوالے سے کافی بحث ہورہی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین روبوٹس کے ڈانس کی ویڈیوز شیئر کر رہے ہیں اوراس پر اپنے ردعمل کا بھی اظہار کر رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔