کانگریس کے سینئر لیڈر جئے رام رمیش
تصویر قومی آواز
کانگریس نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات اور اقدام کو پیش نظر رکھتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کے تیر چلائے ہیں۔ جمعرات کو کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری ایک پوسٹ میں مشہور و معروف آنجہانی گلوکار مکیش کے ایک مقبول نغمہ کا مصرعہ ’’دوست دوست نہ رہا‘‘ لکھ کر تلخ تبصرہ کیا ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’مئی 2025 کے وسط سے اب تک صدر ٹرمپ نے جو کچھ کیا ہے، اس پر ایک نظر ڈالیں۔ انھوں نے 4 الگ الگ ممالک اور اقوام متحدہ میں 45 مرتبہ دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کروائی تھی، جس کی وجہ سے آپریشن سندور اچانک رک گیا تھا۔‘‘
Published: undefined
پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹرمپ نے وہائٹ ہاؤس میں پاکستان کے فوجی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ظہرانے پر میزبانی کی تھی، جبکہ منیر وہی خص ہیں جس کے اشتعال انگیز و فرقہ وارانہ طور پر تلخ بیانات نے پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کا پس منظر تیار کیا تھا۔ جئے رام رمیش پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ ’’ٹرمپ نے امریکہ-پاکستان معاشی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کی بات کی۔ کچھ خبروں کے مطابق انھوں نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان حکمت عملی پر مبنی آپسی دفاعی معاہدے کو ہری جھنڈی دے دی ہے۔‘‘
Published: undefined
کانگریس جنرل سکریٹری کا کہنا ہے کہ امریکی صدر نے ہندوستان کے ذریعہ امریکہ کو کی جا رہی برآمدات پر ’سزا‘ کی شکل میں جو ٹیرف لگائے اور ایچ1-بی ویزا نظام کو تہس نہس کر دیا، یا انھوں نے روس کے ساتھ ہندوستان کے طویل معاشی روابط پر ہندوستان کو جس طرح نشانہ بنایا، اسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’خبروں کے مطابق آج ٹرمپ کا وہائٹ ہاؤس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کا پروگرام ہے۔‘‘ پھر رمیش سوال کرتے ہیں ’’نمستے ٹرمپ کا کیا ہوا؟ ہاؤڈی مودی کا کیا ہوا؟ جھپی اسٹریٹجی کا کیا ہوا؟‘‘ آخر میں ٹرمپ طنزیہ انداز میں لکھتے ہیں ’’دوست دوست نہ رہا۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined