
پون کھیڑا، ویڈیو گریب
وزیر اعظم مودی نے جمعرات کو بہار کے مظفر پور میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مہاگٹھ بندھن پر سنگین الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور آر جے ڈی لیڈران ووٹ حاصل کرنے کے لئے چھٹھی میا کی توہین کر رہے ہیں، اور ریاستی عوام انہیں معاف نہیں کریں گے۔ وزیر اعظم مودی کے بیان پر کانگریس نے اب جوابی حملہ کیا ہے۔ کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے کہا کہ وزیر اعظم اپنی بے عزتی چھپانے کے لیے اسے چھٹھی مئیا کی توہین بتا رہے ہیں۔ وہ اپنا موازنہ چھٹھی مئیا سے کر رہے ہیں۔
Published: undefined
کانگریس ترجمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’5 اسٹار بسلیری پول کا ڈرامہ بے نقاب ہوتے ہی وزیر اعظم غصے میں آگئے۔ اپنی بے عزتی کو چھپانے کے لیے وہ اب اسے چھٹھی مئیا کی توہین قرار دے رہے ہیں۔ وہ اپنا موازنہ چھٹھی مئیا سے کر رہے ہیں۔ وہ پہلے خود کو نان بایولوجیکل قرار دے چکے ہیں، اور اب خود کو بھگوان بتا رہے ہیں۔‘‘
Published: undefined
واضح رہے کہ وزیر اعظم مودی نے جمعرات کو ایک ریلی کے دوران مہاگٹھ بندھن پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ووٹ مانگنے کے لیے کس حد تک گر سکتے ہیں۔ یہ چھٹھ تہوار کی توہین ہے، جسے بہار صدیوں تک نہیں بھولے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ آر جے ڈی اور کانگریس کا رشتہ پانی اور تیل جیسا ہے اور وہ کسی بھی قیمت پر اقتدار حاصل کرنے کے لے ساتھ آئے ہیں، تاکہ بہار کو لوٹ سکیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’چھٹھ پوجا اب دنیا بھر میں مشہور ہے، اور چھٹھ کے بعد بہار کا یہ میرا پہلا دورہ ہے۔ یہ تہوار نہ صرف عقیدت کی علامت ہے بلکہ برابری کی بھی نشانی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میری حکومت اس تہوار کو یونیسکو وراثت کا درجہ دلانے کی کوشش کر رہی ہے۔‘‘
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم کا مذکورہ بیان کانگریس کے رہنما راہل گاندھی کے بدھ کے روز عائد کیے گئے اس الزام کے ایک دن بعد آیا ہے کہ ’’وزیر اعظم نے چھٹھ پوجا کے موقع پر دہلی میں جمنا میں ڈبکی لگانے کا منصوبہ بنا کر ناٹک کرنے کی کوشش کی۔‘‘ راہل گاندھی نے ایک انتخابی ریلی کے دوران دہلی میں جمنا کے کنارے چھٹھ پوجا کے انعقاد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایک طرف جمنا ندی میں گندہ پانی تھا اور دوسری طرف صاف پانی کا تالاب بنایا گیا تھا، تاکہ وزیر اعظم اس میں نہا کر ڈرامہ کر سکیں، جبکہ انہیں چھٹھ پوجا سے کوئی مطلب نہیں ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ اس بارے میں جب پورے ہندوستان کو معلوم چل گیا تو وزیر اعظم مودی چھٹھ پوجا تقریب میں شرکت کرنے نہیں گئے۔
Published: undefined