قومی خبریں

نوجوان بندوق چھوڑ کر اپنے حقوق کے لئے جمہوری طریقہ اختیار کریں: محبوبہ مفتی

جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ اب بھی صحیح و سالم ہے اور اس کا بڑا مقصد دفعہ 370 کی بحالی کے لئے لڑنا ہے۔

محبوبہ مفتی، تصویر آئی اے این ایس
محبوبہ مفتی، تصویر آئی اے این ایس 

سری نگر: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کشمیر کے نوجوانوں سے بندوق کو چھوڑ کر جمہوری طریقے کو اختیار کرکے اپنے حقوق کے لئے لڑنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ جموں وکشمیر کے لوگ بندوق اٹھائیں تاکہ ہم دنیا کو بتا سکیں یہ دہشت گرد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ ابھی بھی صحیح و سالم ہے اور اس کا بڑا مقصد دفعہ 370 کی بحالی کے لئے لڑنا ہے۔

Published: undefined

موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز یہاں ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’شاید کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ جموں وکشمیر کے نوجوان بندوق اٹھائیں تاکہ ہم دنیا کو بتا سکیں کہ یہ دہشت گرد ہیں اور ان کا کوئی مسئلہ نہیں ہے‘۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ میں بار بار نوجوانوں سے گزارش کرتی ہوں کہ وہ گولیوں سے اپنی جان نہ گنوائیں بلکہ جمہوری طریقے سے بات کریں، آج نہیں کل، آخر کار دونوں ہندوستان اور پاکستان کو بات کرکے جموں وکشمیر کے مسئلے کا حل نکالنا پڑے گا‘۔

Published: undefined

پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ کے بارے میں پوچھے جانے پر موصوفہ نے کہا کہ ’پی اے جی ڈی کا مقصد دفعہ 370 بحال کرنے کے لئے کوشش کرنا ہے، فاروق صاحب کی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے میٹنگ نہیں ہو رہی ہے، پی اے جی ڈی ابھی صحیح و سالم ہے کیونکہ لوگ اس کے ساتھ ہیں‘۔ جموں و کشمیر میں اسمبلی نشستوں کی از سر نو حد بندی کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ ’مرکزی حکومت چاہتی ہے کنٹرول زیادہ سے زیادہ وقت تک ان کے ہاتھوں میں ہی رہے اگر یہاں انتخابات ہوئے تو کنٹرول ان کے ہاتھوں میں نہیں رہے گا اور ان کی مداخلت بند ہوجائے گی‘۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں کے سارے فیصلے جیسے پکڑ دھکڑ وغیرہ دلی سے آ تے ہیں۔

Published: undefined

موصوفہ نے کہا کہ کشمیری پھنسا ہوا ہے یہاں لاوا پک رہا ہے جو کبھی نہ کبھی نہ پھٹے گا تو بہت بڑا نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ’میں مرکزی سرکار سے کہتی ہوں کہ ایسا نہ کریں کہ کل سارے راستے بند ہوں گے‘۔ انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بات چیت کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’وزیر اعظم نریندر مودی پاکستان جائیں اور صلح و صفائی ہوجائے‘۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا سلسلہ بحال ہونے پر زور دیا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined