ٹی-20 عالمی کپ: انتہائی دلچسپ مقابلہ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے ہرایا، پاکستان نے لی راحت کی سانس
نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے سامنے جیت کے لیے 160 رنوں کا ہدف رکھا تھا۔ سترہویں اوور تک نیوزی لینڈ فتحیاب ہوتی دکھائی دے رہی تھی، لیکن اٹھارہویں اوور میں گلین فلپس نے 22 رن دے کر حالات بدل دیے۔

ٹی-20 عالمی کپ 2026 کے سیمی فائنل کی ریس بالکل آخری مرحلہ میں داخل ہو گئی ہے۔ آج سپر-8 کے ایک انتہائی دلچسپ مقابلہ میں انگلینڈ نے آخری اوور میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی انگلینڈ نے اس جیت کے ساتھ نیوزی لینڈ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدوں کو ایک جھٹکا دیا ہے۔ ایسا اس لیے، کیونکہ اس جیت نے پاکستان کی امیدیں ختم ہونے سے بچا دیا ہے۔ اگر نیوزی لینڈ آج فتحیاب ہوتی تو وہ سیمی فائنل میں پہنچ جاتی اور پاکستان اس ریس میں باہر ہو جاتی۔ حالانکہ اب بھی پاکستان کے سامنے سیمی فائنل میں پہنچنا زیادہ مشکل ہے، اور نیوزی لینڈ کے لیے کافی حد تک آسان۔
انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان آج ہوئے میچ میں ٹاس نیوزی لینڈ کے کپتان مشیل سینٹنر نے جیتا اور پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ ٹیم کو شروعات اچھی ملی، لیکن درمیانی اوورس میں تیزی کے ساتھ وکٹ گرے۔ بڑی مشکل سے نیوزی لینڈ ٹیم 20 اوورس میں 7 وکٹ کے نقصان پر 159 رن بنانے میں کامیاب ہوئی۔ سلامی بلے بازوں ٹم سیفرٹ نے 35 رن اور فن ایلن نے 29 رنوں کا تعاون کیا۔ گلین فلپس نے 39 رن اور مارک چیپمین و میک کونکی نے بالترتیب 15 و 14 رن بنائے۔ انگلینڈ کی طرف سے عادل رشید، وِل جیکس اور ریحان احمد نے 2-2 وکٹ لیے، جبکہ لیام ڈاؤسن کو ایک وکٹ حاصل ہوا۔
160 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے انگلینڈ کی شروعات انتہائی خراب رہی۔ دونوں سلامی بلے باز 2 رن کے اسکور تک پویلین لوٹ گئے۔ تیسرے وکٹ کے لیے ہیری بروک اور جیکب بیتھل کے درمیان 48 رنوں کی اہم شراکت داری ہوئی۔ بعد کے بلے بازوں میں ٹام بینٹن نے 33 اور سیم کرن نے 24 رنوں کا تعاون کیا۔ ٹام بینٹن سترہویں اوور میں آؤٹ ہوئے جب ٹیم کا اسکور 117 رن تھا اور نیوزی لینڈ فاتح ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی تھی۔ پھر اٹھارہواں اوور گلین فلپس نے پھینکا اور انگلینڈ کے آل راؤنڈر ریحان احمد نے پہلی ہی گیند پر چھکا لگا کر اپنے ارادے ظاہر کر دیے۔ دوسری طرف وِل جیکس نے بھی اپنا زور لگانا شروع کر دیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ اٹھارہویں اوور میں 22 رن بن گئے اور حالات پوری طرح سے انگلینڈ کے حق میں تبدیل ہو گئے۔
انگلینڈ کو جب 2 اوورس میں 21 رن بنانے رہ گئے تو نیوزی لینڈ کے کپتان مشیل سینٹنر نے گیند اپنے ہاتھوں میں لی۔ ایک بار پھر ریحان نے پہلی ہی گیند پر چوکا لگا کر نیوزی لینڈ پر دباؤ مزید بڑھا دیا۔ اس اوور کی آخری گیند پر چھکا لگا کر ریحان نے اس میچ پر انگلینڈ کی گرفت پوری طرح مضبوط بنا دی، کیونکہ اس اوور میں مجموعی طور پر 15 رن بن گئے۔ یعنی آخری اوور میں محض 5 رنوں کی ضرورت تھی۔ انگلینڈ کی ٹیم نے یہ میچ 19.3 اوورس میں ہی جیت لیا اور سیمی فائنل کی دوڑ کو دلچسپ بنا دیا۔ ریحان احمد نے 7 گیندوں پر تیز طرار 19 رنوں کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی، جبکہ وِل جیکس نے 18 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 32 رن بنائے۔ بہرحال، اب پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے سری لنکا کو کم از کم 64 رنوں سے شکست دینی ہوگی، یا پھر دیے گئے ہدف کو 13.1 اوورس میں حاصل کرنا ہوگا۔ یہ پاکستان کے لیے کافی مشکل ثابت ہوگا، لیکن کسی الٹ پھیر سے انکار بھی نہیں کیا جا سکتا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔