
شکتی دوبے (دائیں)، ہرشتا گوئل (بائیں)
یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) نے 22 اپریل کو سول سروسز امتحان 2024 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ پریاگ راج کی شکتی دوبے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سول سروسز کے امتحان میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ شکتی دوبے کے بعد ہرشتا گوئل دوسرے مقام پر رہیں۔ یو پی ایس سی کے امتحان میں ٹاپ کرنے والی شکتی دوبے کی بات کی جائے تو انہوں نے بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو) سے بایو کیمسٹری میں پوسٹ گریجویشن کیا۔ یو پی ایس سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شکتی نے پولیٹیکل سائنس اور بین الاقوامی تعلقات کو اختیاری مضامین کے طور پر رکھتے ہوئے امتحان پاس کیا ہے۔
شکتی دوبے کی پیدائش اترپردیش کے پریاگ راج ضلع میں ہوئی۔ انہوں نے اپنی اسکولی تعلیم اور گریجویشن کی تعلیم پریاگ راج میں ہی مکمل کی۔ گریجویشن کے لیے انہوں نے الٰہ آباد یونیورسٹی کا انتخاب کیا اور پھر مزید اعلیٰ تعلیم کے لیے بی ایچ یو کا رخ کیا۔ بی ایچ یو سے انہوں نے بایو کیمسٹری میں پوسٹ گریجویشن 2016 میں مکمل کیا۔ پوسٹ گریجویشن کے بعد شکتی دوبے نے فیصلہ کیا کہ وہ سول سروسز کے امتحان کی تیاری کریں گی۔ 2018 سے ہی وہ ملک کے سب سے مشکل امتحان کی تیاری میں مصروف تھیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ آئی پی ایس بننا محض ایک کیریئر کا متبادل نہیں ہے بلکہ ملک کی خدمت کرنے کا بھی ایک ذریعہ ہے۔
ایک اکیڈمی کے ساتھ انٹرویو کے دوران جب شکتی سے پوچھا گیا کہ جیسے ایودھیا کو رام کے لیے اور بنارس کو شیو کے لیے دیکھا جاتا ہے ویسے ہی پریاگ راج کو کس پہچان سے دیکھا جانا چاہیے۔ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پریاگ راج کی پہچان تروینی سنگم سے ہے جہاں گنگا، جمنا اور غیر مرئی سرسوتی ملتی ہیں۔ یہ مذہبی اور تہذیبی نقطۂ نظر سے ایک بہت ہی مقدس مقام ہے۔
سول سروسز کے امتحان میں دوسرا مقام حاصل کرنے والی ہرشتا گوئل کی پیدائش ہریانہ میں ہوئی اور گجرات کے وڈودرا میں پرورش پائی۔ وہ پیشے سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ (سی اے) ہیں۔ انہوں نے یو پی ایس سی مین امتحان میں اختیاری مضامین کے طور پر ہرشتا نے بھی شکتی کی طرح پولیٹیکل سائنس اور بین الاقوامی تعلقات کا انتخاب کیا تھا۔ انہوں نے ایم ایس یونیورسٹی آف بڑودہ سے بی کام کی ڈگری حاصل کی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
تصویر سوشل میڈیا