
ووٹ چوری، گرافکس @INCIndia
کانگریس ’ووٹ چوری‘ کے خلاف لگاتار آواز اٹھا رہی ہے اور ’ایس آئی آر‘ کو ایک ہتھیار قرار دے رہی ہے، جس کا مبینہ استعمال برسراقتدار طبقہ کے ذریعہ کیا جا رہا ہے۔ اب کانگریس نے اتر پردیش کے کچھ اضلاع کے واقعات بطور ثبوت سامنے رکھے ہیں اور بی جے پی پر حریف ووٹرس کو لسٹ سے ہٹانے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔ کانگریس نے ایٹاوا، امیٹھی اور رائے بریلی کا واقعہ سامنے رکھا ہے، جہاں اقلیتی طبقہ کے ووٹرس کو ہٹانے کی کوششیں کی گئی ہیں۔
Published: undefined
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری ایک ویڈیو کانگریس نے کہا ہے کہ ’’اتر پردیش کی ڈبل انجن حکومت میں جم کر ووٹ چوری کا کھیل ہو رہا ہے۔ ایٹاوا کے ایک بی ایل او سے بی جے پی لیڈروں نے کہا کہ ووٹر لسٹ سے مسلمانوں کے ووٹ ہٹائے۔ بی ایل او نے جب ایسا کرنے سے منع کیا، تو اس کے ساتھ مار پیٹ کی گئی۔‘‘ اس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ’’امیٹھی میں بی جے پی ضلع صدر نے خاتون بی ایل او کے ساتھ گالی گلوچ اور مار پیٹ کی۔ موبائل چھین کر جبراً فارم-7 بھروا کر ووٹ کاٹنے کی کوشش کی گئی۔‘‘ اسی طرح ویڈیو میں رائے بریلی کا ذکر کیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ رائے بریلی میں ووٹر لسٹ سے چن چن کر لوگوں کے نام کاٹنے کی سازش کی جا رہی ہے۔
Published: undefined
کانگریس نے اس ویڈیو میں وزیر اعظم مودی کو ہدف بناتے ہوئے کہا ہے کہ ’’نریندر مودی کے حکم پر بی جے پی لیڈران کھلے عام ووٹ چوری کا کھیل کھیل رہے ہیں۔ فارم-7 کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔ اگر کوئی بی ایل او اس کی مخالفت کرتا ہے، تو اس کے ساتھ مار پیٹ کی جاتی ہے۔ ملازمت چھین لینے کی دھمکی دی جاتی ہے۔‘‘ ویڈیو کے آخر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’’نریندر مودی اور الیکشن کمیشن مل کر ہندوستان کی جمہوریت کا گلا گھونٹ رہے ہیں۔‘‘
Published: undefined
آج صبح کانگریس نے مزید ایک ویڈیو جاری کی تھی، جس میں ایٹاوا کے ایک بی ایل او کو کہتے سنا جا سکتا ہے کہ کچھ لوگوں نے کس طرح دھمکایا اور مسلم ووٹرس کے نام لسٹ سے کاٹنے کی ہدایت دی۔ بی ایل او یہ بھی کہتا ہے کہ اس کے منع کرنے پر پٹائی کی گئی۔ اس ویڈیو کے ساتھ کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’ووٹر لسٹ سے مسلمانوں کے ووٹ ہٹاؤ... یہ بات بی جے پی لیڈران نے یوپی کے ایک بی ایل او سے کہی۔ بی ایل او نے جب ایسا کرنے سے منع کیا تو اس کے ساتھ مار پیٹ کی گئی۔‘‘
Published: undefined
اس بیان کے بعد کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’یہ پہلا معاملہ نہیں ہے۔ نریندر مودی کے حکم پر بی جے پی لیڈران کھلے عام ’ووٹ چوری‘ میں مصروف ہیں اور ایسے معاملے روزانہ سامنے آ رہے ہیں۔ ’ووٹ چوری‘ کے اس کھیل میں بی جے پی لیڈران اور الیکشن کمیشن کے افسران شامل ہیں۔‘‘ اس سوشل میڈیا پوسٹ میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’ایس آئی آر کے عمل میں فارم-7 کے ذریعہ برسرعام لوگوں کے ووٹ کاٹے جا رہے ہیں۔ اگر کوئی بی ایل او اس کی مخالفت کر رہا ہے، تو اس کے ساتھ مار پیٹ کی جاتی ہے، ملازمت چھین لینے کی دھمکی دی جاتی ہے۔‘‘ کانگریس نے آخر میں یہ سنگین الزام بھی عائد کیا کہ ’’نریندر مودی اور الیکشن کمیشن نے اس ملک کی جمہوریت کا بہت نقصان کیا ہے۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined