’وزیر اعظم ایوان میں آنے کی ہمت نہیں کر پائے، وہ اسپیکر کے پیچھے چھپ رہے ہیں‘، پرینکا نے اوم برلا کے دعوے کو بتایا جھوٹ
پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’وزیر اعظم مودی ایوان میں اس لیے نہیں آئے، کیونکہ 3 خاتون رکن پارلیمنٹ ان کی سیٹ کے سامنے کھڑی تھیں، یہ کس طرح کی بکواس ہے۔‘‘

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کے اس دعوے کو مکمل طور پر جھوٹ اور بکواس قرار دیا ہے، جس میں اسپیکر نے اپوزیشن اراکین کی جانب سے وزیر اعظم مودی کے ساتھ کسی غیر متوقع واقعے کو انجام دینے کے منصوبے کا ذکر کیا تھا۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’وزیر اعظم مودی اب اسپیکر کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔ جب وزیر اعظم ایوان میں آنے کی ہمت نہیں کر پائے تو لوک سبھا اسپیکر سے جھوٹ بولنے کو کہہ رہے ہیں۔‘‘
پرینکا گاندھی نے پارلیمنٹ احاطے میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ مکمل طور سے جھوٹ ہے... اس بات کا کوئی سوال ہی نہیں ہے کہ وزیر اعظم مودی کے ساتھ ایسا کچھ کرنے کا منصوبہ تھا۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’وزیر اعظم لوک سبھا اسپیکر کے پیچھے چھپ رہے ہیں اور ان سے یہ سب بولنے کے لیے کہہ رہے ہیں۔ وزیر اعظم کے پاس ایوان میں آنے کی ہمت نہیں ہے۔ وہ ایوان میں اس لیے نہیں آئے، کیونکہ 3 خاتون رکن پارلیمنٹ ان کی سیٹ کے سامنے کھڑی تھیں، یہ کس طرح کی بکواس ہے۔‘‘
اس سے قبل لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے ایوان میں کہا کہ کل ایوان میں کانگریس کے کئی لیڈر اسپیکر کی کرسی کے پاس پہنچ کر کسی ناخوشگوار واقعہ کو انجام دینا چاہتے تھے، اس لیے ان کی گزارش پر وزیر اعظم ایوان میں نہیں آئے۔ اوم برلا نے یہ بھی کہا کہ بدھ کو اپوزیشن کے کچھ اراکین ان کے چیمبر میں آ کر جس طرح کا سلوک کیے ویسا لوک سبھا کی شروعات سے لے کر آج تک کبھی نہیں ہوا اور یہ منظر ایک ’سیاہ دھبے‘ کی طرح تھا۔ اس کے بعد ایوان کی کارروائی 3 بار کے التوا کے بعد پورے دن کے لیے ملتوی کر دی گئی۔
واضح رہے کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے خطاب پر پیر سے بحث شروع ہوئی ہے۔ اس بحث میں حصہ لیتے ہوئے اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے سابق آرمی چیف ایم ایم نرونے کی کتاب کے حوالے سے چین کے ساتھ کشیدگی کا معاملہ اٹھانے کی کوشش کی، لیکن اسپیکر اوم برلا نے ضوابط کا حوالہ دیتے ہوئے اس کی اجازت نہیں دی۔ اس مسئلہ پر ایوان میں تعطل برقرار رہا۔ اپوزیشن لیڈر کو نہ بولنے دینے کی مخالفت کرنے پر کانگریس کے 7 اور سی پی آئی (ایم) کے ایک رکن کو موجودہ پالیمنٹ اجلاس سے معطل کر دیا گیا۔ اسی معاملے کو لے کر گزشتہ 4 دنوں سے تعطل جاری ہے۔ اس درمیان وزیر اعظم مودی کی تقریر جو بدھ کو ہونی تھی، آخری لمحات میں ملتوی کر دی گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔