قومی خبریں

شیبو سورین کے انتقال پر ملکارجن کھڑگے، راہل گاندھی، ایم کے اسٹالن سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں کا اظہارِ تعزیت

مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے بھی شیبو سورین کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ان کے انتقال سے جھارکھنڈ کی تاریخ کا ایک باب ختم ہو گیا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/kharge">@kharge</a></p></div>

تصویر @kharge

 

جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ شیبو سورین کا آج 81 سال کی عمر میں سر گنگا رام اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ انہیں 19 جولائی کو گردے اور دل کے متعلق امراض کے علاج کے لیے اس اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اس خبر کے بعد کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی اور تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں کا تعزیتی پیغام سامنے آ چکا ہے۔ کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے اور پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے تو پیر کے روز سر گنگا رام اسپتال پہنچ کر جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ شیبو سورین کے جسد خاکی پر پھول بھی چڑھائے اور انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ کانگریس کے دونوں سرکردہ رہنماؤں نے اس موقع پر جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین اور ان کی اہلیہ کلپنا سورین سے ملاقات کر تعزیت کا اظہار کیا۔

Published: undefined

اس سے قبل شیبو سورین کے انتقال کی خبر ملنے پر کانگریس رہنما راہل گاندھی نے اپنی تعزیت کا اظہار ’ایکس‘ پر کی گئی ایک پوسٹ کے ذریعہ کیا۔ اس میں انھوں نے لکھا کہ قبائلی برادری کی مضبوط آواز شیبو سورین نے اپنی زندگی ان کے حقوق کے لیے جدوجہد میں گزاری۔ جھارکھنڈ کی تعمیر میں ان کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ علاوہ ازیں ملکارجن کھڑگے نے اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا کہ شیبو سورین کے انتقال سے میں غمزدہ ہوں۔ انھوں نے اپنی زندگی پانی، جنگل اور زمین پر لوگوں کے حقوق اور قبائلی ثقافت کے تحفظ کے لیے وقف کر دی۔ میں نے ان کے بیٹے اور جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سے بات کر ان کے اہل خانہ و حامیوں کے تئیں اپنی گہری ہمدردی ظاہر کی۔

Published: undefined

ڈی ایم کے صدر اور تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے شیبو سورین کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں آزاد ہندوستان کے سب سے بااثر قبائلی رہنماؤں میں سے ایک قرار دیا۔ انھوں نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ ’’جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے بانی، جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ اور آزاد ہندوستان کے سب سے بااثر قبائلی رہنماؤں میں سے ایک شیبو سورین کے انتقال کی خبر سے گہرا صدمہ پہنچا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا کہ ’’شیبو سورین کی زندگی استحصال کے خلاف مسلسل جدوجہد اور سماجی انصاف کے تئیں غیر متزلزل عزم کی علامت تھی۔ ہیمنت سورین اور جھارکھنڈ کے عوام کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔‘‘

Published: undefined

مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے بھی شیبو سورین کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ان کے انتقال سے جھارکھنڈ کی تاریخ کا ایک باب ختم ہو گیا۔ اڈیشہ کے وزیراعلیٰ موہن چرن مانجھی نے کہا کہ مہاپربھو جگناتھ ان کی آتما کو شانتی دیں اور سوگوار کنبے کو صبر دیں۔ چھتیس گڑھ کے وزیراعلیٰ وشنو دیو سائی نے لکھا کہ قبائلی برادری کی ترقی اور جھارکھنڈ کی ترقی میں ان کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Published: undefined

اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا کہ بھگوان شری رام سے دعا ہے کہ ان کے سوگوار اہل خانہ کو صبر اور اُن کی آتما کو سکون ملے۔ اسی طرح راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے کہا کہ قبائلی برادری کے حقوق کے دفاع کے لیے انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ ان کے انتقال سے نہ صرف جھارکھنڈ بلکہ پورے ملک کے سیاسی و سماجی شعبے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔

Published: undefined

تلنگانہ کے وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نے شیبو سورین کے انتقال پر اظہارِ غم کرتے ہوئے کہا کہ ان کا نام تاریخ میں ایسے مجاہد کے طور پر درج رہے گا جس نے اپنی زندگی قبائلی برادری کی ترقی کے لیے وقف کر دی۔ بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو نے بھی اس تعلق سے اپنی تکلیف ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سورین جدوجہد کے دنوں کے ساتھی تھے اور ہمیشہ ساتھ کام کرتے رہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined