قومی خبریں

یو پی: پرینکا گاندھی نے مہنگائی، پنچایت الیکشن اور پارٹی ٹریننگ کیمپ معاملہ پر کی اہم میٹنگ

پرینکا گاندھی نے مہنگائی سے بے حال عوام کا درد بیان کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول، ڈیزل، سرسوں تیل، پھل و سبزیوں کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہے اور اس کے خلاف پارٹی لیڈران و کارکنان ہر سطح پر آواز اٹھائیں۔

تصویر یو پی کانگریس
تصویر یو پی کانگریس 

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی اتر پردیش میں آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کو لے کر پوری طرح سرگرم نظر آ رہی ہیں۔ ایک طرف وہ عوامی مسائل کو زور و شور سے اٹھا رہی ہیں، اور دوسری طرف کانگریس کو مضبوط بنانے کے لیے پارٹی ٹریننگ کیمپ کا انعقاد بھی جگہ جگہ کر رہی ہیں۔ اس تعلق سے آج پرینکا گاندھی نے اتر پردیش کانگریس مشاورتی کونسل و اسٹریٹجی گروپ کی ایک اہم میٹنگ ورچوئل طریقے سے کی۔ اس میٹنگ میں مہنگائی، کورونا، پنچایت الیکشن کے ساتھ ساتھ کانگریس تربیتی کیمپوں کو لے کر بھی اہم تبادلہ خیال ہوا۔

Published: undefined

میٹنگ کے دوران پرینکا گاندھی نے مہنگائی سے بے حال عوام کا درد سبھی کے سامنے بیان کیا اور کہا کہ پٹرول، ڈیزل، سرسوں تیل، پھل و سبزیوں کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں اور اس کے خلاف پارٹی لیڈران و کارکنان کو ہر سطح پر آواز اٹھانی چاہیے۔ ساتھ ہی پرینکا گاندھی نے یہ بھی کہا کہ آوارہ جانوروں کی وجہ سے کسانوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کسانوں کی لاگت دوگنی ہوئی لیکن ان کی آمدنی گھٹ گئی ہے جس کی طرف بی جے پی حکومت ذرا بھی دھیان نہیں دے رہی ہے۔

Published: undefined

پنچایت الیکشن کے دوران ہوئے تشدد کے واقعات پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے بی جے پی کارکنان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی کارکنان نے تشدد پیدا کیا، بم، پتھر اور گولیاں چلائیں جسے قطعی قبول نہیں کیا جا سکتا۔‘‘ یہاں قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں پرینکا گاندھی نے بلاک پرمکھ الیکشن کی نامزدگی کے دوران ہوئے تشدد کی ایک ویڈیو ٹوئٹ کی تھی جس میں بم اندازی اور گولی باری کی آواز صاف سنائی دے رہی تھی۔ انھوں نے اس تعلق سے یوگی حکومت اور مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا۔

Published: undefined

بہر حال، ورچوئل میٹنگ کے دوران اتر پردیش کانگریس مشاورتی کونسل و اسٹریٹجی گروپ کے اراکین نے کہا کہ اتر پردیش حکومت ہر ایشو پر ناکام ہے اور عوام اس حکومت سے پریشان ہو چکی ہے۔ مشاورتی کونسل اراکین نے یہ بھی کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور جنگل راج کے خلاف یو پی کانگریس سڑکوں پر مضبوطی کے ساتھ مظاہرہ کرے گی اور عوامی مسائل کو دور کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined