قومی خبریں

’ایودھیا‘ کو ’مکہ معظمہ‘ سے بھی عظیم الشان بنائیں گے، یوگی حکومت کا اعلان

اتر پردیش حکومت کے ایک ترجمان نے یہ جانکاری دی کہ ایودھیا پوری دنیا میں ویٹکن سٹی اور مکہ سے بھی اہم مذہبی شہر ہو جائے گا۔ اسے مذہبی اور سیاحتی دونوں نظریسے سجانے سنوارنے کا کام جلد شروع ہوگا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد ایودھیا میں عظیم الشان رام مندر تعمیر کرنے کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ ایسی کوششیں ہو رہی ہیں کہ رام مندر تعمیر کے بعد ایودھیا ہندوؤں کے لیے عقیدت کا مرکز بنے اور پوری دنیا میں اس کی شہرت ہو۔ اس درمیان یوپی کی یوگی حکومت نے شری رام جنم بھومی ایودھیا سے متعلق ایک بڑا بیان دیا ہے۔ یوگی حکومت میں ترجمان اور صوبہ کے کابینہ وزیر سدھارتھ ناتھ سنگھ نے ایودھیا کو عیسائیوں کے مذہبی مقام ’ویٹکن سٹی‘ اور مسلمانوں کے لیے مذہبی طور پر انتہائی اہمیت کے حامل ’مکہ معظمہ‘ سے بھی عظیم الشان بنانے اور وسعت دیے جانے کی بات کہی ہے۔

Published: 07 Dec 2019, 12:11 PM IST

سدھارتھ ناتھ سنگھ نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ ان کی حکومت جلد ہی ایودھیا کا رینوویشن یعنی از سر نو تعمیر کی تیاری شروع کرنے جا رہی ہے۔ تیاری مکمل ہونے کے بعد ایودھیا کو سجانے سنوارنے کا کام شروع ہوگا اور پھر ایک ایسی شکل سامنے آئے گی جو پوری دنیا میں اپنی ایک الگ شناخت رکھے گی۔

Published: 07 Dec 2019, 12:11 PM IST

یوگی حکومت میں ترجمان سدھارتھ ناتھ سنگھ نے بتایا کہ ایودھیا کی از سر نو تعمیر کو بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھایا جائے گا۔ اسے اتنا خوبصورت اور عظیم بنایا جائے گا کہ دنیا کے نقشے میں یہ ویٹکن سٹی اور مکہ سے بھی زیادہ اہم ثابت ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ایودھیا میں بین الاقوامی ائیر پورٹ، بس استیشن اور ریلوے اسٹیشن کے ساتھ ہی بنیادی وسائل مہیا کرائے جائیں گے۔ ترقیاتی کاموں کے ذریعہ اسے عظیم شکل دی جائے گی، لیکن اس کی شناخت، تہذیب و ثقافت اور وجود سے کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی جائے گی۔‘‘

Published: 07 Dec 2019, 12:11 PM IST

سدھارتھ ناتھ سنگھ نے یہ بھی بتایا کہ ایودھیا کو دنیا کا سب سے بڑا مذہبی شہر بنانے کے لیے یوگی حکومت بین الاقوامی کنسلٹنٹ کی مدد حاصل کرنے جا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’ایودھیا کی تعمیر و ترقی کا کام ہندوستانی شہر کی طرز پر ہی کیا جائے گا لیکن یہ بین الاقوامی شہر سے بھی زیادہ خوبصورت نظر آئے گا۔‘‘

Published: 07 Dec 2019, 12:11 PM IST

سپریم کورٹ کے ذریعہ رام مندر کے حق میں سنائے گئے فیصلہ پر داخل کی گئی نظرثانی عرضی سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں یوگی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ ’’ملک میں ہندو اور مسلمان سبھی امن و امان چاہتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ایودھیا تنازعہ پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی عرضی داخل کرنے والے فریق کو بھی ان کے اپنے سماج کی حمایت نہیں مل رہی ہے۔‘‘

Published: 07 Dec 2019, 12:11 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 07 Dec 2019, 12:11 PM IST