قومی خبریں

لوک سبھا انتخابات کا تیسرا مرحلہ: جانیں کس ریاست کی کتنی سیٹوں پر ہو رہی ووٹنگ

لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے میں آج 11 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 93 سیٹوں پر ووٹنگ جاری ہے۔ پولنگ کے اوقات صبح 7:00 بجے سے شام 6:00 بجے تک ہیں

<div class="paragraphs"><p>تصویر یو این آئی</p></div>

تصویر یو این آئی

 
H V NAGARAJ

نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے میں آج 11 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 93 سیٹوں پر ووٹنگ جاری ہے۔ پولنگ کے اوقات صبح 7:00 بجے سے شام 6:00 بجے تک ہیں۔ تیسرے مرحلے میں آسام، بہار، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، اتر پردیش اور مغربی بنگال کی متعدد سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔

Published: undefined

اتر پردیش میں 10 سیٹوں پر ووٹنگ

لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے میں اتر پردیش کے 12 اضلاع کی 10 پارلیمانی نشستوں کے لیے منگل کی صبح سات بجے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان ووٹنگ شروع ہو گئی۔ ایک سینئر الیکشن افسر نے یہاں یہ جانکاری دی۔

چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) نودیپ رِنوا نے کہا کہ اس مرحلے میں جن 10 سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے وہ ہیں سنبھل، ہاتھرس، آگرہ، فتح پور سیکری، فیروز آباد، مین پوری، ایٹہ، بدایوں، آنولہ اور بریلی۔ انہوں نے کہا کہ تیسرے مرحلے میں لوک سبھا کی 10 نشستوں میں سے آٹھ عام زمرے کی ہیں اور دو درج فہرست ذاتوں کے لیے ریزرو ہیں۔

Published: undefined

بہار میں 5 سیٹوں پر ووٹنگ

لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے کے تحت بہار کے پانچ پارلیمانی حلقوں جھانجھر پور، سپول، ارریہ، مدھے پورہ اور کھگڑیا میں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان آج صبح سات بجے ووٹنگ شروع ہو گئی۔

ریاستی الیکشن آفس کے مطابق جھانجھر پور، سپول، ارریہ، مدھے پورہ اور کھگڑیا پارلیمانی حلقوں میں صبح 7 بجے سے ووٹنگ شروع ہو گئی ہے۔ ووٹنگ کے تیسرے مرحلے میں 5129473 مرد، 4730602 خواتین اور 322 تھرڈ جینڈر سمیت 98 لاکھ 60 ہزار 397 رائے دہندگان 9848 پولنگ اسٹیشنز پر اپنا حق رائے دہی استعمال کر کے 54 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے جن میں 51 مرد اور تین خواتین شامل ہیں۔

Published: undefined

ووٹنگ کے اس مرحلے میں 100 سال سے زائد عمر کے 2716 افراد ہیں، جب کہ پہلی بار ووٹ دینے والوں کی تعداد 1 لاکھ 45 ہزار 482 ہے۔ جھانجھر پور میں 10، سپول میں 15، ارریہ میں نو، مدھے پورہ میں آٹھ اور کھگڑیا میں 12 امیدوار میدان میں ہیں۔

چھتیس گڑھ میں 7 سیٹوں پر ووٹنگ

چھتیس گڑھ میں لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے کی سات سیٹوں پر منگل کو ووٹنگ شروع ہو گئی۔ ان سات سیٹوں رائے پور، درگ، بلاس پور، جانجگیر چمپا، کوربا، رائے گڑھ اور سرگوجا حلقوں میں ووٹنگ صبح 7 بجے شروع ہوئی، جو رات 18.00 بجے تک جاری رہے گی۔

Published: undefined

ریاستی الیکشن کمیشن کے مطابق، کل 1,39,01,285 ووٹرز، جن میں 69,33,131 مرد، 69,67,544 خواتین اور 620 تھرڈ جینڈرز ہیں، انتخابات کے تیسرے مرحلے میں 168 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ ان میں 26 خواتین اور 142 مرد امیدوار میدان میں ہیں۔ رائے پور پارلیمانی سیٹ پر سب سے زیادہ 38 امیدوار میدان میں ہیں اور اس کے بعد بلاس پور میں 37 امیدوار ہیں۔ اسی طرح درگ میں 27، کوربا میں 25، جانجگیر چمپا میں 18، رائے گڑھ میں 13 اور سرگوجا میں 10 امیدوار میدان میں ہیں۔ تاہم تمام سیٹوں پر اصل مقابلہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور کانگریس کے درمیان ہے۔

الیکشن کمیشن نے منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے ووٹروں کے لیے ہر بوتھ پر ضروری انتظامات کیے ہیں۔ سیکورٹی کے پیش نظر مرکزی فورسز کی 202 کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔

Published: undefined

گجرات کی تمام 25 سیٹوں پر ووٹنگ

وزیر اعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات میں تمام 25 پارلیمانی سیٹوں اور پانچ اسمبلی ضمنی انتخابات کے لیے منگل کی صبح 7 بجے ایک ساتھ ووٹنگ شروع ہو گئی۔

ریاست کی 25 نشستوں پر پارلیمانی انتخابات کے لیے کل 4,97,68,677 ووٹر جن میں 2,56,16,540 مرد، 2,41,50,603 خواتین اور 1,534 ٹرانس جینڈر ووٹر شامل ہیں اور حتمی ووٹر لسٹ میں 18 سے 19 سال کے 12,20,438 ووٹر پہلی مرتبہ حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں گے۔

Published: undefined

مغربی بنگال کی 4 سیٹوں پر ووٹنگ

مغربی بنگال لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے کی چار سیٹوں پر منگل کی صبح سات بجے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان ووٹنگ شروع ہوگئی۔ جن چار سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے وہ ہیں مالدہ (شمالی)، مالدہ (جنوبی)، جنگی پور اور مرشد آباد۔

ریاستی الیکشن کمیشن کے مطابق، کل 73,37,651 ووٹر جن میں 26,12,395 خواتین اور 154 ٹرانس جینڈرز ہیں، انتخابات کے تیسرے مرحلے میں آج ان چار لوک سبھا سیٹوں پر 57 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined