ہندوستان بھر میں بانگلہ زبان بولنے والوں کو حراست میں لیے جانے اور انھیں بنگلہ دیش بھیجنے کے خلاف عرضی پر سپریم کورٹ میں آج سماعت ہوئی۔ اس تعلق سے عدالت عظمیٰ نے مرکزی حکومت کو جواب داخل کرنے کے لیے کہا ہے اور آئندہ سماعت کے لیے 11 ستمبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔ یہ عرضی مغربی بنگال مائیگرینٹ ورکرس ویلفیئر بورڈ نام کے ادارہ اور اس کے سربراہ سمیر الاسلام نے داخل کی ہے۔ سمیر الاسلام ترنمول کانگریس سے راجیہ سبھا رکن بھی ہیں۔
Published: undefined
عرضی دہندہ کی طرف سے پیش وکیل پریشانت بھوشن نے کہا کہ بغیر مناسب طریقۂ کار اختیار کیے زبان کی بنیاد پر مسلم افراد کو حراست میں لیا جا رہا ہے اور ملک سے باہر کیا جا رہا ہے۔ مرکزی حکومت کی طرف سے پیش سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے اس دلیل کی مخالفت کی۔ انھوں نے کہا کہ کچھ این جی او اور ریاستی حکومتیں غیر قانونی طور پر ہندوستان میں مقیم دراندازوں کی حمایت کرتی ہیں، ان کی بات نہیں سنی جانی چاہیے۔ سالیسٹر جنرل نے دلیل پیش کی کہ اگر کوئی شخص حکومت کی کارروائی سے متاثر ہے تو وہ سپریم کورٹ آ سکتا ہے۔ عرضی داخل کرنے والا ادارہ ایسے لوگوں کی عدالت پہنچنے میں مدد کرے۔ ادارہ خود عرضی داخل نہیں کر سکتا۔ تشار مہتا نے یہ بھی کہا کہ دراندازوں کا ایک پورا نیٹورک چل رہا ہے۔ ملک کو محفوظ بنانا اور شہریوں کے حقوق دراندازوں تک جانے سے روکنا حکومت کا فرض ہے۔ اس کے جواب میں پرشانت بھوشن نے کہا کہ حکومت بنگالی مسلمانوں کو ڈرانے کا کام کر رہی ہے۔
Published: undefined
دونوں وکلا کے اس مباحثہ کا عدالت پر کوئی اثر نہیں پڑا اور بنچ نے کہا کہ حکومت عرضی کا جواب داخل کرے۔ اس معاملے کی سماعت جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوئے مالیہ باغچی اور جسٹس وپُل ایم پنچولی کی بنچ نے کی۔ جسٹس سوریہ کانت نے لوگوں کو حراست میں لینے سے متعلق طریقۂ کار کی جانکاری طلب کی۔ جسٹس باغچی نے کہا کہ پنجاب اور بنگال کی زبان اور ثقافت پڑوسی ممالک سے میل کھاتی ہے، اس لیے اس الزام پر حکومت کا جواب آنا ضروری ہے کہ صرف بانگلہ بولنے کے سبب لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
Published: undefined
عرضی پر سماعت کے دوران ایڈووکیٹ پرشانت بھوشن نے کہا کہ ہزاروں لوگوں کو صرف شبہات کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا ہے۔ شہریت کی تصدیق ہوئے بغیر یا بنگلہ دیش حکومت سے بات کیے بغیر ان لوگوں کو جبراً بی ایس ایف سرحد کی دوسری طرف بھگا رہی ہے۔ سالیسٹر جنرل نے بھوشن کی اس دلیل کو جنتر منتر میں دی جانے والی تقریر جیسا قرار دیا۔ بہرحال، اس سے قبل 14 اگست کو سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت اور 9 ریاستوں کو اس معاملے میں نوٹس جاری کیا تھا، اور آج (جمعہ) عدالت نے گجرات کو بھی اس معاملے میں فریق بنا لیا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined