سری نگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں ہفتے کی صبح رواں موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر اور دیگر ملحقہ علاقہ جات میں لوگ جب ہفتے کی صبح نیند سے جاگے تو ہر سو سفید چادر بچھ گئی تھی۔ میدانوں، پارکوں، سڑکوں اور مکانوں کے چھتوں سے لے کر درختوں، بجلی کے کھمبوں اور تاروں تک برف کی مہین چادر کا قبضہ تھا۔
Published: 12 Dec 2020, 12:50 PM IST
بتا دیں کہ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کے بالائی علاقوں میں دوران شب بھاری برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری ہوئی ہے۔ متعلقہ محکمہ کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں اب 20 دسمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔ ہفتے کی علی الصبح سری نگر میں کم سے کم تین انچ برف جمع ہوئی تھی تاہم بعد ازاں موسم بہتر ہونے بلکہ آفتاب نمودار ہوتے ہی دوپہر سے قبل ہی برف کی چادر بجلی کی طرح غائب ہوگئی۔
Published: 12 Dec 2020, 12:50 PM IST
سری نگر میں برف پگھلنے کے ساتھ ہی ہر سو سڑکوں اور گلی کوچوں میں پانی جمع ہوگیا جس سے لوگوں کے عبور و مرور میں مشکلات پیدا ہوئیں۔ لوگوں کا الزام ہے کہ سری نگر میں ہلکی برف باری کیا ہوئی کہ برقی رو غائب ہوگئی۔ ادھر وادی کشمیر میں ہفتے کے روز موسم نہ صرف دن بھر خشک رہا بلکہ آفتاب بھی نمودار ہوا، جس سے جہاں برف کی چادر بھی غائب ہوئی وہیں سردی کی شدت میں قدرے کمی بھی محسوس کی گئی۔
Published: 12 Dec 2020, 12:50 PM IST
محکمہ موسمیات کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
Published: 12 Dec 2020, 12:50 PM IST
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.1 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ قابل ذکر ہے وادی کشمیر میں سال گذشتہ ماہ نومبر کے اوائل میں ہی بھاری برف باری ہوئی تھی جس سے لوگوں کو گوناگوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑا تھا۔
Published: 12 Dec 2020, 12:50 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 12 Dec 2020, 12:50 PM IST