
اپنے مطالبات کی حمایت میں مظاہرہ کرتے ہوئے کسان، ویڈیو گریب
مدھیہ پردیش کے دھار میں سینکڑوں کسان اپنے مطالبات کو لے کر سڑک پر اتر آئے ہیں۔ کسانوں کی یہ تحریک ایم ایس پی کی گارنٹی اور قرض معافی کے لیے شروع ہوئی ہے، جس نے حکومت پر سخت دباؤ بنا دیا ہے۔ کسانوں کی اس تحریک کے حق میں کانگریس نے بھی آواز بلند کر دی ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ ’’آج ملک میں کسان خون کے آنسو رو رہے ہیں، انھیں بجلی و پانی اور کھاد جیسی بنیادی سہولیات کے لیے در در کی ٹھوکریں اور پولیس کی لاٹھیاں کھانی پڑتی ہیں۔‘‘
Published: undefined
کانگریس نے دھار میں کسانوں کے احتجاجی مظاہرہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کی ہے۔ اس ویڈیو کے ساتھ پارٹی نے لکھا ہے کہ ’’مدھیہ پردیش کے دھار میں کسان سڑک پر اتر کر حکومت سے اپنا حق مانگ رہے ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے ایم ایس پی کی گارنٹی دی جائے، قرض معاف کیے جائیں، فصل انشورنس کا عمل شفاف ہو، کھیتی سے جڑی دقتوں کا حل نکالا جائے۔‘‘ کانگریس نے مزید لکھا ہے کہ ’’جب بھی کسانوں نے اپنے حق کے لیے آواز اٹھائی، تو نریندر مودی اور ان کی تاناشاہ حکومت نے ان کے راستوں میں بیریکیڈ لگائے، سڑک پر کیلیں بچھوائیں، آنسو گیس کے گولے داغے۔‘‘
Published: undefined
کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کو کسان مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک نریندر مودی کو کبھی معاف نہیں کرے گا۔ اس کا کہنا ہے کہ ’’کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کا وعدہ کرنے والے نریندر مودی نے اَن داتاؤں کی زندگی کو بے حد مشکل بنا دیا ہے۔‘‘ مدھیہ پردیش کانگریس کے ’ایکس‘ ہینڈل سے بھی کسانوں کے اس مظاہرہ کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔ اس پوسٹ کے ساتھ لکھا گیا ہے ’’ڈبل انجن حکومت میں کسان خون کے آنسو رو رہے ہیں۔ بنیادی سہولیات کے لیے انھیں در در بھٹکنا پڑ رہا ہے، اور انصاف کی جگہ انھیں لاٹھیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined