کانشی رام کے یوم پیدائش پر راہل گاندھی کا بڑا مطالبہ، وزیر اعظم کو خط لکھ کر ’بھارت رتن‘ دینے کی اپیل

راہل گاندھی نے ’ایکس‘ پر خط کی کاپی شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ہندوستانی حکومت سے سماجی انصاف کے عظیم علمبردار اور بہوجن شعور کے رہنما کانشی رام جی کو بھارت رتن سے نوازنے کا مطالبہ کرتا ہوں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

آج بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے بانی کانشی رام کا یوم پیدائش ہے۔ اس دوران پورے ملک میں انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے پہلے انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور اب وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر کانشی رام کو ’بھارت رتن‘ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر خط کی کاپی شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ہندوستانی حکومت سے سماجی انصاف کے عظیم علمبردار اور بہوجن شعور کے رہنما کانشی رام جی کو بھارت رتن سے نوازنے کا مطالبہ کرتا ہوں۔‘‘

راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ میں پی ایم او کو ٹیگ کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’’یہ اعلیٰ ترین قومی اعزاز کانشی رام جی کے ساتھ ساتھ اس پوری تحریک کو ایک خراج عقیدت ہوگا جس نے کروڑوں بہوجنوں کو ان کے حقوق، حصہ داری اور خودداری کی راہ دکھائی۔ اس مطالبے کو لے کر پی ایم او انڈیا کو میرا خط۔‘‘


واضح رہے کہ کانشی رام کو بنیادی طور پر دلت اور بہوجن سیاست کے نقیب، بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے بانی اور دلت، پسماندہ اور اقلیتی برادریوں کو سیاسی طاقت فراہم کرنے والے ایک عظیم رہنما کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ ساتھ ہی وہ ایک ایسی ممتاز شخصیت مانے جاتے ہیں جنہوں نے ہندوستان میں دلت سیاست کو ایک نئی سمت دی۔

قابل ذکر ہے کہ جمعہ (13 مارچ) کو لکھنؤ میں راہل گاندھی کانگریس کے ’کانشی رام یوم پیدائش پروگرام‘ میں شریک ہوئے تھے۔ جہاں انہوں نے جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’اگر یو پی میں کانگریس کو 100 ایسے لوگ مل گئے جو جینے مرنے کے لیے تیار ہوں، تو اتنے میں ہی کام ہو جائے گا۔ ہمارے لیے امبیڈکر اور گاندھی کا آئین سب سے ضروری ہے۔ آج ہم کانشی رام جی کو یاد کرتے ہیں۔ ان کی جو جدوجہد تھی، ان کا جو وژن تھا اور ہندوستان کی سیاست پر ان کا جو اثر تھا، اسے ہم یاد کرتے ہیں اور دل سے ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔