قومی خبریں

بہار ادھیکار یاترا: ’این ڈی اے حکومت سے عوام نالاں، گھروں میں خوف اور تھانوں پر بدعنوانی کا سایہ‘

تیجسوی یادو نے اپنی ’بہار ادھیکار یاترا‘ کے دوسرے دن این ڈی اے حکومت پر سخت حملہ بولتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی اور جرائم نے عوام کو غیر محفوظ بنا دیا ہے، لوگ تبدیلی کے خواہاں ہیں

<div class="paragraphs"><p>بہار ادھیکار یاترا میں تیجسوی یادو / تصویر بشکریہ ایکس / @yadavtejashwi</p></div>

بہار ادھیکار یاترا میں تیجسوی یادو / تصویر بشکریہ ایکس / @yadavtejashwi

 

پٹنہ: بہار اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے لیڈر تیجسوی یادو اپنی ’بہار ادھیکار یاترا‘ پر نکلے ہیں۔ یاترا کے دوسرے دن انہوں نے ریاست کی این ڈی اے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو نہ صرف مایوس کر رہی ہے بلکہ لوگوں کی جان و مال کی سلامتی بھی خطرے میں ہے۔ ان کے مطابق جرائم کی وارداتوں میں اس قدر اضافہ ہو گیا ہے کہ لوگ اپنے گھروں میں بھی محفوظ محسوس نہیں کر رہے ہیں۔

Published: undefined

تیجسوی یادو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’این ڈی اے حکومت سے عوام نالاں ہیں۔ بدعنوانی اپنی انتہا پر ہے، پولیس تھانوں میں رنگداری بڑھ گئی ہے، عام آدمی کی کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ یہ حکومت صرف ان عناصر کو تحفظ دے رہی ہے جو بدعنوانی اور جرم سے جڑے ہوئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عوام تبدیلی کے موڈ میں ہیں اور آئندہ انتخابات میں اس حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

اپنی یاترا کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ یہ یاترا عوام کے مسائل کو سمجھنے اور براہ راست ان کے درمیان جانے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مختلف اضلاع میں انہیں زبردست عوامی حمایت مل رہی ہے۔ ان کے مطابق جس علاقے میں بھی وہ پہنچ رہے ہیں، لوگ بڑی تعداد میں سڑکوں پر آ کر یاترا کا خیرمقدم کر رہے ہیں۔ یاترا کے دوسرے دن ان کا قافلہ بختیارپور، باڑھ، مکامہ، تیگھاڑا اور بیگوسرائے سے گزرا۔

Published: undefined

این ڈی اے حکومت پر بصیرت کے فقدان کا الزام عائد کرتے ہوئے تیجسوی نے کہا کہ ’’حکومت نقل تو کر سکتی ہے لیکن مستقبل کے لیے کوئی واضح نظریہ نہیں دے سکتی۔‘‘ انہوں نے وعدہ کیا کہ اگر مہاگٹھ بندھن کی حکومت بنی تو ریاست میں ہر تعلیم یافتہ نوجوان کو روزگار فراہم کرنے کی کوشش ہوگی۔ ساتھ ہی ریاست میں صنعت لگانے، تعلیم اور صحت کے نظام کو بہتر بنانے کی سمت میں اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بہار میں نوجوان بڑی تعداد میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، مگر موجودہ حکومت کی ناکامی کی وجہ سے انہیں نوکریاں نہیں ملتیں۔ اس صورتحال میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے اور ریاستی ترقی متاثر ہو رہی ہے۔

Published: undefined

یاد رہے کہ اس دوران تیجسوی یادو نے وزیراعظم نریندر مودی کے یومِ پیدائش پر انہیں نیک خواہشات بھی پیش کیں لیکن ساتھ ہی مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر طنز کستے ہوئے کہا کہ ’’وہ بہار آ رہے ہیں، مگر پہلے یہ بتائیں کہ اب تک وہ بی جے پی کا قومی صدر کیوں مقرر نہیں کر پائے؟‘‘

ماہرین کے مطابق تیجسوی یادو کی یہ یاترا آئندہ انتخابات کے پیش نظر سیاسی ماحول کو گرما رہی ہے۔ آر جے ڈی کی حکمت عملی ہے کہ بدعنوانی اور جرائم جیسے ایشوز کو لے کر عوامی جذبات کو اپنے حق میں استعمال کیا جائے اور این ڈی اے کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined