
امیر متقی کی جمعیۃ علما ہند کے سبراہ مولانا ارشد مدنی سے ملاقات / تصویر بشکریہ ایکس
دیوبند: افغانستان کی طالبان حکومت کے وزیر خارجہ مولانا امیر خان متقی ہفتہ کو ہندوستان کے ممتاز دینی تعلیمی ادارہ دارالعلوم دیوبند پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ دارالعلوم کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی کی نگرانی میں اس موقع کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق، امیر متقی کا قافلہ صبح ساڑھے آٹھ بجے دہلی سے روانہ ہوا اور دوپہر تقریباً بارہ بجے دیوبند پہنچا۔ ان کے استقبال کے لیے 15 ممتاز علما کو مامور کیا گیا تھا۔ دارالعلوم کی وسیع و عریض گول لائبریری میں ان کا خیرمقدم کیا گیا، جہاں علما نے ان سے مصافحہ کیا اور خیرسگالی کے جذبات ظاہر کیے۔
Published: undefined
سیکورٹی کے سخت انتظامات کے باوجود جب ان کا قافلہ دارالعلوم کے احاطے میں داخل ہوا تو بڑی تعداد میں طلبہ نے سڑکوں پر کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا۔ بعض طلبہ نے پھولوں کی بارش کی جبکہ متعدد افراد ان کے ساتھ تصویریں لینے کی کوشش کرتے نظر آئے۔ دارالعلوم دیوبند کے میڈیا انچارج مولانا اشرف عثمانی کے مطابق ’’مولانا امیر خان متقی کے لیے ادارے کے اندر قیام و طعام کا انتظام کیا گیا۔ وہ ہمارے مہمان ہیں اور ان کے اعزاز میں ہم نے ہر ممکن سہولت فراہم کی۔‘‘
Published: undefined
اس موقع پر جمعیۃ علما ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ ’’افغانستان کے ساتھ ہندوستان کا قدیم تعلیمی و علمی رشتہ ہے۔ مولانا متقی اپنے مادرِ علمی سے ملاقات کے لیے آئے ہیں، یہ ہمارا دینی و علمی تعلق ہے۔‘‘ مولانا امیر خان متقی نے دارالعلوم کی لائبریری میں دارالعلوم کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی سے حدیث کا سبق پڑھا اور ان سے اجازتِ روایت حاصل کی۔ اس موقع پر انہیں ’حدیث کی سند‘ عطا کی گئی، جس کے بعد وہ اپنے نام کے ساتھ ’قاسمی‘ کا لقب استعمال کرنے کے حقدار بن گئے ہیں۔ چنانچہ اب وہ ’مولانا امیر خان متقی قاسمی‘ کہلائیں گے۔
Published: undefined
سبق کے بعد وہ دارالعلوم کے مہمان خانے میں کچھ دیر آرام کے لیے گئے۔ دوپہر ڈھائی بجے ان کا طلبہ سے خطاب طے تھا، تاہم طلبہ کے ہجوم اور حفاظتی وجوہات کے باعث یہ پروگرام منسوخ کر دیا گیا۔ روانگی سے قبل مولانا متقی نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ان کے دورے کا مقصد ہندوستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی و سیاسی روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا ’’ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان آمد و رفت اور بات چیت میں اضافہ ہو۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined