قومی خبریں

آن لائن ٹھگی معاملہ پر سپریم کورٹ کا رویہ سخت، واٹس ایپ اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے طلب کیا جواب

سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ سائبر دھوکہ دہی کے معاملات میں صرف جعل سازوں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی ہی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ بینکوں کو بھی جواب دہ بنانا ہوگا۔

<div class="paragraphs"><p>سائبر فراڈ / آئی اے این ایس</p></div>

سائبر فراڈ / آئی اے این ایس

 
IANS_ARCH

ڈیجیٹل اریسٹ اور آن لائن دھوکہ دہی کے بڑھتے ہوئے معاملات پر سپریم کورٹ نے سخت موقف اختیار کیا ہے۔ عدالت نے واٹس ایپ اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے پوچھا ہے کہ وہ سائبر جرائم کی روک تھام کے لیے کیا اقدامات کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی کمپنیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے منصوبے انڈین سائبر کرائم کوآرڈینیشن سنٹر (آئی4سی) کے ساتھ بھی شیئر کریں۔

سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ سائبر دھوکہ دہی کے معاملات میں صرف جعل سازوں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی ہی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ بینکوں کو بھی جواب دہ بنانا ہوگا۔ اگر کسی بینک کی لاپروائی کے سبب اس کے صارف کے ساتھ دھوکہ دہی ہوتی ہے تو متاثرہ شخص کو ہونے والے نقصان کا معاوضہ ادا کرنے کی ذمہ داری بھی بینک پر عائد ہو سکتی ہے۔

چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) سوریہ کانت کی سربراہی والی سہ رکنی بنچ نے ڈیجیٹل اریسٹ سے متعلق ایک معاملے کی سماعت کرتے ہوئے مذکورہ بالا تبصرہ کیا۔ عدالت نے اس معاملے کا از خود نوٹس لیا ہے۔ سماعت کے دوران واٹس ایپ کی جانب سے پیش ہوئے وکیل کپل سبل نے بتایا کہ کمپنی اب تک تقریباً 9400 اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کر چکی ہے۔ اس کے علاوہ مشتبہ اکاؤنٹس کی شناخت کرنے اور صارفین کو بروقت خبردار کرنے کے لیے ایک خصوصی سافٹ ویئر بھی تیار کیا جا رہا ہے۔ اس پر سپریم کورٹ نے ہدایت دی کہ واٹس ایپ اور دیگر متعلقہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اپنے منصوبے انڈین سائبر کرائم کوآرڈینیشن سنٹر کے سامنے بھی پیش کریں، تاکہ سائبر جرائم کی روک تھام کے لیے باہمی تعاون کے ساتھ کام کیا جا سکے۔

سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے بینکوں کی ذمہ داری پر بھی سوال اٹھائے۔ چیف جسٹس نے پوچھا کہ اگر کوئی صارف اچانک اپنے سابقہ لین دین کے مقابلے میں بہت بڑی رقم منتقل کرنے لگے تو بینک اسے روکنے کے لیے فوری اقدامات کیوں نہیں کرتے؟ عدالت نے تجویز پیش کی کہ بینک ایسے مشتبہ لین دین کو کچھ وقت کے لیے روکنے کا اختیار رکھیں۔ اس کے ساتھ ہی اس کی اطلاع فوری طور پر سائبر پولیس کو بھی دی جائے۔ عدالت نے کہا کہ بینکوں کی لاپروائی کے سبب سائبر دھوکہ دہی ہونے کی صورت میں متاثرین کو معاوضہ دینے کا نظام ہونا چاہیے۔

سپریم کورٹ نے ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کی مجوزہ کے وائی سی ترمیمی ہدایات 2026 پر بھی توجہ دی ہے۔ عدالت چاہتی ہے کہ ان ضوابط میں ڈیجیٹل اریسٹ اور سائبر دھوکہ دہی کے متاثرین کو معاوضہ دینے سے متعلق دفعات بھی شامل کی جائیں۔ مجوزہ ضوابط کو 30 نومبر 2026 تک نوٹیفائی کرنے اور 31 دسمبر 2026 تک نافذ کرنے کا منصوبہ ہے۔ عدالت نے آر بی آئی سے اگلی سماعت کے دوران تمام مجاز مالیاتی اداروں کی فہرست بھی پیش کرنے کو کہا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔