
رام نومی کے موقع پر اتوار یعنی 2 اپریل کو مغربی بنگال کے ہگلی ضلع میں ایک جلوس نکالا گیا۔ جلوس کے دوران دو گروپوں میں تصادم ہوا جس کے باعث علاقے میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔ پولیس سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع کے کچھ حصوں میں آج یعنی 3 مارچ کی رات 10 بجے تک انٹرنیٹ خدمات بھی بند کر دی گئی ہیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ اتوار کو رشڑہ تھانہ علاقے میں دو جلوس نکالے گئے۔ جس میں تقریباً 6.15 بجے ایک جلوس پر حملہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ جلوس کے دوران تشدد میں کچھ پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ دوسرے جلوس میں شریک بی جے پی کے نائب صدر دلیپ گھوش نے دعویٰ کیا ہے کہ یاترا میں شامل لوگ پرامن طریقے سے جگن ناتھ مندر جا رہے تھے، جب ان پر حملہ کیا گیا۔
موجود افسر نے بتایا کہ پولیس فلیگ مارچ کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ سیرام پور کے رشڑا وارڈ اور وارڈ نمبر 24 میں سی آر پی سی کی دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رشڑا اور سیرام پور کے کچھ حصوں میں 3 اپریل کی رات 10 بجے تک انٹرنیٹ خدمات بند رہیں گی۔
دریں اثنا، بنگال کے گورنر سی وی آنند بوس نے کہا کہ تشدد کے ذمہ داروں کو سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شرپسندوں، غنڈوں اور ٹھگوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ ریاستی وزیر صنعت ششی پنجا نے تشدد کی مذمت کی۔ ساتھ ہی انہوں نے بی جے پی پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پارٹی ریاست میں امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔