قومی خبریں

سیمانچل اور خصوصاً ارریہ کو چہار رخی ترقی دینے کا سرفراز عالم کا وعدہ

سرفراز عالم نے کہا کہ آپ لوگوں نے جو میری حمایت ضمنی انتخاب میں کی تھی اسی حمایت کی امید کرتا ہوں اور میں آپ لوگوں کی امیدوں پر کھرا اترنے کی پوری کوشش کروں گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

ارریہ: ارریہ لوک سبھا کے موجودہ رکن پارلیمنٹ اور اسی حلقے سے راشٹریہ جنتا دل کے امیدوار سرفراز عالم نے ارریہ ہی نہیں پورے سیمانچل کی ترقی کے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک سال کی مدت میں جو کام کیا ہے اس کے بارے میں کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ لوگوں کو دکھائی دے رہا ہے۔

آر جے ڈی کے سربراہ تیجسوی یادو کی غیر موجودگی میں رانی گنج کے بلسیرا ہائی اسکول میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں نے جو حمایت ضمنی انتخاب میں کی تھی اسی حمایت کی امید کرتا ہوں اور آپ لوگوں کی امیدوں پر کھرا اترنے کی پوری کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ سیمانچل اور خاص طور پر ارریہ کی چہار رخی ترقی کے لئے پابند عہد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں مرکز کی طرف بننے والے 242 پلوں میں95 پلوں کی تعمیر صرف ارریہ ضلع کے لئے مختص کرائی ہے اور ریاستوں اور دیگر منصبوں کو شامل کرلیا جائے تو مجموعی طور پر پل اور پلیوں کی تعداد 300 تک پہنچ جائے گی۔

راشٹریہ جنتا دل کے سینئر لیڈر نے علاقے میں 22 گھنٹے بجلی دینے کا وعدہ کو جو صرف کاغذوں پر تھا عملی جامہ پہنچایا اور اس وقت ہر علاقے میں لوگوں کو اب بھرپور بجلی ملتی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنی کامیابی شمار کراتے ہوئے کہا کہ مہانندہ بیسن کا کام جو زیر التوا تھا اسے پروجیکٹ میں شامل کرواکر ٹنڈر کروایا ہے اور اس وقت سروے کا کام چل رہا ہے۔ مہانندہ بسین بنتے ہی علاقے میں خوش حالی کی لہر دوڑ جائے گی اور لوگوں کو آبی راستوں سے آنے جانے اور سامان کی ڈھلائی میں مدد ملے گی۔

Published: undefined

واضح رہے کہ اس ریلی سے تیجسوی یادو کو خطاب کرنا تھا لیکن موسم کی خرابی کی وجہ سے ان کا ہیلی کاپٹر یہاں نہیں آسکا۔ راجیہ سبھا کے رکن، الکریم یونیورسٹی کے چانسلر اور کٹیہار میڈیکل کالج کے چیرمین ڈاکٹر احمد اشفاق کریم نے سرفراز عالم کے حق میں عوام سے ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ارریہ کی ترقی کے لئے سرفراز عالم کو کامیاب کرانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کا خیمہ اکھڑ چکا ہے۔ اس لئے آپ لوگ کامیابی کا حصہ بنیں۔

انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں ان کے والد اور سیمانچل کے گاندھی مرحوم تسلیم الدین نے بہت کام کیا ہے اور انہی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سرفراز عالم آپ کی خدمت کرتے رہیں گے۔ کانگریسی لیڈر اور سماجی کارکن انجیئنر محمد اسلم علیگ نے سرفراز عالم کے کام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کم عرصے میں جو کام کیا ہے اور سڑکوں اور پلوں کی تعمیر پر جس قدر توجہ دی ہے آج تک اس قدر تیزی سے کسی نے کام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے والد کی طرح ہندو مسلم اتحاد کی علامت ہیں اور اس پر بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔ اسی کے ساتھ انہوں نے کہا کہ جو گبنی میں پٹ لائن بنانے کا منصوبہ بھی پیش کیا ہے جو عمل کے مرحلے میں ہے۔

کیریر گائیڈ اکیڈمی کے چیرمین پروفیسر عبدالرقیب نے بھی سرفراز عالم کو کامیاب کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم پر ذمہ داری ہے کہ ملک کو نئی سمت دیں اور ایسی طاقت کو ابھرنے نہ دیں جو ملک کے اتحاد، یگانگت اور یکجہتی کو خاک میں ملانے کے درپے ہیں۔اس کے علاوہ سابق اراکین پارلیمنٹ سکھدیو پاسوان، رام جی رشی دیو، اراکین اسمبلی اور دیگر لیڈران اور عہدیداران نے خطاب کیا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined