قومی خبریں

سہارنپور مسجد انہدام معاملہ: ملبہ میں اینٹوں پر نظر آئے پُراسرار نمبرات، الجھن کے درمیان کنویں پر کی گئی بیریکیڈنگ

اینٹوں پر نمبر لکھے جانے کی بات پھیلتے ہی ان مقامات پر لوگ پہنچنے لگے ہیں جہاں منہدم مسجد کا ملبہ ڈالا گیا ہے۔ لوگ اینٹوں کو اٹھا کر دیکھ رہے ہیں اس پر لکھے حروف کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>مسجد، سہارنپور، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

مسجد، سہارنپور، تصویر آئی اے این ایس

 

سہارنپور کلکٹریٹ احاطہ میں موجود مسجد کو منہدم کیے جانے کے بعد اس کا ملبہ مختلف مقامات پر ڈلوایا گیا ہے۔ خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ ملبہ میں کئی ایسی اینٹیں ملی ہیں، جن پر کچھ نمبرات درج ہیں۔ یہ نمبرات اب معمہ بن چکے ہیں۔ پہلی نظر میں ان نمبروں کو دیکھنے سے ایسا لگتا ہے کہ وہ کسی سنہ یعنی سال کی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔ حالانکہ یہ بات پورے یقین کے ساتھ نہیں کی جا سکتی۔ کئی لوگ انہیں اینٹوں کی تیاری کے سال سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 5 ستمبر کو مسجد منہدم کیے جانے بعد دیر شام تک ملبہ کو کلکٹریٹ احاطے کی جگہ سے ہٹا دیا گیا۔ ہٹائے گئے ملبے میں کئی اینٹوں پر 1909، 1911 اور 43 سمیت جیسے نمبر لکھے ہوئے ہیں۔ اینٹوں پر درج ان نمبروں نے معاملے کو پوری طرح الجھا دیا ہے۔ مسجد انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ کلکٹریٹ احاطہ میں واقع مسجد آزادی سے پہلے کی ہے۔ اگر  اینٹوں پر درج نمبرات کو سنہ تصور کیا جائے تو مسجد انتظامیہ کمیٹی کا دعویٰ سچ ثابت ہوتا ہے۔

اینٹوں پر نمبر لکھے جانے کی بات پھیلتے ہی ان مقامات پر لوگ پہنچنے لگے ہیں جہاں منہدم مسجد کا ملبہ ڈالا گیا ہے۔ لوگ اینٹوں کو اٹھا کر دیکھ رہے ہیں اس پر لکھے حروف کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر کچھ ویڈیوز سامنے آئی ہیں، جن میں لوگ ملبہ سے اینٹیں اٹھا کر لے جاتے ہوئے بھی دکھائی دیے۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے متعلقہ مقامات پر پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ ملبہ دیکھنے کے لیے آنے والے لوگوں کو پولیس کی جانب سے روکا بھی جا رہا ہے۔ کچھ مقامات پر ملبہ کو ترپال سے چھپا دیا گیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔