آبنائے ہرمز میں پناما کے جھنڈے والے تیل ٹینکر پر حملہ، انجن روم میں لگی آگ، 27 ہندوستانی تھے سوار
برطانیہ کی میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی ’یو کے ایم ٹی او‘ کے مطابق پناما کے جھنڈے والے تیل ٹینکر پر حملہ عمان کے شہر خصب سے 46 کلومیٹر شمال مشرق میں ہوا۔

آبنائے ہرمز میں جمعہ (30 اکتوبر) کو 27 ہندوستانیوں کو لے جا رہے ایک تیل ٹینکر پر حملہ ہوا تھا۔ پناما کے پرچم والے اس جہاز کا نام ’ایم ٹی لوئیز 1‘ ہے۔ خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق ایک چھوٹی کشتی کے ذریعہ جہاز کے نچلے حصے پر 2 لِمپیٹ بارودی سرنگیں (مائنز) لگائی گئیں۔ یہ ایسی سمندری بارودی سرنگیں ہوتی ہیں، جنہیں جہاز کے بیرونی حصے سے چپکایا جاتا ہے۔ ان میں دھماکے کے باعث جہاز کے انجن روم میں آگ لگ گئی تھی، جس کے بعد کچھ وقت کے لیے جہاز کا آپریشن معطل ہو گیا تھا۔
حالانکہ جہاز پر موجود عملے نے آگ پر قابو پا لیا۔ اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور سمندر میں تیل بھی نہیں پھیلا۔ اس کے بعد ٹینکر نے دوبارہ اپنا سفر شروع کر دیا۔ برطانیہ کی میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی یو کے ایم ٹی او کے مطابق یہ حملہ عمان کے شہر خصب سے 46 کلومیٹر شمال مشرق میں ہوا۔ فروری میں جنگ شروع ہونے کے بعد آبنائے ہرمز میں لِمپیٹ بارودی سرنگوں سے حملے کا یہ پہلا کامیاب واقعہ ہے۔
’رائٹرز‘ کے مطابق اس علاقے میں لِمپیٹ بارودی سرنگوں کا استعمال پہلی بار 2017 میں کیا گیا تھا۔ اس کے بعد بھی کئی بار اس سمندری راستے سے گزرنے والے تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنانے کے لیے ان کا استعمال کیا گیا۔ یونان کی میری ٹائم سیکورٹی کمپنی میریسکس نے بتایا کہ یہ بارودی سرنگیں سستی ہیں اور آسانی سے دستیاب ہو جاتی ہیں۔ کمپنی کے مطابق، چھوٹی کشتی کے ذریعے گزرنے والے جہاز پر ایسی بارودی سرنگیں لگانا آسان، کم خرچ اور مؤثر طریقہ ہے۔ اس واقعے سے ایک روز قبل لائبیریا کے پرچم والے بڑے تیل ٹینکر ’ایم ٹی ارزانہ‘ پر بھی حملہ ہوا تھا۔ اس جہاز پر 2 ہندوستانی شہری سوار تھے۔
قابل ذکر ہے کہ فروری میں امریکہ اور ایران کے درمیان تنازعہ شروع ہونے کے بعد سے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ایران نے اس سمندری راستے سے گزرنے کے ضابطوں کی خلاف ورزی کے الزام میں کئی جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔ ان حملوں کے ذریعے وہ اس سمندری راستے پر اپنا کنٹرول ظاہر کرنا اور امریکہ پر دباؤ ڈالنا چاہتا ہے۔ مرکزی وزیر برائے بندرگاہ، جہاز رانی اور آبی گزرگاہ، سربانند سونووال نے کہا کہ تمام ہندوستانی ملاح محفوظ ہیں اور کسی کو چوٹ نہیں آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور جہاز چلانے والی کمپنیوں سے مسلسل رابطے میں ہے، تاکہ ہندوستانی عملے کی حفاظت اور دیکھ بھال یقینی بنائی جا سکے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
