’کانٹے‘ اور ’قابل‘ جیسی فلموں کے ہدایت کار سنجے گپتا کا انتقال، 57 سال کی عمر میں لی آخری سانس
فلم ساز اشوک پنڈت نے ’انسٹاگرام‘ پر لکھا کہ ’’ابھی ابھی ہمارے پیارے دوست اور بہترین ہدایت کار سنجے گپتا کے انتقال کی خبر ملی۔ گھر میں سر پر چوٹ لگنے کے باعث ان کا انتقال ہو گیا۔‘‘

ہندی فلم انڈسٹری سے ایک افسوسناک خبر سامنے آئی ہے۔ مشہور فلم ساز اور ہدایت کار سنجے گپتا کا 30 اکتوبر کی رات 57 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق وہ جمعہ کی رات اپنے گھر کے باتھ روم میں گر گئے تھے، جس سے ان کے سر پر شدید چوٹ لگی۔ بتایا جا رہا ہے کہ رات میں پیش آنے والے اس واقعے کے بارے میں کسی کو معلوم نہیں ہو سکا اور 31 اکتوبر کی صبح ان کے انتقال کی خبر سامنے آئی۔
فلم ساز اشوک پنڈت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’انسٹاگرام‘ پر سنجے گپتا کی تصویر شیئر کر کے ان کے انتقال کی تصدیق کی اور انہیں یاد کرتے ہوئے ایک جذباتی پوسٹ لکھی۔ انہوں نے لکھا کہ ’’یہ انتہائی حیران کن اور افسوسناک خبر ہے۔ ابھی ابھی ہمارے پیارے دوست اور بہترین ہدایت کار سنجے گپتا کے انتقال کی خبر ملی۔ گھر میں سر پر چوٹ لگنے کے باعث ان کا انتقال ہو گیا۔ ایک اور باصلاحیت شخصیت بہت جلد ہمیں چھوڑ کر چلی گئی۔ وہ ایک شاندار قصہ گو، زندہ دل انسان اور فلم سازی کے جنون میں محو رہنے والے شخص تھے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’ہماری انڈسٹری کے لیے یہ بہت بڑا نقصان ہے۔ میرے دوست، تمہاری کمی محسوس ہوگی۔ ان کے اہل خانہ اور قریبی لوگوں کے ساتھ میری ہمدردیاں ہیں۔ اوم شانتی۔ ان کی آخری رسومات سے متعلق معلومات جلد شیئر کی جائیں گی۔‘‘
اشوک پنڈت کی یہ پوسٹ سامنے آنے کے بعد فلم انڈسٹری میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ دوسری جانب، اس معاملے میں ورسوا پولیس نے اے ڈی آر (ایکسیڈنٹل ڈیتھ رپورٹ) درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں کسی طرح کی سازش یا غلط کام کا شبہ سامنے نہیں آیا ہے۔ واضح رہے کہ سنجے گپتا نے 1994 میں فلم ’آتش: فیل دی فائر‘ سے بطور ہدایت کار اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ اس فلم میں سنجے دت اور آدتیہ پنچولی نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ اس کے بعد انہوں نے ’رام شاستر‘، ’ہمیشہ‘، ’جنگ‘ اور ’خوف‘ جیسی فلموں کی ہدایت کاری کی۔
2002 میں ریلیز ہونے والی سنجے گپتا کی فلم ’کانٹے‘ ان کے کیریئر کی سب سے زیادہ مقبول فلموں میں سے ایک رہی۔ اس فلم میں امیتابھ بچن، سنجے دت اور سنیل شیٹی سمیت کئی اداکار نظر آئے تھے۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں سنجے دت کے ساتھ کئی فلموں میں کام کیا۔ دونوں کی جوڑی ’مسافر‘، ’زندہ‘ اور ’شوٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈوالا‘ جیسی فلموں کے لیے جانی جاتی ہے۔ انہوں نے ’کابل اور ’ممبئی ساگا‘ جیسی فلموں کی بھی ہدایت کاری کی۔ ہدایت کاری کے علاوہ سنجے گپتا نے پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر کے طور پر بھی کام کیا۔ انہوں نے ’دس کہانیاں‘، ’پلان‘، ’ووڈ اسٹاک ولا‘، ’ایسڈ فیکٹری‘ اور ’پنکھ‘ جیسی فلمیں پروڈیوس کی تھیں۔ ان کے آخری کاموں میں ’دی مرانڈا برادرز‘ شامل ہے، جو 2025 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم میں ہرش وردھن رانے اور میزان جعفری نظر آئے تھے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
