قومی خبریں

راجستھان: را م گڑھ سیٹ پر صفیہ خان کی جیت، کانگریس کی سیٹوں کی سنچری مکمل

جیت کے بعد صفیہ خان نے کہا کہ اب وہ رام گڑھ میں بہتر سہولیات دلانے کی کوشش کریں گی، کیونکہ 5 سال کے اندر بی جے پی حکومت نے سب کچھ درہم برہم کر دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

الور: راجستھان کے ضلع الور کی را م گڑھ اسمبلی سیٹ پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں کانگریس کی امیدوار صفیہ خان نے اپنے نزدیکی حریف بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار سکھونت سنگھ کو شکست دے دی ہے۔ جیت حاصل کرنے کے بعد صفیہ خان نے کہا کہ یہ ان عوام کی جیت ہے جو بی جے پی کے دور میں بری طرح پریشان حال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیت حاصل کرنے کے بعد وہ رام گڑھ میں بہتر سہولیات دلانے کی کوشش کریں گی کیونکہ 5 سال کے اندر بی جے پی حکومت نے سب کچھ درہم برہم کر دیا ہے۔

صفیہ خان نے اپنے قریبی حریف بی جے کے سوکھونت سنگھ کو 12228 ووٹوں سے شکست دی۔ ریاست کی مجموعی 200 اسمبلی نشستوں میں سے 199 پر 7 دسمبر کو انتخابات ہوئے تھے لیکن الور کی رام گڑھ اسمبلی سیٹ پر انتخاب بی ایس پی کے امیدوار کی موت کے بعد ملتوی کر دیا گیا تھا۔

بعد ازاں بی ایس پی نے یہاں سے سابق وزیر خارجہ نٹور سنگھ کے بیٹے جگت سنگھ کو میدان میں اتارا تھا۔ رام گڑھ میں 2 لاکھ 35 ہزار 625 ووٹر ہیں۔ ان میں سے ایک لاکھ 10 ہزار 497 خاتون ووٹر اور ایک لاکھ 46 ہزار 613 مرد ووٹر ہیں۔

Published: undefined

رام گڑھ اسمبلی سیٹ پر جیت درج کرنے کے بعد صفیہ خان نے کہا ’’اس جیت کا کریڈٹ میں کانگریس کارکنان کو دینا چاہوں گی جنہوں نے سخت محنت کی ہے۔ ضلعی سطح پر ہو یا ریاستی سطح پر کانگریس کے کارکنان، رہنماؤں اور وزرا نے گھر گھر جا کر کانگریس کے پیغام کو عوام تک پہنچایا۔ ذات پات سے دور کانگریس پارٹی نے منظم طریقہ سے اس چناؤ کو لڑا اور کامیابی کو یقینی بنایا۔‘‘

Published: undefined

یہ پوچھے جانے پر کہ انہوں نے کانگریس کے کھاتے میں 100ویں سیٹ ڈالی ہے تو کیا انہیں وزیر بنایا جائے گا! صفیہ خان نے کہا، ’’اس حوالہ سے میں نے کچھ نہیں سوچا ہے۔ جس کو کام کرنا ہوتا ہے وہ بغیر عہدے کے بھی کام کر لیتا ہے،جتنا مجھے ملا ہے میں اس سے خوش ہوں اور بہتر کام کرنے کی کوشش کروں گی۔‘‘

صفیہ خان نے کہا، ’’بی جے پی کی جو پالیسی ہے پھوٹ ڈالو اور راج کرو اس سے عوام اب اوب چکے ہیں، کب تک ہم ہندو مسلم مدے پر لڑتے رہیں گے۔ آج نوجوانوں کو روزگار چاہیے، خواتین کو بہتر ماحول چاہیے، ان کی آمدنی ہونی چاہیے۔ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی نے لوگوں کے کاروبار تباہ کر دیئے۔ کسانوں پر کتنا قرض بڑھ گیا ہے، فصلوں کے واجب دام کسانوں کو نہیں مل پا رہے ہیں، عام آدمی بہت پریشان ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ’’بی جے پی کے کٹر حامی بھی اس وقت یہ کہہ رہے ہیں کہ بی جے پی نے بہت ہی خراب کام کیا ہے، تو آپ سمجھ سکتے ہیں کہ عوام کتنا پریشان ہوں گے۔‘‘

Published: undefined

صفیہ کی جیت کے بعد راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا، ’’عوام نے بہتر مینڈیٹ دیا ہے۔ ان کا لیا گیا فیصلہ بالکل صحیح ہے۔ میں عوام کو ان کی محبت کے لئے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ لوک سبھا چناؤ سے قبل یہ جیت پارٹی کی حوصلہ افزائی کرے گی۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined