دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو
نئی دہلی: دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی صفائی مہم محض نمائش ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی دہلی حکومت کے تحت یکم اگست 2025 سے شروع ہوئی صفائی مہم کی ناکامی کے سبب وزیراعلیٰ ریکھا گپتا اس مہم کو نیا نام دے کر آگے بڑھاتی جا رہی ہیں۔ نیا نام ’سیوا پکھواڑا‘ دیا گیا ہے، جس کے تحت صفائی مہم کو 2 اکتوبر تک بڑھا دیا گیا ہے۔ اگر بی جے پی کی صفائی مہم سنجیدگی سے چلائی جاتی تو 2 ماہ میں دہلی ایک نئی شکل اختیار کر لیتی، لیکن دہلی کی وزیر اعلیٰ اور وزراء صرف صاف ستھری جگہوں پر عملہ اور لاؤ لشکر کے ساتھ صفائی کر کے تصویر کھنچواتے ہیں اور کچرے کے ڈھیر پر کھڑی دہلی کی بدحالی کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
Published: undefined
دیویندر یادو نے کہا کہ مانسون کے بعد جگہ جگہ گندگی اور کچرے کے انبار لگے ہیں۔ مانسون کے بعد پانی سے پھیلنے والی بیماریاں، مثلاً ملیریا، ڈینگی، چکن گنیا اور موسمی بخار دہلی میں گندگی کے باعث بڑھ رہی ہیں اور بی جے پی کی ٹرپل انجن حکومت اس پر قابو پانے میں پوری طرح ناکام رہی ہے۔ اسپتالوں میں ملیریا اور ڈینگی کے کیسز بڑھ رہے ہیں اور وزیرِ صحت صفائی نظام کو بہتر بنانے کی جگہ صرف صاف مقام پر صفائی کی تصویریں کھنچوا رہے ہیں۔
Published: undefined
دہلی کانگریس صدر نے کہا کہ 16 ستمبر 2025 کو دہلی کے اشوک وہار میں سیور کی مینوئل صفائی کے دوران 40 سالہ اروند کی موت ہو گئی، جبکہ سپریم کورٹ نے 2013 میں ’مینوئل اسکیونجرز پروہیبیشن اینڈ ری ہیبیلیٹیشن ایکٹ‘ کے تحت ہاتھ سے میلا نکالنے کی روایت پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔ پچھلے 6 سالوں میں مینوئل سیور صفائی کے دوران 430 اموات ہو چکی ہیں۔ بی جے پی حکومت صفائی مہم کو ڈھونگ بنا رہی ہے اور ان اموات پر کوئی سنجیدگی نہیں دکھا رہی۔ سپریم کورٹ نے بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ قواعد کے خلاف مینوئل سیور صفائی کرانے میں غفلت کیوں ہو رہی ہے، اس کی ذمہ داری طے ہو اور دہلی حکومت مہلوکین کے اہلِ خانہ کو مکمل معاوضہ دے اور اسپتال میں زیرِ علاج صفائی ملازمین کو فوری مالی امداد ملنی چاہیے۔
Published: undefined
دیویندر یادو کے مطابق وزیر اعلیٰ کچرے سے آزادی دلانے کے لیے عوامی تحریک چلانے کی بات تو کر رہی ہیں لیکن دہلی میں روزانہ نکلنے والے 11 ہزار ٹن کچرے کے انتظام پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ بھلسوا، اوکھلا اور غازی پور کے لینڈفل دن بہ دن اونچے ہو رہے ہیں، لیکن وزیر اعلیٰ بس وہاں جا کر انہیں جڑ سے ختم کرنے کی تاریخوں کا اعلان کر دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں صفائی کے نظام کو درست کرنے کے لیے بی جے پی کو دہلی میونسپل کارپوریشن میں صفائی ملازمین کی مستقل بھرتی پر توجہ دینی چاہیے کیونکہ جہاں 80 ہزار مستقل ملازمین کی ضرورت ہے وہاں صرف 30 ہزار مستقل اور 30 سے 45 ہزار عارضی و کنٹریکٹ ملازمین کے ساتھ دہلی کو صاف بنانے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
Published: undefined
دیویندر یادو اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہتے ہیں کہ پوری دہلی کچرے اور گندگی کی گرفت میں ہے۔ ’صفائی پکھواڑا‘ کے تحت بی جے پی دہلی میں صفائی کرنے کے بجائے اسے ایک ایونٹ مینجمنٹ بنا رہی ہے اور وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا افسران، سیکورٹی گارڈز اور صفائی ملازمین کے ساتھ تصویر کھنچوا رہی ہیں۔ کانگریس کے سوال اٹھانے کے بعد ہی ریکھا گپتا نے اپنے اسمبلی حلقہ شالیمار باغ کی گندگی کی طرف توجہ دی۔ سڑکوں، غیر قانونی کالونیوں اور جھگی جھونپڑیوں میں صفائی کے نظام پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے جہاں گندگی کے ڈھیر لگے ہیں، لیکن بی جے پی کی صفائی مہم صرف صاف سڑکوں اور دفاتر کے ارد گرد محدود ہے۔
Published: undefined
دہلی کانگریس صدر کا کہنا ہے کہ خصوصی صفائی مہم چلانے کی بات کرنے کے بجائے وزیر اعلیٰ اور دہلی کے میئر اقبال سنگھ کو دہلی میں صفائی ملازمین کی مستقل بھرتی پر توجہ دینی چاہیے۔ انھوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ کیا 16,226 کروڑ روپے کے قرض تلے دبا دہلی میونسپل کارپوریشن دہلی کو صاف بنا سکتا ہے؟ وہ کہتے ہیں کہ کارپوریشن کوڑا مینجمنٹ کمپنیوں کو 90 کروڑ کے بجائے صرف 70 کروڑ دے کر مکمل کوڑا مینجمنٹ کا دعویٰ کر رہا ہے۔ یکم اگست سے شروع ہوا صفائی مہم کوئی نئی چیز نہیں ہے، اس سے پہلے یکم مئی سے 20 دن کی صفائی مہم بھی چلائی گئی تھی جس کا نتیجہ بارش کے پانی میں ڈوبتی دہلی کی صورت میں عوام نے دیکھا۔ پی ایم مودی کے یومِ پیدائش پر سیوا پکھواڑا کے تحت چلائی جانے والی یہ خصوصی صفائی مہم صرف عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے ہے، حقیقت میں زمین پر کوئی کام نہیں ہو رہا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined