
راہل گاندھی / ویڈیو گریب
دہلی کے رام لیلا میدان میں ’ووٹ چور گدی چھوڑ‘ میگا ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس رہنما راہل گاندھی نے مودی حکومت پر شدید حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی سچ کو سب سے بڑی طاقت مانتے تھے، اسی لیے ’ستیہ میو جیتے‘ کہا گیا۔ راہل گاندھی نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ کہتے ہیں دنیا سچ کو نہیں بلکہ طاقت کو مانتی ہے، جبکہ ہماری نظریاتی بنیاد یہ ہے کہ سچ ہی سب سے اہم ہے۔ ان کے مطابق موہن بھاگوت کا نظریہ سچ نہیں بلکہ اقتدار کو ترجیح دیتا ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس سچ کے ساتھ کھڑی ہو کر نریندر مودی اور آر ایس ایس کی حکومت کو اقتدار سے ہٹائے گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت ووٹ چوری کے سہارے اقتدار میں ہے اور انتخابات کے دوران ووٹ خریدنے کے لیے پیسے بانٹے جاتے ہیں۔
انہوں نے الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ بی جے پی کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ راہل گاندھی کے مطابق مودی حکومت نے الیکشن کمشنر سے متعلق قانون میں تبدیلی کی ہے، جس کے بعد کمشنر کے خلاف کارروائی ممکن نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اقتدار میں آ کر اس قانون کو بدلے گی اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے گی۔
راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ ملک کے مختلف حصوں میں بی جے پی نے ووٹ چوری کی اور کانگریس نے اس کے ثبوت بھی پیش کیے ہیں کہ کس طرح لاکھوں ووٹوں میں ہیر پھیر کی گئی۔ ان کے مطابق ووٹ چوری بابا صاحب امبیڈکر کے آئین پر سیدھا حملہ ہے اور اگر یہ ووٹ چوری نہ ہو تو عوام پانچ منٹ میں اس حکومت کو ہٹا دیں۔
اپوزیشن رہنما نے کہا کہ ملک میں دو نظریات کے درمیان جدوجہد جاری ہے—ایک وہ جو سچ کے بجائے اقتدار کو اہمیت دیتا ہے، اور دوسرا وہ جو سچ کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ڈی این اے میں جھوٹ اور ووٹ چوری شامل ہے، مگر آخرکار سچ کی ہی جیت ہوگی اور سچ کے راستے ہی بی جے پی کو اقتدار سے باہر کیا جائے گا۔
Published: 14 Dec 2025, 2:35 PM IST
کانگریس رہنما پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ جب آزادی کی جدوجہد اپنے ابتدائی مرحلے میں تھی اور پنڈت جواہر لال نہرو عوام سے ملاقات کے لیے جاتے تھے تو لوگ ’بھارت ماتا کی جئے‘ کے نعرے لگاتے تھے۔ اس موقع پر نہرو نے واضح کیا تھا کہ بھارت ماتا صرف زمین یا قدرتی وسائل کا نام نہیں، بلکہ اس سرزمین کا ہر بیٹا اور ہر بیٹی ہی ’بھارت ماتا‘ ہے۔
پرینکا گاندھی نے کہا کہ نہرو کے مطابق ہندوستان کے قدرتی وسائل، معدنیات، پہاڑ، کھیت اور ندیاں بھی بھارت ماتا ہیں لیکن اصل بھارت ماتا ہندوستان کے عوام ہیں۔ اسی سوچ اور نظریے کے تحت ہندوستان کا آئین تشکیل دیا گیا اور اسی جذبے کے ساتھ عوام کو ووٹ کا حق دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اسی بنیاد پر ملک کے جمہوری ادارے قائم کیے گئے، جن میں عدلیہ، میڈیا، پارلیمنٹ، سیاسی جماعتیں، حزبِ اختلاف، حزبِ اقتدار اور الیکشن کمیشن شامل ہیں۔ یہ تمام ادارے عوام کے مفاد اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے وجود میں آئے۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ آج جب انہی اداروں کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے تو ہر ہندوستانی کو آواز اٹھانی چاہیے، کیونکہ ان اداروں کو کمزور کرنا دراصل ملک کے ہر بیٹے اور ہر بیٹی کے حقوق پر حملہ ہے۔ ان کے مطابق جمہوریت کو بچانے کے لیے عوام کا متحد ہونا ناگزیر ہے۔
Published: 14 Dec 2025, 2:35 PM IST
کانگریس رہنما گورو گوگوئی نے ریلی سے خطاب میں کہا کہ اگر اقتدار میں بیٹھے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ ہر جگہ ووٹ چوری کر سکتے ہیں تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ملک کے ہر بوتھ پر کانگریس کے کارکن ووٹ چوری کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ گوگوئی کے مطابق، لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کا ’400 پار‘ کا نعرہ ناکام ہونے کے بعد ہی ووٹ چوری کی کوششیں شروع کی گئیں، کیونکہ حکمراں جماعت کو عوامی ناراضگی کا اندازہ ہو چکا ہے۔
Published: 14 Dec 2025, 2:35 PM IST
دہلی کے رام لیلا میدان میں ’ووٹ چوری‘ کے خلاف کانگریس کی بڑی ریلی جاری ہے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر رہنما بھوپندر ہڈا نے کہا کہ راہل گاندھی کی قیادت میں ملک بھر میں ایک منظم مہم چلائی جائے گی تاکہ شفاف اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تحریک پورے ہندوستان میں ووٹ چوری کے خلاف عوامی بیداری کا ذریعہ بنے گی۔
Published: 14 Dec 2025, 2:35 PM IST
قومی راجدھانی دہلی میں سیاسی درجۂ حرارت ایک بار پھر تیز ہو گیا ہے۔ ایس آئی آر (خصوصی گہری نظرثانی) کے معاملے پر کانگریس نے مرکزی حکومت کے خلاف محاذ کھولتے ہوئے آج ’ووٹ چور گدی چھوڑ‘ کے عنوان سے ایک بڑی عوامی ریلی کا انعقاد کیا ہے۔
یہ ریلی دہلی کے رام لیلا میدان میں جاری ہے، جہاں ملک بھر سے آئے کانگریس کے رہنما اور کارکن بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ پارٹی کا الزام ہے کہ ایس آئی آر کے ذریعے ووٹر لسٹ میں چھیڑ چھاڑ کر کے ’ووٹ چوری‘ کی تیاری کی جا رہی ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور سابق صدر راہل گاندھی کے کچھ دیر میں ریلی سے خطاب کرنے کی توقع ہے، جس پر سب کی نظریں مرکوز ہیں۔
پارٹی کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال کے مطابق، ’’یہ ریلی جمہوریت کے تحفظ کی لڑائی ہے، جس میں لاکھوں لوگ شامل ہو رہے ہیں۔‘‘
Published: 14 Dec 2025, 2:35 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 14 Dec 2025, 2:35 PM IST